کثرت سے درود شریف پڑھنا

idara letterhead universal2c

کثرت سے درود شریف پڑھنا
رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم سے عقیدت ومحبت کا عظیم مظہر

ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی

قرآن کریم میں ارشاد ربانی ہے: الله تعالیٰ نبی پر حمتیں نازل فرماتا ہے اور فرشتے نبی کے لیے دعائے رحمت کرتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی نبی صلی الله علیہ وسلم پر درود وسلام بھیجا کرو۔ (سورة الاحزاب:56) اس آیت میں نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے اس مقام کا بیان ہے جو آسمانوں میں آپ صلی الله علیہ وسلم کو حاصل ہے اور وہ یہ ہے کہ الله تعالیٰ فرشتوں میں آپ صلی الله علیہ وسلم کا ذکر فرماتا ہے اور آپ صلی الله علیہ وسلم پر رحمتیں بھیجتا ہے۔ فرشتے بھی آپ صلی الله علیہ وسلم کی بلندی درجات کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ الله تعالیٰ نے زمین والوں کو حکم دیا کہ وہ بھی آپ صلی الله علیہ وسلم پر درود وسلام بھیجا کریں۔ حدیث میں آتا ہے کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو صحابہٴ کرام نے عرض کیا یا رسول الله ! سلام کا طریقہ تو ہم جانتے ہیں ( یعنی نماز میں السلام علیک ایھا النبی … پڑھنا) ہم درود کس طرح پڑھیں؟ اس پر آپ صلی الله علیہ وسلم نے درود ابراہیمی بیان فرمایا، جو نماز میں التحیات پڑھنے کے بعد پڑھا جاتا ہے۔ (صحیح بخاری)

الله تعالیٰ کا نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم پر درود بھیجنے کا مطلب آپ صلی الله علیہ وسلم پر رحمتیں نازل کرنا اور فرشتوں میں ان کا ذکر فرمانا۔ فرشتوں یا مسلمانوں کا آپ صلی الله علیہ وسلم پر درود بھیجنے کا مطلب آپ صلی الله علیہ و سلم پر رحمت نازل کرنے اور بلندی درجات کے لیے الله تعالیٰ سے دعا کرنا ہے۔

حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی زبانی درود شریف پڑھنے کے فضائل

جس نے مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجا، الله تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمتیں نازل فرمائے گا۔ ( صحیح مسلم) نیز آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجا، الله تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمتیں نازل فرمائے گا، اس کے دس گناہ معاف فرمائے گا او راس کے دس درجے بلند فرمائے گا۔ (سنن نسائی) درود شریف پڑھنے والے کے خلوص وتقویٰ کی وجہ سے درود شریف پڑھنے کا ثواب احادیث میں مختلف ذکر کیا گیا ہے۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص مجھ پر بکثرت درود بھیجتا ہے، قیامت کے روز وہ سب سے زیادہ میرے قریب ہو گا۔ (ترمذی)

کثرت سے درود بھیجنا (صغائر) گناہوں کی معافی کا سبب بنے گا۔ (ترمذی) آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جب تک مجھ پر درود نہ بھیجا جائے، دعا قبولیت سے روک دی جاتی ہے۔ (طبرانی) آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: رسوا ہو وہ شخص جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ درود نہ پڑھے۔ (ترمذی) رسول الله صلی الله علیہ وسلم کا اسم مبارک سن کر درود نہ پڑھنے والے کے لیے حضرت جبرائیل علیہ السلام نے بد دعا فرمائی۔ ہلاکت ہو، اس شخص کے لیے جس کے سامنے آپ صلی الله علیہ وسلم کا نام لیا جائے اور وہ درود نہ بھیجے ۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اس پر آمین کہا۔ (حاکم) آپ صلی الله علیہ وسلم کا فرمان ہے: جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ درود نہ پڑھے، و ہ بخیل ہے۔ (ترمذی)

درود شریف کے الفاظ

درود شریف کے مختلف الفاظ احادیث میں وارد ہوئے ہیں، البتہ مذکورہ الفاظ ( درود ابراہیمی) سب سے افضل ہیں :

”اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰٓی اِبْرٰھِیْمَ وَعَلٰٓی اٰلِ اِبْرٰھِیْمَ اِ نَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْد․“

اے الله! محمد صلی الله علیہ وسلم اور آل محمد صلی الله علیہ وسلم پر اسی طرح رحمتیں نازل فرما جس طرح تونے براہیم اور آل ابراہیم علیہ السلام پر رحمتیں نازل فرمائیں۔

درودشریف پڑھنے کے بعض اہم مواقع

نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کا اسم مبارک سنتے، پڑھتے یا لکھتے وقت درود شریف پڑھنا چاہیے، جیسا کہ احادیث میں بیان کیا گیا ہے۔ صرف (صلی الله علیہ وسلم) بھی کہا جا سکتا ہے۔ آخری تشہد میں التحیات پڑھنے کے بعد، رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب کوئی نماز پڑھے تو الله تعالیٰ کی حمد وثنا سے آغاز کرے۔ پھر تشہد میں الله تعالیٰ کے نبی پردرود بھیجے اور اس کے بعد دعا مانگے۔ (ترمذی) نماز کے آخری تشہد میں، التحیات پڑھنے کے بعد درود شریف پڑھنا واجب ہے یا سنت مؤکدہ؟ اس سلسلے میں علماء کی آرا ء مختلف ہیں۔ البتہ ہمیں ہر نماز کے آخری تشہد میں خواہ نماز فرض ہو یا نفل، درود شریف پڑھنے کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔ اذان سننے کے بعد دعا مانگنے سے پہلے، رسول الله صلی الله علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: جب مؤذن کی اذان سنو تو وہی کلمات دہراؤ جو مؤذن کہتا ہے۔ پھر مجھ پر درود پڑھو، کیوں کہ مجھ پر درود پڑھنے والے پر الله تعالیٰ دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔ پھر اذان کے بعد کی دعا ( اللھم رب ھذہ الدعوة التامة…) پڑھو۔ (صحیح مسلم)

جمعہ کے دن کثرت سے درود شریف پڑھیں

رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جمعہ کے روز مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، جو شخص جمعہ کے روز مجھ پر درود بھیجتا ہے، وہ میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ (حاکم وبیہقی)

کوئی بھی دعا مانگنے سے قبل الله تعالیٰ کی حمد وثنا کے بعد درود شریف پڑھیں

ایک شخص ( مسجد میں )آیا، نماز پڑھی اور نماز سے فراغت کے بعد دعا کرنے لگا۔ یا الله، مجھے معاف فرما، مجھ پر رحم فرما۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اے شخص! تونے دعا مانگنے میں جلدی کی۔ جب نماز پڑھو اور دعا کے لیے بیٹھو تو پہلے حمد وثنا پڑھو، پھر مجھ پر درود بھیجو، پھر اپنے لیے دعا کرو۔ (ترمذی)

بلند آواز سے سلام پڑھنے کا حکم

شریعت اسلامیہ میں حضو راکرم صلی الله علیہ وسلم پر درود وسلام پڑھنے کی خاص فضیلت وارد ہوئی ہے۔ درود وسلام پڑھنا ایک ذکر ہے، ذکر بلند آواز سے بھی چند شرائط کے ساتھ کیا جاسکتا ہے، لیکن قرآن وحدیث کی روشنی میں اصل ذکر وہ ہے جو آہستہ آواز میں کیا جائے۔ دنیا کے کونے کونے سے ہمیں حضور اکرم صلی الله علیہ و سلم پر زیادہ سے زیادہ درود پڑھنا چاہیے۔ آپ صلی الله علیہ وسلم کی قبر اطہر پر جاکر آپ صلی الله علیہ وسلم کو سلام پیش کرنا چاہیے، جس کی خاص فضیلتیں احادیث میں وارد ہوئی ہیں۔