شعبہ تعلیمات

شعبہ تعلیمات

جامعہ فاروقیہ کراچی چوں کہ ایک تعلیمی ادارہ ہے اس لیے جامعہ کی خدمات کا ایک بہت بڑا حصہ تعلیم وتربیت پر مشتمل ہے، اساتذہ وکارکنان جامعہ شب وروز جامعہ سے وابستہ طلبا کی خدمت میں مشغول رہتے ہیں۔ایک بہترین تعلیمی ادارے کے لیے بہترین نصاب تعلیم ایک لازمی امر ہے اس لیے جامعہ فاروقیہ کراچی روز اوّل سے اپنے نظام تعلیم، نصاب تعلیم کوبہتر سے بہتر کرنے کی محنت میں مصروف ہے۔

جامعہ میں ابتداء ً پانچ سال تک ابتدائیہ (پرائمری) کی تعلیم دی جاتی ہے جس کے بعد تین سالہ متوسطہ (مڈل) تک کی تعلیم دی جاتی ہے جس میں اردو، فارسی، ریاضی، انگریزی، سائنس وغیرہ پڑھائی جاتی ہے، اس کو درجہ متوسطہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے، اس کے بعد مشہور دینی تعلیمی نصاب درس نظامی کی تعلیم ہوتی ہے جس میں آٹھ سال تک  تفسیر، اصول تفسیر، حدیث، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، ادب، معانی، بیان، بلاغت، منطق وفلسفہ، صرف، نحو کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس طرح درس نظامی کا یہ آٹھ سالہ نصاب، پانچ سالہ ابتدائیہ اور تین سالہ متوسطہ کے ساتھ سولہ سالہ نصاب بن جاتا ہے جو ایم۔ اے کے مساوی ہے۔ اس نصاب سے فراغت کے بعد مختلف تخصصات کا دو دوسال کا سلسلہ ہوتا ہے مثلاً تخصّص فی الفقہ الاسلامی کی تعلیم  دو سال تک دی جاتی ہے جس میں فقہ کے مطابق فتوی دینے کی مشق کرائی جاتی ہے اور جدید مسائل پر بھی تحقیق ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف النوع تخصّصات میں طلباء کو خاص طور پر تحقیق و مراجعت کتب کا اہتمام کرایا جاتا ہے۔

جامعہ میں موجود تمام درجات میں ایک ایک استاذ بطور نگران درجہ مقرر کیا جاتا ہے جو طلباء کی عمومی کیفیت، تعلیمی واخلاقی کیفیت، حاضری، غیرحاضری، اسباق کی مقدار خواندگی اور اساتذہ کی ہر ہر درجہ میں اسباق کی پابندی جیسی چیزوں پر نگاہ رکھتے ہوئے تعلیمی معیار کو بہتر کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے۔

 شعبہ تعلیم میں درس و سبق میں پابندی کے ساتھ حاضری اور تکرار ومطالعہ کا خصوصی اہتمام کرایا جاتا ہے، مغرب وعشاء کے بعد دن کو پڑھے ہوئے اسباق کے مذاکرے اور مطالعہ کی نگرانی کے لیے اساتذہ مقرر کیے جاتے ہیں اور وہ پورے سال نگرانی کی ذمہ داری کو توجہ کے ساتھ نبھاتے ہیں، درس و تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اصلاح وتربیت کے لیے بھی مستقل ایک نظام ہے پندره دن میں ایک دفعه حضرت  مهتمم صاحب زید مجدھم سمیت دیگر بڑے اساتذه کا اجتماعی طور پر طلبہ کے سامنے بیان ہوتا ہے، جس میں طلبہ کو اصلاح وتربیت، اخلاق ومعاشرت، تزکیہ باطن اور اسلامی زندگی کے آداب و اصولوں سے روشناس کرایا جاتا ہے۔

جامعہ فاروقیہ کے شعبہ تعلیم میں ایک اہم بلکہ دینی مدارس کے حوالہ سے ایک قابل ذکر کام یہ کیا گیا ہے کہ تمام اسباق عربی زبان میں پڑھانے کے لیے ایک مستقل شعبہ معہد اللغۃ العربیہ والدراسات العلیا کے نام سے قائم کیا گیا، اس شعبہ میں درجہ اولیٰ سے دوره حدیث تک  كے درجے شامل ہیں، نصاب کی کتابیں تقریباً وہی ہیں جو درس نظامی میں ہیں البتہ اس میں تعلیم مکمل عربی میں ہے۔ اب یه سلسله جامعه كی شاخ مقرثانی( جامعه فاروقیه كراچی فیزII) میں بدستور جار ی  هے-

 الحمدللہ اس شعبہ سے عربی زبان میں اپنے مافی الضمیر کے اظہار کے سلسلہ میں جو کمی دینی مدارس کے طلبہ میں پائی جاتی ہے وہ کافی حد تک دور ہوئی اور طلبہ روانی کے ساتھ عربی زبان میں اظہار مافی الضمیر کرنے لگے ہیں، ”معہد اللغہ“ کے زیر انتظام ایک عربی انجمن بھی ”النادی العربی“ کے نام سے قائم ہے، یہ عربی زبان میں خطابت و تقریر کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم اور طلبہ میں عربی زبان بولنے اور اس میں تقریر کرنے کا ولولہ اور جذبہ پیدا کرنے کا ایک زبردست ذریعہ ہے۔