تعصب ایک ناسور اور جاہلیت کا عمل ہے

idara letterhead universal2c

تعصب ایک ناسور اور جاہلیت کا عمل ہے

مفتی ندیم احمد انصاری

بے جاحمایت،رعایت، پشت پناہی اور طرف داری کو تعصب کہتے ہیں، یہ ظلم، زیادتی، ناانصافی اور خیانت جیسے گناہوں کا مجموعہ ہے۔ معاشرے کے لیے یہ ایک مہلک مرض ہے۔ لیکن یہ مرض جتناخطرناک ہے، اتنا ہی عام بھی ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ اس کا مریض خود کو مریض نہیں سمجھتا، بلکہ اس کی خوب تاویلیں کرتا ہے۔ دنیادار کیا، نام نہاد دین داربھی اس کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سیاسی نہیں، دینی اور تعلیمی حلقے تک اس سے متاثر ہیں۔ہر جگہ تعصب نے اپنے پنجے گاڑ رکھے اور جڑیں مضبوط کر رکھی ہیں۔ نسبتوں کے نام پر تعصب اور عصبیت کو خوب رواج دیا جا رہا ہے۔ نااہلوں کو امانتیں سپرد کی جا رہی ہیں اور اہل اور صلاحیت مندوں کی صلاحیتیں نہ صرف دبائی، بلکہ کچلی جا رہی ہیں۔ بھائی، بیٹے،بھتیجے ہی نہیں، داماد، بھانجے اور نواسے بھی اپنی نسبتوں کو کیش کروانے میں لگے ہوئے ہیں۔حقیقی اورقریبی رشتے داری سے کام نہ چلے تو دور کی رشتے داریوں سے کام نکالا جا رہا ہے۔ حضرت مفتی سعید احمد پالن پورینے بہ جا فرمایا کہ اخلاف کو اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے اور اولاد کو آبا کا نمونہ بننا چاہیے، اسی سے نسبت میں چار چاند لگتے ہیں، ورنہ نسبت دنیا و آخرت میں سر بلند نہیں کر سکتی۔ (تحفة الالمعی)اب تو نسبی و خاندانی تعصب کے علاوہ لسانی و علاقائی تعصب کا بازار بھی خوب گرم ہے۔

تعصب برتنے والا مومن نہیں

حضرت جبیر بن مطعمسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:جس نے عصبیت کی دعوت دی، وہ ہم میں سے نہیں، جس نے عصبیت پر لڑائی کی، وہ ہم میں سے نہیں، جس کی موت عصبیت پر ہوئی، وہ ہم میں سے نہیں۔ (ابوداؤد، کتاب الادب، باب فی العصبیة)

ارشادِخداوندی

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:اے لوگو! حقیقت یہ ہے کہ ہم نے تم سب کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا ہے اور تمھیں مختلف قوموں اور خاندانوں میں اس لیے تقسیم کیا ہے تاکہ تم ایک دوسرے کی پہچان کرسکو،درحقیقت اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہو، یقین رکھو کہ اللہ سب کچھ جاننے والا، ہر چیز سے باخبر ہے۔(الحجرات)

نیکی و تقویٰ اصل معیار

جو لوگ اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہیں ان کے لیے محبت اور دشمنی کا مدار نیکی و تقویٰ اور صلاحیت اور صالحیت اصل معیار ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: جو لوگ اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں ان کو تم ایسا نہیں پاو گے کہ وہ ان سے دوستی رکھتے ہوں جنھوں نے اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کی ہے، چاہے وہ ان کے باپ ہوں یا ان کے بیٹے یا ان کے بھائی یا ان کے خاندان والے،یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان نقش کردیا ہے، اور اپنی روح سے ان کی مدد کی ہے اور انھیں وہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہوگیا ہے اور وہ اللہ سے راضی ہوگئے ہیں، یہ اللہ کا گروہ ہے، یاد رکھو کہ اللہ کا گروہ ہی فلاح پانے والا ہے۔ (المجادلة)

لوگوں کی دو قسمیں

اس کے باوجود تعصب سے کام لینا جاہلیت کا عمل ہے۔ حضرت ابوہریرہسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:اللہ تعالیٰ نے تم سے زمانہ جاہلیت کا تکبر اور باپ دادا پر فخر کرنا دور کردیا ہے، اب دو قسم کے لوگ ہیں: متقی اور مومن اوربدکار اور بدبخت۔ پھر تمام لوگ آدم کی اولاد ہیں اور آدم مٹی سے پیدا کیے گئے تھے۔(ترمذی، کتاب المناقب، باب: فی فضل الشام و الیمن)

گوبر کے کیڑے سے زیادہ ذلیل

حضرت ابوہریرہسے روایت ہے، حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: لوگ اپنے ان آباو اجداد پر فخر کرنے سے باز رہیں (جو زمانہ جاہلیت میں مرگئے) وہ جہنم کا کوئلہ ہیں اور جو ایسا کرے گا وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک گوبر کے کیڑے سے بھی زیادہ ذلیل ہوجائے گا، جو اپنے ناک سے گوبر کی گولیاں بناتا ہے، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے تم سے جاہلیت کے تکبر اور آباواجداد کے فخر کو دور کردیا ہے، اب تو لوگ مومن متقی ہیں یا فاجر بدبخت، اور نسب کی حقیقت یہ ہے کہ سب لوگ آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور آدم کو مٹی سے پیدا کیا گیا ہے۔(ترمذی، کتاب المناقب، باب فی فضل الشام والیمن)

تعصب کی خاطر مرنے والا

حضرت ابوہریرہروایت کرتے ہیں، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:جو اندھا دھند جھنڈے تلے ہو کر لڑے اور عصبیت کی طرف بلاتا ہو یا عصبیت کی وجہ سے غصّے میں آتا ہو، اس کا مارا جانا جاہلیت (کی موت) ہے۔(ابن ماجہ، کتاب الفتن، باب العصبیة)مسند احمد بن حنبل میں ہے: جو شخص امیر کی اطاعت سے نکل گیا اور جماعت کو چھوڑ گیا اور اسی حال میں مرگیا، اس کی موت جاہلیت کی موت ہوئی اور جو شخص کسی جھنڈے کے نیچے بے مقصد لڑتا ہے، تعصب کی بنا پر غصّے کا اظہار کرتا ہے، اسی کی خاطر لڑتا ہے اور اسی کے پیشِ نظر مدد کرتا ہے اور مارا جاتا ہے، اس کا مرنا بھی جاہلیت کے مرنے کی طرح ہوا۔(مسند احمد ابن حنبل)

بہترین اور بدترین لوگ

حضرت اسماسے مروی ہے، حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:کیا میں تمہیں سب سے بہترین آدمیوں کے متعلق نہ بتاوں ؟ لوگوں نے عرض کیا:کیوں نہیں، ضرور بتائیں اے اللہ کے رسول!حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:وہ لوگ کہ جنھیں دیکھ کر اللہ یاد آجائے۔ پھر فرمایا:کیا میں تمہیں تمہارے سب سے بدترین آدمیوں کے متعلق نہ بتاوں؟ بدترین وہ لوگ ہیں جو چغل خوری کرتے ہیں، دوستوں میں پھوٹ ڈالتے ہیں، باغی، آدم بے زار اور متعصب لوگ۔(مسند احمد بن حنبل)

قوم کی محبت تعصب نہیں

جس قوم و برادری میں انسان پیدا ہوتا ہے، اس سے کسی درجے میں محبت ہوا ہی کرتی ہے، وہ معیوب نہیں۔ حضرت فسیلہ فرماتی ہیں، میں نے اپنے والد کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم سے دریافت کیا:اے اللہ کے رسول!کیا یہ بھی تعصب ہے کہ آدمی اپنی قوم سے محبت کرے ؟ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:نہیں ،یہ تعصب نہیں، بلکہ تعصب یہ ہے کہ آدمی (ناحق اور)ظلم میں بھی اپنی قوم کا ساتھ دے۔(ابن ماجہ، کتاب الفتن، باب العصبیة) حضرت سراقہ بن مالک بن جعشم مدلجیسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے ہمیں خطبہ دیا اور فرمایا:تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو اپنی برادری کا دفاع کرے، جب تک کہ گناہ نہ ہو۔(ابوداؤد، کتاب الادب، باب فی العصبیة)حضرت عبداللہ بن مسعودنے فرمایا:جس شخص نے اپنی قوم کی ناحق مدد کی، وہ اس اونٹ کی طرح ہے جو کنویں میں گرپڑا، اب وہ اپنی دُم سے کھینچ کر نکالا جائے گا۔(ابوداؤد، کتاب الادب، باب فی العصبیة)

مقالات و مضامین سے متعلق