پاکستان کی معیشت اس وقت جس دگرگوں صورت حال سے دور چار ہے وہ کسی سے مخفی نہیں، پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، بجلی کے بلوں میں ٹیکسز او ربجلی کی مہنگائی کی وجہ سے اضافوں نے عوام کاجینا دوبھر کر دیا ہے، ڈالر کی اُڑان اور روپے کی بے قدری اورگراوٹ نمایاں ہے اور دن بدن ان میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکی ہے اورمزید پستی جارہی ہے، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
ہر چیز کی قیمتیں پہلے کی بنسبت سہ گنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں، لیکن اپنی خرمستیوں میں مدہوش ہماری اشرافیہ کے پاس اس کا کوئی علاج اور حل نہیں ہے، اگر ہے تو وہ انسانیت کے استحصال کے لیے یہودی دماغ سے تیار کردہ آئی ایم ایف کا ادارہ ہے، جو عوام پر مزید بوجھ ڈالنے، ان کی حالت کو بد سے بد تر بنانے او رملک میں انتشاروانار کی پھیلانے والی شرائط لاگو کرکے سود پر مبنی ایسا قرضہ دیتا ہے جس سے سدھار کے بجائے مزید بگاڑ پیدا ہوتا ہے، اس سے اشرافیہ کا پیٹ تو بھرجاتا ہے لیکن بے چاری عوام کی صورت حال دن بدن مزید پیچیدگی اوربگاڑ کی طرف جارہی ہے ۔
روزہ مرہ کی ضروریات زندگی آٹا، چینی ، پکوان تیل اور دالیں وغیرہ بھی عوام کی دسترس سے نکلتی جارہی ہیں اورطرفہ تماشہ یہ ہے کہ مہنگائی کا یہ سیلاب تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والا ہر نیا معاہدہ عوام الناس کے لیے نیا عذاب اور درد سر لے کر آتا ہے، ملک میں موجود بد انتظامی، لوٹ کھسوٹ، خیانت وبے ایمانی او رکرپشن نے ملک کو اس صورت حال سے دو چار کیا ہے اور ملک کا کوئی شعبہ اور ادارہ اس سے خالی نہیں ہے، بلکہ جو ادارہ جتنا بڑا ہے اور جتنا زیادہ اثر ورسوخ کا حامل ہے، اس میں اتنی زیادہ بددیانتی اور کرپشن ہورہی ہے۔ نیریہ بدترین صورت حال کفار کی طویل پلاننگ اور منصوبہ بندی کے تحت ہوئی ہے۔
الله تعالیٰ ہی ہمارے ملک وقوم کی حالت پر رحم فرمائے، آزمائش کی اس گھڑی سے خیر وعافیت سے نکالے، یہاں کے حکم رانوں کو صحیح سمجھ بوجھ عطا فرمائے، ہمیں نیک، صالح حکمران ،ملک وقوم کے خیر خواہ اور معاملہ فہم حکم ران عطا فرمائے، اپنے فضل وکرم سے ہماری دست گیری اورمدد و نصرت فرمائے اور ایسے اعمال کی توفیق عطا فرمائے جو نصرت خداوندی کا باعث ہوں۔
وما توفیقي الا بالله علیہ توکلت والیہ انیب․