وفاق المدارس اتحاد واتفاق کی علامت

وفاق المدارس اتحاد واتفاق کی علامت

عبید اللہ خالد

مدارس دینیہ دینی علوم ومعارف کے سر چشمے ہیں اور اس وقت دنیا میں خیر کا بڑا کام اور دینی علوم کی نشر واشاعت کا ایک بڑا حصہ ان کے ذریعے انجام پا رہا ہے۔ کفار اورمشرکین کی پوری کوشش رہی ہے کہ دین کے ان سرچشموں کو ختم یا کم از کم کم زور کر دیا جائے، پاکستان کے اکابر علمائے کرام نے مدارس کی حفاظت او ران کے نظام تعلیم کو مربوط ومنظم کرنے کے لیے وفاق المدارس کی بنیاد ڈالی تاکہ اس کے ذریعے اجتماعی طور پر مدارس کے تحفظ کا فریضہ انجام دیا جاسکے۔

ہمارے بزرگوں کی برکات، مساعیٴ جمیلہ، کوششوں اور کاوشوں سے یہ ایک کام یاب پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس نے مدارس کے تحفظ، نظام تعلیم کی مضبوطی، تعمیروترقی اورمدارس کی تعداد کے اضافے میں قابل قدر اور لائق ستائش کردارادا کیا۔ خصوصاً ہمارے والد ماجد شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب نوّرالله مرقدہ کا دور اس حوالے سے وفاق المدارس کا بہت زریں اور عمدہ دور ہے، جس میں وفاق المدارس نے بہت زیادہ ترقی کی اور یہ مقولہ معروف ہوا کہ حضرت نے وفاق کو آفاق تک پہنچایا، اس کا نظام تعلیم بھی بہت زیادہ مربوط ومنظم ہوا اور مدارس کے خلاف اٹھنے والی تندوتیز ہواؤں اور لہروں کا وفاق نے پوری جرأت وبہادری، ہمت واستقامت اور حکمت وبصیرت سے مقابلہ کیا اور اس میں وہ کام یاب ثابت ہوا۔
خصوصاً جنرل پروزمشرف کا دور کہ جس میں ملک کے دینی حلقوں کو دیوار سے لگانے کی پوری پوری کوشش کی جاتی رہی،مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے اسلامی شعائر اور اسلام کا نام لینے والوں کے خلاف طرح طرح کی تدبیریں کی جاتی رہیں اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے دینی مدارس کو محدود ومسدود کرنے کی سازشیں پورے عروج پر رہیں لیکن الله تعالیٰ کی مدد ونصرت سے ہمارے بزرگوں نے بڑی حکمت وبصیرت اورجرأت وبہادری سے اس کا مقابلہ کیا ، جس کے نتیجے میں سازشیں کرنے والے ناکام ونامراد ہوئے او ران کی سازشیں اور تدبیریں تار عنکبوت ثابت ہوئیں۔

حالیہ دنوں میں و فاق المدارس کے اہم اجلاس ہوئے، جس میں و فاق کے حوالے سے بہت اہم فیصلے ہوئے اور الله تعالیٰ کا بہت بڑا فضل، کرم اور شکر ہے کہ یہ فیصلے اتفاق واتحاد اور پوری یک جہتی کے ساتھ ہوئے، ایک بڑی تعدا میں سے کسی فرد نے بھی ان فیصلوں سے اختلاف نہیں کیا ، اتحاد واتفاق کا یہ مظاہرہ جو وفاق المدارس کے پلیٹ فارم سے سامنے آیا اور آتا رہتا ہے بڑا خوش آئند امر ہے اور اہل حق کی اجتماعیت کا بہت بڑا مظہر ہے۔یہ ہمارے اکابر وبزرگوں کے اخلاص وللہیت اور تعلیم وتربیت کا ثمر ہے اور الله تعالیٰ کااہل حق پر خصوصی فضل وکرم ہے۔
الله تعالیٰ اس میں مزید ترقی عطا فرمائے ،وفاق المدارس کو نظر بد سے محفوظ فرمائے اوراسے دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین