مہنگائی کا طوفان اورعوام کی قابل رحم صورت حال

مہنگائی کا طوفان اورعوام کی قابل رحم صورت حال

عبید اللہ خالد

اس وقت ہمارے ملک کی دِگر گوں معاشی صورت حال کسی سے مخفی نہیں اور دن بدن اس میں اضافہ ہورہا ہے، اس کی وجوہات بھی کسی سے مخفی اورپوشیدہ نہیں، بلکہ اس کی بنیادی اور اہم وجہ ہمارے بُرے اعمال اور گناہ ہیں۔قرآن مجید میں الله تعالیٰ کاارشاد ہے کہ: ﴿وَمَا أَصَابَکُم مِّن مُّصِیبَةٍ فَبِمَا کَسَبَتْ أَیْدِیکُمْ وَیَعْفُو عَن کَثِیرٍ﴾ ” اور تمہیں جو کوئی مصیبت پہنچتی ہے، وہ تمہارے اپنے ہاتھوں سے کیے ہوئے کاموں کی وجہ سے پہنچتی ہے اور بہت سے کاموں سے تو وہ درگز رہی کرتا ہے۔“ لہٰذا اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اس وقت مہنگائی کی جس مصیبت اور عذاب میں گرفتار او رمبتلا ہے ہمیں الله تعالیٰ کے دربار میں توبہ واستغفار کرنا چاہیے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، وہ غفوراور رحیم ذات ہے، اگر اس کی طرف سے معافی کا پروانہ آجائے تو یہ مصیبت بہت جلد دور ہو جائے گی اور ہمارا ملک مصیبت کے اس گرداب سے نکل جائے گا۔

وطن عزیز کو آئی، ایم ،یف کے چنگل میں دینا یہ صرف ایک دن کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ سالوں کی پوری منصوبہ بندی کے تحت ہوا ہے اور اس میں خصوصاً ہمارے ملک کے اشرافیہ کا سیکولر طبقہ پوری طرح اور بظاہر دانستہ ملوث ہوا ہے، الله تعالیٰ ہم سب کی حالت پر رحم فرمائے، البتہ اس کا خمیازہ بے چاری عوام اور غریب طبقے کو بھگتنا پڑ رہا ہے، اس وقت ہمارے ملک کا غریب ومتوسط طبقہ انتہائی دگرگوں اور پریشان کن صورت حال سے دو چار ہے، عوام نان شبینہ کی فکر میں غلطاں ہیں، ہر طرف مہنگائی کا رونا رویا جارہا ہے، چاہے وہ ملازم ہو، دکان دار اور تاجر ہو یا ٹیکسی،رکشہ چلانے والا ڈرائیور ہو۔ آئی ایم ایف کی شرائط میں گیس، بجلی، پیٹرول کی مہنگائی پر منتج ہوتی ہیں او راس کا اثر غریب کی جیب اور احوال زندگی پر پڑتا ہے، غریب کی زندگی اور رہن سہن دن بدن بدتر ہوتا جارہا ہے، جب کہ اشرافیہ کا طبقہ اپنی خرمستیوں میں مست ہے، اس کو اسی طرح مراعات بھاری بھر کم تنخواہوں، سینکڑوں لٹیر پٹرول اورمیڈیکل وغیرہ کی صورت میں حاصل ہیں، بلکہ مہنگائی کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوجاتا ہے اور یہ سب کچھ بے چارے غریب کی جیب سے نکالا جاتا ہے، لہٰذا اس مصیبت اور مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام کی گردن پر لادنا اور اشرافیہ کی غلطیوں اور غلط پالیسیوں کی سزا عوام کو دینا کسی طرح قرین قیاس نہیں ہے اور یہ صرف انصاف کے تقاضوں کے ہی خلاف نہیں بلکہ ظلم در ظلم میں داخل ہے۔

الله تعالیٰ ہی ہمار ے ملک وقوم کی حالت پر رحم فرمائے، مہنگائی اور معاشی بد حالی کے طوفان سے نجات عطا فرمائے، ہمارے وطن اور قوم وملت کو خود کفیل بنائے ،یہود کے پنجوں سے آزاد فرمائے اور کفار کے مکروفریب اور سازشوں کو ناکام ونامراد فرمائے۔ آمین یا رب العلمین!