اسلام دنیا والوں پر الله تعالیٰ کا انعام واحسان ہے۔قرآن مجید میں الله تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ :﴿الْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِینَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِی وَرَضِیتُ لَکُمُ الْإِسْلَامَ دِینًا﴾
․ یعنی” آج کے دن میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کو کامل کر دیا اور میں نے تم پر نعمت کو پورا او رکامل کر دیا اور میں نے اسلام کو تمہارا دین بننے کے لیے پسند کر لیا۔“
لیکن جب سے الله تعالیٰ کے اس انعام واحسان کا ظہور ہوا ہے تو شیطان کے حواریوں نے اس سے دشمنی مول لے لی ہے اور ہر دور میں اسلام او راہل اسلام کو نقصان پہنچانے کے لیے سر توڑ کوششیں کی جاتی رہیں، ویسے تو یہود ونصاری او رمشرکین سب نے اس نور خدا کو بجھانے کی کوشش کی ہے، لیکن یہود اپنی بدطینتی،بد فطرتی او رمزاجی کجی کی وجہ سے پیش پیش رہے ہیں، جب تک ان کے پاس اقتدار اور حکومت نہیں تھی تو اسلام اورمسلمانوں کو سازشوں کے ذریعے طرح طرح کے نقصانات پہنچا تے رہے اور ان کے لیے طرح طرح کے مسائل کھڑے کرتے رہے ۔
اب جب کہ یہود ونصاری کے گٹھ جوڑ کے ذریعے اہل فسلطین سے ان کی زمین غصب کرکے یہودیوں نے وہاں اپنی حکومت قائم کی ہے تو ان کا ظلم وستم اور بربریت اپنی انتہاء کو پہنچی ہوئی ہے او رانہوں نے اہل فسلطین پر قیامت برپا کی ہوئی ہے۔ ان کے ظلم جور سے تنگ آکر اہل فلسطین کی نمائندہ جماعت حماس نے7 اکتوبر کو غاصب ریاست پر ایک حملہ کیا تو اسرائیل نے وہاں کی عام آبادی پر آتش وآہن کی اتنی بارش برسائی ہے کہ وہاں آبادی کو تہس نہس کر دیا ، عوام کی ایک بڑی تعداد کو بے گناہ شہید کیا ہے جن میں عورتوں اور بچوں کی خاصی تعداد شامل ہے۔
اس بدمست ہاتھی کو دنیا کی بعض بے رحم کفریہ طاقتوں کی سپورٹ حاصل ہے جب کہ مسلمان ممالک کی بے حسی اور بے حمیتی بھی اس ظلم میں معاون مددگار بنی ہوئی ہے، عورتوں او ربچوں پر ان درندہ صفت انسانوں نے جو ظلم وستم کے پہاڑ توڑے ہیں تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے اور کیوں نہ ہو کہ ان کا مزاج اور خمیر ہی ظلم وستم سے ڈھلا ہوا ہے، انہوں نے ایک ایک دن میں ستر ستر انبیاء کو قتل کیا ہے، یہ او راس طرح کے دیگر بھیانک جرائم کی وجہ سے الله تعالیٰ نے قرآن مجید میں ان کو ”مغضوب علیہم “ قوم قرار دیا ہے۔
الله تعالیٰ اس بد فطرت اور بدطینت قوم سے اہل اسلام او رمسلمانوں کی حفاظت فرمائے، اہل فلسطین کو عافیت وسلامتی کے ساتھ ان کے شکنجے سے آزاد فرمائے، اس ظالم وجابر قوم کو کیفر کردار تک پہنچائے، روئے زمین خصوصاً ارض مقدس کو ان کے وجود نامسعود سے پاک فرمائے، مجاہدین اسلام کی مساعی جمیلہ کو کام یاب فرمائے اور اپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!