منشیات کا بڑھتا ہوا تباہ کن مرض اور نوجوان نسل

idara letterhead universal2c

منشیات کا بڑھتا ہوا تباہ کن مرض اور نوجوان نسل

مولانا احمد عبید اللہ یاسر قاسمی

رب ذوالجلال نے نفس انسانی کو:﴿ لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِی أَحْسَنِ تَقْوِیمٍ﴾ کے عمدہ ترین سانچے میں ڈھال کر، جس مقصد عظیم کے لیے پیدا کیا ہے اس کی تکمیل و تتمیم کے لیے عقل و خرد، شعور و نظر، فکر و آگہی اور احساس و ذمہ داری کا درست اور معتدل رہنا بھی انتہائی اہم اور ضروری ہے، عقل و دماغ کے کمال ہی سے دنیا آج سائنس وٹیکنالوجی کی وہ معراج طے کر رہی ہے کہ جہاں تک پہنچنے کا ماضی میں شاید کسی نے خواب تک نہ دیکھا ہوگا؛لیکن اس کے برخلاف شعور و نظر سے محرومی اور فکر و آگہی سے غفلت انسان کو ثریا سے تحت الثری تک اور عزت وعظمت سے ذلت وخواری کے بھیانک انجام تک پہنچادیتی ہے؛بلکہ اخلاق وشرافت کا جنازہ نکال کر انسانیت کو ہلاک کردیتی ہے؛یہی وجہ ہے کہ اسلام کی پاکیزہ شریعت نے عقل و خرد کو مدہوش کرنے والی، نظر و فکر کو سلب کر دینے والی تمام تر چیزوں کو حرام قرار دیا ہے، خواہ وہ شراب ہو یا چرس، ڈرگس ہو یا گانجا ،افیون ہو یا ہیروئن، تمام نشہ آور چیزوں کو اسلام نے نہ صرف حرام کہا، بلکہ شرابی و مدہوش پر کوڑوں کی سخت سزا بھی عائد کی ہے-

قوم کی ریڈھ کی ہڈی مانی جانے والی نوجوان نسل اگر ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے تو ملک کی تقدیر سنور سکتی ہے، لیکن اگر اخلاق سوز، حیا باختہ عادات واطوار میں مبتلا ہوجائے تو وہی قوم دنیا کے نقشے پر ذلت و رسوائی کا سبب بھی بن جاتی ہے، اس وقت مجموعی اعتبار سے یہ خبریں سامنے آتی جارہی ہیں کہ نوجوان خطرناک قسم کے ڈرگس استعمال کررہے ہیں، کالجوں اور یونی ورسٹیوں میں ٹارگٹ بناکر ڈرگس مافیا کام کررہے ہیں، ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کے علاج کے نام پر ڈرگس کو فروغ دے رہے ہیں، بلکہ ناکام عاشقوں کو تلاش کرکے سکون وراحت اور لائف انجوائے کے بہانے خطرناک زہریلے ڈرگس پڑیوں، انجکشن اور کیپسول کے ذریعہ نوجوانوں کی رگوں میں پیوست کررہے ہیں، بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی، بلکہ نشہ کے عادی نوجوان نشہ کے تکمیل کے لیے چوری اور ڈکیتی کررہے ہیں، نوجوان بچیاں اپنی عصمت و عفت کا سودا کرکے نشہ کررہی ہیں، جس کے نتیجے میں گھر تباہ، خاندان برباد، طلاق کی شرح میں روز بروز اضافہ، بد اخلاقی اور بے راہ روی عام ہوتی چلی جارہی ہے ۔

منشیات کسے کہتے ہیں؟

عربی کا ایک لفظ نَشْوَة ہے، جس کے معنی مستی کے ہیں۔ نَشِیَ یَنْشیٰ کا مطلب ہے مست ہونا، نشے میں آنا۔ نَشِیَ مِنَ الشَّراب کا مطلب ہے: شراب سے مست ہوا۔ فارسی میں آکر یہی نَشوہ نشہ بن گیا۔ ہر وہ چیز جو نشہ لانے والی ہو مُنَشّی (مُونَش شی)کہی جاتی ہے۔ مُنَشِّی کی جمع مُنَشِّیات ہے۔

منشیات کی اصطلاحی تعریف

ماہرین نے منشیات کو خمارِ زیست وسوئی ہوئی زندگی، سے تعبیر کیا ہے، لیکن ”منشیات سے مراد وہ تمام چیزیں ہیں جن سے عقل میں فتور پیدا ہوتا ہے اور فہم و شعور کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ لفظ منشیات یا ڈرگس کا اطلاق ہر اس شے پر ہوتا ہے، جس میں کسی بھی طرح کا نشہ پایا جائے، خواہ یہ ٹھوس یا مائع کی شکل میں ہو یا قلیل و کثیر مقدار میں ہو۔ منشیات کی تعریف میں تمام وہ ممنوع دوائیں بھی آتی ہے جنہیں نشہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

منشیات کی اقسام

دور حاضر میں منشیات کا استعمال بہت تیزی سے عام ہورہا ہے، دنیا بھر میں چرس، افیون، ہیروئن، بھنگ اور حشیش سمیت منشیات کی 21 سے زائد اقسام ہیں۔ دنیا میں62 فیصد لوگ چرس، بھنگ اور حشیش کے عادی ہیں، جب کہ باقی 20 فیصد ہیروئن، دس فیصد افیون، 20 فیصد لوگ کوکین کیپسول کرسٹل اور گولیاں استعمال کرتے ہیں۔ منشیات کی بہت ساری قسمیں ہیں، جس میں گٹکا، سگریٹ، حقہ، شراب، بوٹی، حشیش، افیون، ((Marijuana)چرس، گانجہ، بھنگ، ہیروئن (سفیدپاؤڈر)، مارفین، براون شوگر، ڈائی زیپم، صمد بونڈ، انجکشن، کوریکس، ٹینو شربت، کوکین، پٹرول، نشہ آور گولیاں، نشہ آور پکوڑے، بھنگ کے پاپڑ، کریک، گلاس، ایکسٹسی، ایمفیٹامائنز (کرسٹل میتھ یا آئس اسی کی قسمیں ہیں)، ایل ایس ڈی وغیرہ وغیرہ ہیں۔

موجودہ دور میں تو مختلف کیمیکلز، ٹائر پنکچر کا سولوشن، سردی کھانسی کی دوائیوں اور اس طرح کے روز مرہ زندگی میں استعمال شدہ جس کی دسترس آسانی سے ہو، اسے بھی نشہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ جن میں جوتوں کی پالش، اینک فلوڈ( fluid ink)، کلر پینٹ اسپرے وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

منشیات؛ وجوہات و اسباب

ماہر منشیات ڈاکٹر ہیرا لال لوہانو منشیات کے استعمال کی تین بنیادی وجوہات بیان کرتے ہیں ،جن میں ذہنی دباؤ سرفہرست ہے۔ یہ دباؤ امتحان، محبت میں ناکامی، تاخیر سے شادی، نظر انداز کیے جانے ،کسی کے ساتھ مقابلے اور بے روزگاری سمیت کسی بھی چیز کا ہو سکتا ہے۔

دوسری وجہ شخصیت کا عدم توازن ۔جب کہ تیسری وجہ دوستوں کی صحبت ہے ۔یعنی چار دوست اگر منشیات استعمال کرتے ہیں تو پانچواں دوست دباؤ میں آکر اس کا استعمال شروع کر دیتا ہے۔ ڈاکٹر لوہانو کے مطابق بعض امیر گھرانوں کے نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی ایک وجہ جنسی قوت میں اضافے کی خواہش بھی ہے۔

ایک سروے کے مطابق نشے کی عادت میں مبتلا ہونے کی ایک اہم وجہ والدین کی بچوں سے عدم توجہی ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچے سگریٹ نو شی کرتے ہیں اور ان کے والدین اس امر سے بے خبر نظر آتے ہیں، یہ بچے سگریٹ کے دھوئیں کے ہم راہ آگے بڑھتے ہوئے ایک ایسی راہ کے مسافر بن جاتے ہیں جو انہیں تباہی و بربادی کی منزل تک لے جاتی ہے۔ آ ج وہ دور نہیں جب لوگ راہ چلتے ہوئے بھی کسی بچے کو تنبیہ کردیں تو وہ اس وقت کے لیے ہی سہی، ہاتھ سے سگریٹ پھینک دیتا تھا، آج اگر ہم کسی اپنے کو بھی کچھ کہتے ہیں تو وہ اپنی ایک غلط حرکت کے سو عذر پیش کردیتا ہے۔

منشیات کا حکم؛ قرآن مجید کی روشنی میں

قرآن مجید نے بھی اس زہریلے اور خطرناک مرض منشیات کے استعمال کو سخت حرام اور ناجائز قرار دیا ہے ۔

ارشاد ربانی ہے :
﴿یَا أَیُّہَا الَّذِینَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَ الْمَیْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَ الْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّیْطَن فَاجتَنِبُوہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُونَ، إِنَّمَا یُرِیدُ الشَّیْطَانُ أَنْ یُوقِعَ بَیْنَکُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاء َ فِی الْخَمْرِ وَالْمَیْسِرِ وَیَصُدَّکُمْ عَنْ ذِکْرِ اللَّہِ وَ عَنِ الصَّلَوةِ، فَہَلْ أَنْتُمْ مُنْتَہُونَ، وَأَطِیعُوا اللَّہَ وَأَطِیعُوا الرَّسُولَ وَاحْذَرُوا فَإِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَاعْلَمُوا أَنَّمَا عَلَیٰ رَسُولِنَا الْبَلاغُ الْمُبِینُ﴾․ (المائدہ :92-90)

اس آیت مبارکہ میں 1.. نشہ آور چیزوں کی حرمت کو بت پرستی کے ساتھ ذکر فرمایا گیا، گویا یہ برائی شرک کی طرح ہے۔

2.. اسے نجاست و گندگی قرار دیا گیا۔

3.. اسے شیطانی کام بتایا گیا۔

4.. اس سے مکمل بچنا ضروری قرار دیا گیا۔

5.. اس سے اجتناب کو فلاح کا ذریعہ بتایا گیا۔

6.. اس کی حرمت کا سبب واضح کیا گیا کہ اس سے باہم عداوت ونفرت پیدا ہوتی ہے۔

7.. واضح کیا گیا کہ نشے کا عادی بنا کر شیطان تم کو اللہ کی یاد اور نماز سے غافل کرتا ہے۔

8.. اللہ تعالیٰ نے جھنجھوڑتے ہوئے فرمایا ہے کہ جب نشہ آور چیزوں کی لعنت اتنی خرابیوں کا مجموعہ ہے تو کیا پھر بھی تم اس سے باز نہیں آؤ گے؟

9.. اللہ ورسول کی اطاعت فرض ہے اور اس کا تقاضا شراب ونشہ سے مکمل گریز ہے۔

10.. سختی سے فرما دیا گیا کہ یہ حکم الہٰی ہے، اس سے اعراض کرو گے تو نتیجے کے ذمہ دار خود ہوں گے ، رسول کے ذمے حق پہنچانا ہے، وہ پہنچا چکے، ماننا تمہارے ذمے ہے، نہیں مانو گے تو خود نقصان اٹھاؤ گے۔ (ماخوذ از :منشیات اور شراب ص :14)

منشیات کا حکم: احادیث مبارکہ کی روشنی میں

جس طرح قرآن مجید میں منشیات کی حرمت صراحتاً موجود ہے، بالکل اسی طرح احادیث مبارکہ میں بھی بڑی تفصیل کے ساتھ اس کی خرابیوں اور برائیوں کو بتایا گیا، نشہ آور چیزوں کے استعمال پر پیدا ہونے والی خرابیوں کا کتب احادیث میں اس قدر تذکرہ موجود ہے کہ اس مختصر سی تحریر میں اس کو جمع کرنا ممکن بھی نہیں ہے ۔

ذیل میں چند احادیث مبارکہ میں چند خطرناک وعیدیں اور اس کے جسم وذات اور معاشرہ پر پڑنے والے چند بدترین نقصانات کو ذکر کیا جارہا ہے ۔

دس طریقوں سے (نشہ آور چیزیں) ملعون ہیں

نبی رحمت صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد گرامی ہے:”لُعِنَتِ الْخَمْرُ عَلَی عَشَرَةِ أَوْجُہِ:بِعَیْنِہَا، وَعَاصِرِہَا، وَمُعْتَصِرِہَا، وَبَائِعِہَا، وَمُبْتَاعِہَا، وَحَامِلِہَا، وَالْمَحْمُوَلَةِ إلَیْہِ، وَآکِلِ ثَمَنِہَا، وَشَارِبِہَا، وَسَاقِیہَا․“(ابن ماجہ:3380)

دس طریقوں سے شراب(نشہ آور چیز) کو ملعون قرار دیا گیا ہے: 1.. بذات خود شراب 2.. شراب بنانے والا 3.. شراب بنوانے والا 4.. شراب فروخت کرنے والا 5.. شراب خریدنے والا 6.. شراب اٹھا کر لے جانے والا 7.. جس کی طرف اٹھا کر شراب لے جائی جائے 8.. شراب کی قیمت کھانے والا 9.. شراب پینے والا 10.. شراب پلانے والا ۔

نشہ آور کی دعا مقبول نہیں

حضرت عبد اللہ بن عمرو کی روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”مَنْ وَضَعَ الْخَمْرَ عَلَی کَفِّہِ لَمْ تُقْبَلْ لَہُ دَعْوَة“․ (کنز العمال:5/138)

جو اپنے ہاتھ میں شراب (نشہ آور چیز) لیتا ہے ( تا کہ اس کو پیے) اس کی کوئی دعا قبول نہیں ہوتی ۔

یہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ نشہ آور اللہ تعالیٰ سے اس قدر دور ہوجاتا ہے کہ اس کی دعا بھی قبول نہیں ہوتی، دعاؤں کا قبول نہ ہونا ہی ایک بڑی نحوست اور عذابِ الٰہی ہے جس کا،نشہ آور نقصان بھگبھگتتا ہے

نبی رحمت صلی الله علیہ وسلم کی زبانی نشہ آور کا ایک سنگین واقعہ

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نشہ سے متعلق ایک واقعہ بھی بیان فرمایا کہ ایک خوب صورت عورت نے اپنے پاس شراب رکھی اور ایک بچہ کو رکھا اور ایک شخص کو مجبور کیا کہ وہ تین میں سے ایک برائی کم سے کم ضرور کرے یا تو وہ اس عورت کے ساتھ بدکاری کرے یا اس بچہ کو قتل کر دے یاشراب پیے ، اس شخص نے سوچا کہ شراب پینا ان تینوں میں کمتر ہے ؛ چناں چہ اس نے شراب پی لی ؛ لیکن اس شراب نے بالآخر یہ دونوں گناہ بھی اس سے کرالیے ۔ (نسائی :5666)

اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ منشیات کا استعمال زنا ،بدکاری اور چوری و ڈکیتی اور قتل و غارت گری سے بھی بڑھ کر ہے۔

انہیں خطر ناک ہمہ جہت نقصانات کے پیش نظر متعدد اہل علم کا یہ قول منقول ہے:”لأَنْ أَرَی ابْنِی یَزْنِی أَوْ یَسْرِقُ أَحَبُّ إِلَیَّ مِنْ أَنْ یَسْکَرَ، یَأْتِی عَلَیْہِ وَقَتٌ لَا یَعْرِفُ اللَّہَ فِیہِ“․(نضرة النعیم10/4708) میری اولاد زنا یا چوری کا جرم کرے، یہ اس کی بہ نسبت بہتر ہے کہ وہ نشہ کی لعنت میں مبتلا ہو جائے اور اس کے روز و شب میں ایسا وقت بھی آئے کہ وہ اللہ کی معرفت سے محروم رہے۔

شراب و منشیات کی لعنت اور اس کے نقصانات

منشیات کی عادت انسان کو∗…دین و مذہب سے بے گانہ کر دیتی ہے اور دین کو بے حد نقصان پہنچاتی ہے۔∗… جسم و صحت اور قوت کو نا قابل تلافی ضرر پہنچاتی ہے۔ ∗…والدین کو اولاد کی صحیح تربیت سے محروم کردیتی ہے۔∗…عزت نفس کو تار تار کر دیتی ہے۔ ∗…خاندانی نظام کو بکھیر دیتی ہے۔∗…اخلاق وکردار کو بگاڑ دیتی ہے۔ ∗…عقل وشعور سے بے گانہ کر دیتی ہے۔ ∗…انسان کو شیطان کا آلہ کار بنا کر اللہ کی رحمت سے دور کر دیتی ہے۔ ∗…انسان کو ذلت ورسوائی کے تاریک غار میں دھکیل دیتی ہے۔ ∗… مالی اعتبار سے انسان کو مفلوک الحال بنادیتی ہے۔ ∗…عبادت سے غافل اور معاصی کا عادی بنادیتی ہے۔ ∗…پوری زندگی کو بے سکونی اور بے چینی کی نذر کر دیتی ہے۔

مسلمانوں کے لیے مُنَشِّیات اور اس جیسی دیگر ایسی ممنوعہ و حرام اشیاء جن کے استعمال کرنے سے عقل میں فتور پیدا ہو سکے، اس کی خرید وفروخت، اس کا استعمال، اس کی کاشت، اس کا کاروبار کرنا، اس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا یا کسی اور طریقہ سے اس ناپاک کاروبار کے ساتھ منسلک ہونا حرام قرار دیا گیا ہے۔

اسلام اپنے ماننے والوں کو پاکیزگی، عفت و پاک دامنی، شرم وحیا اور راست گوئی و راست بازی جیسی اعلیٰ صفات سے متصف اور مزین دیکھنا چاہتا ہے۔ اس کے مقابلہ میں قبیح و حرام، ناپاک، بے حیائی، بے عقلی، بدگوئی اور بے راہ روی جیسی رذیل و ملعون عادات سے بچنے کا حکم اور امر کرتا ہے۔ لہٰذا اپنی فکر اور اپنے اہل و عیال کی فکر کرکے بدکاری پھیلانے والی ان نشیلی ادویات سے معاشرے کو بچائیں۔ مُنَشِّیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے اعداد و شمار سماج کے لیے یقینا لمحہٴ فکریہ ہیں، یہ چنگاری رفتہ رفتہ ہر گھر کو متاثر کیے بغیر نہیں چھوڑے گی، کیوں کہ مُنَشِّیات کے اس دلدل میں بھی گرفتار ہونا کوئی بعید نہیں ہے۔ کہتے ہیں گھر کے باہر اگر کچرے کا انبار لگ جائے تو اس کی صفائی پر توجہ دینی چاہیے، کیوں کہ اگر ایسا نہ کیا تو کچرا اگر گھر میں نہ آسکا تو اس کی تعفن زدہ بدبو گھر کو برباد کردے گی۔

خدا پوری ملت کی نئی نسل کو اس قبیح عادت سے محفوظ فرمائے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین!

عصر حاضر سے متعلق