عصرِ حاضر اور بچوں کی ابتدائی تعلیم وتربیت

idara letterhead universal2c

عصرِ حاضر اور بچوں کی ابتدائی تعلیم وتربیت

ڈاکٹر ساجد خاکوانی

ابتدائی تعلیم کا آغازعہد ِالست کے ساتھ ہوگیا تھا، جب روحانی وحقیقی وجود ملتے ہی سب سے پہلے معرفتِ رب عطا کی گئی تھی اور ایک وعدہ لینے کے بعد اس دنیا میں بھیجنے کا انتظام کیا گیا۔ تاہم اگر کہا جائے کہ ابتدائی تعلیم کا آغاز ماں کے پیٹ میں ہی ہوجاتا ہے تو بے جا نہیں ہوگا۔ سب سے پہلے فطرت ہی تعلیم یا ابتدائی تعلیم کا آغاز کرتی ہے اور ہرہر عضو کو اس کا فرضِ منصبی ازبر کراتی ہے۔ آنکھوں کو دیکھنا سکھایا جاتا ہے، کانوں کو سننا سکھایا جاتا ہے، دل کو دھڑکنا اور معدے کو جہاں ہاضمہ کی ذمہ داری سونپی جاتی، وہاں جگر کاکام خون کی فراہمی ہوتا ہے اور گردوں کو خون صاف کرنے کا فن اس ابتدائی تعلیم میں ودیعت کیا جاتا ہے، علیٰ ہٰذا القیاس۔ قدرت کے کام میں کوتاہی تلاش نہیں کی جاسکتی، کیوں کہ اللہ نے سورہ ملک میں کہا:

﴿اَلَّذِیْ خَلَقَ سَبْعَ سَمٰوٰتٍ طِبَاقًا مَّا تَرٰی فِیْ خَلْقِ الرَّحْمٰنِ مِنْ تَفَاوُتٍ فَارْجِعِ الْبَصَرَ ہَلْ تَرٰی مِنْ فُطُوْرٍ ثُمَّ ارْجِعِ الْبَصَرَ کَرَّتَیْنِ یَنْقَلِبْ اِلَیْکَ الْبَصَرُ خَاسِئًا وَّہُوَ حَسِیْرٌ﴾․ (الملک)

ترجمہ:جس نے سات آسمان اوپر تلے بنائے، تو رحمٰن کی اس صنعت میں کوئی خلل نہ دیکھے گا، تو پھر نگاہ دوڑا، کیا تجھے کوئی شگاف دکھائی دیتا ہے؟ پھر دوبارہ نگاہ کر، تیری طرف نگاہ ناکام لوٹ آئے گی اور وہ تھکی ہوئی ہوگی۔

جس نے پوری کائنات بغیرکسی خامی کے بنائی ہے اور اسے بطورمثال انسان کے سامنے پیش کیا ،اس کا تخلیق کردہ اشرف المخلوقات توبلاشبہ:﴿ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْٓ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ﴾ (والتین:4) بے شک ہم نے انسان کو بڑے عمدہ انداز میں پیدا کیا ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی قدرت کا شاہکار ہے۔ اس فن ِ تخلیق کواللہ تعالیٰ نے نزولِ قرآن کی اولین وحی کے ساتھ تذکرہ کیا اور ماں کے پیٹ کے دورانیہ کا ہی تذکرہ کیا جہاں انسان فطرت کی طرف سے اپنی ابتدائی تعلیم کے مراحل سے گزر رہا ہوتا ہے۔ قدرت تو اپنے کارِ تخلیق میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتی، لیکن انسان اپنی بے اعتدالیوں اور حدوداللہ سے گزرجانے والے نافرمانی کے رویوں کے باعث خدائی تخلیق میں بگاڑ کے اثرات کا بری طرح سے سامنا کرتا ہے اور پریشانیوں کا شکار ہو رہتاہے۔

اللہ تعالیٰ نے یہ دنیااس طرح بنائی ہے کہ بہت کچھ انسان کے حواسِ خمسہ سے پوشیدہ رکھا گیا ہے اور اسے﴿ یُوْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ﴾ کی تلقین کی گئی ہے۔ غیب کی ان اخبارمیں جو حواسِ خمسہ کی دست رس سے باہر رکھے گئے ہیں ایک روحانی دنیابھی ہے۔ روحانیت بھی بتاتی ہے کہ باپ سے وابستہ رزقِ حلال اورماں کے اثرات براہِ راست پیٹ میں ابتدائی تعلیم پر ثبت ہورہے ہوتے ہیں۔

اگر ماں ابتدائی تعلیم کے اس دورانیے میں پاک صاف رہے گی، عفت و پاک دامنی اس پر ختم ہوگی، صوم و صلوٰة کی پابند رہے گی، اذکار ودعوات وتسبیحات ووظائف اس کے معمولات کاحصہ ہوں گے، تلاوتِ قرآن مجیدمیں ناغہ نہیں کرے گی، اپنی خانگی ذمہ داریاں وخدمت گاریاں بھی مقدور بھر ادا کرتی رہے گی اور کسی تکلیف پیش آجانے کی صورت میں ہائے وائے اور چیخنے چلانے کی بجائے صبر کا دامن تھامے رکھے گی تو وہ نیک اولاد کو جنم دے گی اور اس کے رحم میں ابتدائی تعلیم کی خواندگی تقویٰ اور پاک بازی سے عبارت ہوگی اور بصورتِ دیگر یہ دنیا فساق و فجار اور رجل الدرہم والدینار اور پیٹ کی خواہش اور پیٹ سے نیچے کی خواہش کے پجاریوں سے بھری پڑی ہے، جن کے لیے قرآن نے کہا ہے:﴿ اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ﴾․

جنم لیتے ہی ابتدائی تعلیم کا اگلا مرحلہ شروع ہوجاتا ہے۔ یہ مرحلہ کم و بیش دس سالوں تک محیط ہوتا ہے، جس کے بعد پھر ثانوی تعلیم کے مراحل شروع ہوجاتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم کی چار بنیادیں:اوائلِ عمری، معصومیت، خالی الذہنی اورمشاہدہ ہیں اور ابتدائی تعلیم کے چھ عناصر: خودشناسی، خداشناسی، حفظ، بنیادی اخلاقیات اور مبادیاتِ لسان وحسابیات اور تقابلات ہیں۔ ابتدائی تعلیم کی پہلی بنیاد اوائل عمری میں اولین جو کلام کانوں کے راستے دماغ کی گہرائیوں اور تاریکیوں تک پہنچتا ہے وہ پتھر پر لکیر کی طرح اَن مٹ اور عمر بھر کے لیے امر ہوجاتا ہے، چناں چہ دنیا میں قدم رکھتے ہی اس کے دائیں کان میں اذان دے کر اسے ابتدائی و اولین تعلیم میں اللہ تعالیٰ کی کبریائی اور درسِ توحید سے آشنائی فراہم کردی جاتی ہے اور بائیں کان میں اقامت کہہ کر اسے نماز جیسی بزرگ عبادت کا تعارف کرادیا جاتا ہے، جو عمر بھر کا ایک وظیفہ ہے ،جو اسے تاحیات اور تادمِ مرگ جاری رکھنا ہے کہ روزِ محشر سب سے پہلے اسی کے بارے میں پرسش ہونی ہے۔

اذان اوراقامت کے ابتدائی اسباق اس کے تاریک دماغ میں روشنی کاباعث بنتے ہیں اوراس کاقلب و نظروذہن وفکرنور سے بھرجاتے ہیں، کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے سورہ بقرہ میں فرمایا:﴿اَللہُ وَلِیُّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا یُخْرِجُہُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ وَالَّذِیْنَ کَفَرُوْٓا اَوْلِیَآوُہُمُ الطَّاغُوْتُ یُخْرِجُوْنَہُمْ مِّنَ النُّوْرِ اِلَی الظُّلُمٰتِ اُولٰٓئِکَ اَصْحٰبُ النَّارِ ہُمْ فِیْہَا خٰلِدُوْنَ ﴾․ (البقرة:257)

ترجمہ: اللہ ایمان والوں کا مددگار ہے اور انہیں اندھیروں سے روشنی کی طرف نکالتا ہے اور جو لوگ کافر ہیں ان کے دوست شیطان ہیں جو انہیں روشنی سے اندھیروں کی طرف نکالتے ہیں، یہی لوگ دوزخ میں رہنے والے ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔

لیکن ابتدائی تعلیم ابھی نامکمل ہے، کیوں کہ معلم کی تعیناتی ابھی باقی ہے، چناں چہ خاندان کے کسی نیک ومتقی و دین داربزرگ مردیاخاتون کے ہاتھوں شہادت کی مقدس انگلی سے گھٹی دی جاتی ہے، تاکہ بزرگ کی نیک فطرت اس نومولودمیں عودکرآئے۔عہد نبوی میں بچوں کو گھٹی کے لیے محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا جاتا تھا اور روایات کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی انگشت مبارک سے بچے کے تالوپر شہد لگادیتے تھے، جسے وہ چاٹتا رہتا تھا۔ یوں ابتدائی تعلیم کا قیمتی ترین مرحلہ ایک غیررسمی تعلیمی ادارے میں شروع ہوجاتا ہے۔

اس عمر میں بچے کا ذہن بالکل اور کلیتاً خالی سلیٹ اور صاف تختی کی مانند ہوتا ہے، بہ ظاہر بچہ سورہا ہوتا ہے یا خاموش ہوتا ہے یا صرف دائیں بائیں دیکھتے ہوئے نظر آتا ہے یا خود سے کھیل رہا ہوتا ہے اور مصروفِ محض ہوتا ہے، لیکن فی الحقیقت یہ سارا ماحول، آوازیں، مناظر اورخوردونوشت وغیرہ اس کے ذہن پر اپنے قوی نقوش چھوڑ رہے ہوتے ہیں اور یہ سب کچھ آنے والے دنوں میں اس کی شخصیت اور یقینی طورپراس کے کردارکاحصہ بن جائے گا۔

ابتدائی تعلیم کی دوسری بنیاد معصومیت کے ساتھ ایک خاص عمرمیں بچے کورسمی تعلیمی ادارے میں داخل کردیا جاتا ہے، یہ وہ عمرہوتی ہے جب بچہ اپنی حوائجِ فطریہ سے واقف اورکسی حدتک خودکفیل بھی ہوچکا ہوتا ہے، عمومی طورپر یہ ساڑھے تین سال کی عمرہوتی ہے، لیکن اس میں کمی بیشی کی گنجائش ممکن ہے۔

ابتدائی تعلیم میں بچے کی تربیت میں یہ قربانی شامل ہے کہ وہ چندگھنٹے کے لیے ماں کی گود چھوڑ کر اپنے ابتدائی تعلیم کے ادارے میں آجاتا ہے۔ ابتدامیں معصوم بچے پریہ تبدیلی بوجھل ہوتی ہے، کچھ بچے اس کااظہاربھی کرتے ہیں اور ابتدائی تعلیم کے ادارے میں جاتے ہوئے روتے ہیں، ٹانگیں چلاتے ہیں، شورمچاتے ہیں اوران کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی طرح گھر کو لوٹ جائیں، جو فرد انہیں چھوڑنے جاتا ہے اس سے چمٹے رہتے ہیں یا پھر تقاضا کرتے ہیں کہ یہ بھی ادارے میں رک جائے، لیکن کچھ بچے بظاہراظہارنہیں کرتے، لیکن خاموش رہتے ہیں، سہمے ہوئے اورڈرے ہوئے رہتے ہیں، اپنا بستہ اور کتابیں کاپیاں سنبھال سنبھال کر رکھتے ہیں، کیوں کہ اس اجنبی ماحول میں یہی بستہ اس کا اپنا ہے اور باقی سب ناآشنا اور غیر ہیں اور اگر اسی ادارے میں ان کا کوئی بھائی، بہن ، پڑوسی یا رشتہ دار پڑھتا ہو تو وہ چاہتے ہیں کہ اسی کے ساتھ جاکر بیٹھ جائیں۔ یہ بچے ادارے کے بندہونے اور چھٹی کے وقت کا بہت بیتابی سے انتظارکرتے ہیں اور دوڑ لگاکر ایسے نکلتے ہیں جیسے انہیں باندھ کر رکھا گیا تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی اپنے ہم جولیوں سے دوستیاں ہوجاتی ہیں اور معلم اورماحول سے مانوس ہوجاتے ہیں اور پھر شوق سے بھاگتے ہوئے مدرسے جاتے ہیں اور وہاں بہت اچھا وقت گزارتے ہیں، یہ ان کی معصومیت کا ایک اور پرتو ہے۔

ابتدائی تعلیم کی تیسری بنیاد خالی الذہنی ہے، اس میں بچے کو سب سے پہلے عقیدہ یاد کرایا جاتا ہے، یہاں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ صرف مثبت پہلو یاد کرائے جائیں، کیوں کہ منفی پہلووں کے باعث ابتدا سے ہی اس کا خالی ذہن مشکل میں پڑسکتا ہے۔ عقیدہ کی تعلیم اسے سنائی جائے گی اور اسے دہراتا رہے گا اور اس طرح ذہن نشین ہوجائے گی۔ ابتدائی تعلیم میں اس حدتک تربیت بھی شامل ہے کہ اسے عقیدہ پر یقین کرنے کے لیے کسی دلیل کی طرف دھکیلنے سے احترازکیاجائے، اسے صرف یہ معلوم ہوکہ معلم یا معلمہ کے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ اسے ازبرکرنے ہیں، کیوں کہ یہ سوفیصدسچے ہیں۔ دلائل اول تواس کی خالی ذہنی سطح سے بالاترہوں گے اورپھراسے ہربات دلائل کے ساتھ ہی ماننے کی عادت پڑجائے گی اور اساتذہ کے لیے ایسے بچے کوترسیل ِ تعلیم مشکل میں ڈالے رکھے گی، پس اسے﴿ سَمِعْنَا وَاَطَعْنَا﴾ کا خوگر ہونا چاہیے، تاکہ فرماں برداری اس کے خالی ذہن میں سرایت کرجائے۔

بنیادی تعلیم کی چوتھی بنیادمشاہدہ کے مطابق عقیدہ کے ساتھ اچھے اخلاق اسے عملاً سکھائے جائیں گے، تاکہ پہلے وہ اچھی طرح دیکھ لے اورپھر اسے اپنی شخصیت میں جذب کرلے، یہ ایک طرح سے تعلیم کے ساتھ تربیت بھی ہے، مثلاً صفائی کی تعلیم دی جائے گی کہ کوڑاکرکٹ ایک خاص جگہ پرپھینکاجائے، اپنے ہاتھ ، منہ، دانت، کپڑے، جوتے، کتب، کھلونے اوراٹھنے بیٹھنے کے مقامات مٹی سے پاک ہوں۔ کھانے کے آداب سکھائے جائیں کہ سب مل جل کرایک برتن میں کھاتے ہیں، پہلے دوسروں کو کھانے کی دعوت دیتے ہیں، دائیں ہاتھ سے لقمہ توڑتے ہیں، اپنے سامنے سے کھایاجاتاہے، آخرمیں برتن صاف کرتے ہیں، خواہ انگلی سے ہی کرنا پڑے، برتن واپس اپنی جگہ پررکھتے ہیں، کھانے سے پہلے ، درمیان اورآخرمیں پڑھی جانے والی دعائیں اور اکل و شرب کے دیگرمسنون طریقے ان کی تربیت کاحصہ ہوں۔

بنیادی تعلیم کے باقی عناصرخمسہ

خودشناسی، خداشناسی، حفظ، بنیادی اخلاقیات ومبادیاتِ لسان وحسابیات اورتقابلات کو باہم جدانہیں کیاجاسکتا، کیوں کہ تعلیم ایک ہمہ گیرعمل ہے، جس میں یہ کل عناصرمل کر ایک نظام کو متحرک رکھتے ہیں، چناں چہ صبوحی دعامیں انہیں ایک بچے کی پیروی میں اپنے روزکے اسباق دہرانے ہوتے ہیں، یہاں ان بچوں کو ادب و احترام اور اطاعت کیشی کا درس ملتا ہے، ایک بچہ تلاوت کرتاہے، باقی سب سرنیچے کیے، ہاتھ باندھے صرف سنتے ہیں۔ ایک بچہ نعت سناتاہے، باقی سب ہمہ تن گوش ہوکر خاموش رہتے ہیں اورصرف سماعت کرتے ہیں۔ پھرکلامِ اقبال سے لب پے آتی ہے دعا پڑھائی جاتی ہے، تین بچے پڑھتے ہیں اوران کی متابعت میں سب بچے اسی مصرعے کودہراتے ہیں، اس کے بعدجملہ صبوحی اسباق بھی اسی طرح اطاعت کیشی کے درس کے ساتھ یادکرائے جاتے ہیں، جن میں قومی ترانہ بھی شامل ہوتاہے۔

سب بچوں کوباری باری آگے لاکرموقع فراہم کرناچاہیے کہ وہ دوسرے بچوں کو یادکرائیں۔

اس چھوٹی سی عمر میں اور ابتدائی تعلیم میں زبانی یاد کرانا بہت آسان ہوتا ہے، کیوں کہ کوئی بھی سبق متعدد بار دہرانے سے ابتدائی تعلیم کی اس عمر میں بچے کی خالی تختی پر نقش ہوجاتا ہے۔ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بچے کو نماز یاد کرادینی چاہیے، اسی طرح قرآن مجیدکی آخری سورتیں اور کچھ زیادہ فضیلت کی بڑی سورتیں بھی بچے بآسانی یاد کرلیتے ہیں۔ بعض ابتدائی تعلیم کے ادارے پورا قرآن مجید بھی حفظ کرادیتے ہیں۔ قرآن مجیدکے حفظ سے دماغ اپنی استعدادسے بڑھ کرکام کرنے لگتا ہے اور اگلے تعلیمی مرحلوں میں حفاظ بچے باقی بچوں کی نسبت زیادہ سرعت سے اسباق کوہضم کرپاتے ہیں اور روحانی برکات اس کے سوا ہیں۔ ابتدائی تعلیم کے ابتدائی مرحلے صرف زبانی یاد کی حدتک یا سمعی و بصری تعلیم کی حدتک ہی ہونے چاہییں، بعدکے مراحل میں انہیں ابتدائی خواندگی کی طرف لے جایاجائے گا، جس میں حروف کی پہچان، جوڑتوڑ اور معمولی حساب بھی شامل ہے۔

مقابلے کی فضا ابتدائی تعلیم میں بہت اچھے نتائج سامنے لاتی ہے۔ نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں جب ہم جولیوں سے مقابلہ درپیش ہو تو جیتنے کا جذبہ بچے کو اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لانے میں مددگار ومہمیز ثابت ہوتا ہے۔ یہاں ایک امر قابلِ غور ہے کہ اس چھوٹی اور معصوم عمر میں شکست کے بھی بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، جو شخصیت میں منفی رجحانات پیدا کرنے میں دیر نہیں لگاتے، چناں چہ مدرسے کی انتظامیہ کو بہت دقیق نظر سے دیکھنا ہوگاکہ سو فیصد بچے کام یابی کا تمغہ سینے پر سجائے گھروں کو سدھاریں۔

اس کا بہت آسان طریقہ ہے، پہلے نصابی سرگرمیوں میں کام یابیاں فراہم کی جائیں۔

بصورت دیگرانتظامیہ اپنی طرف سے اطاعت وفرماں بردار ی ، باقاعدگی، حسنِ لباس، ادب و احترام، پابندیِ وقت، صفائی یا کسی بھی اور اخلاقی فضیلت کومعیار بناکر اسے اعتمادفراہم کردے اور یوں سب نونہال مدرسہ سے نہال ہوکر گھروں کو لوٹیں اور اپنے والدین کو اپنی کام یابی کی داستانیں سناتے ہوئے اگلے دن ذوق و شوق سے بھاگتے ہوئے اور چمکتی ہوئی آنکھوں کے ساتھ اپنے کمرہ جماعت میں داخل ہوں۔

بنیادی تعلیم کی کام یابی کاایک ہی پیمانہ ہے کہ بچہ اگلے مرحلہ تعلیم میں اپنے شوق سے داخل ہو اور وہ اپنی نئی کتب کا منتظر ہو، اپنے نئے اساتذہ سے مسرتِ ملاقات اس کے رویے سے ہویدا ہو اور اس کے خواب نئی عمارت اور بڑے بڑے کھیل کے میدانوں کی تعبیرسے آراستہ ہوں، اس کے لیے کسی طرح کے تحریری، تقریری، زبانی یانمائشی امتحانات کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے، بہت چھوٹی عمرمیں اور خاص طورپر بنیادی تعلیم کے دورانیے میں امتحانات کا انعقاد بچوں میں تعلیم کے لیے نفرت، دوری، بے رغبتی اور عدمِ اشتیاق کے جذبات پیدا کرتا ہے۔ بنیادی تعلیم کی یہ عمر ماحول سے حاصل کیے گئے اثرات کے سو فیصد انطباق کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

اگرکہیں مقاصدِ تعلیم کے حصول میں کلی یا جزوی ناکامی مشاہدے میں آتی ہے تو انتظامیہ، اساتذہ، نصاب اور ماحول کو تبدیل کرنے یا ان میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، بچے اس سے کلیتاً مبرا ہیں۔ سوفیصد بچوں کو جو دورانیہ تعلیم مکمل کرچکے ہوں انہیں بلاتخصیص و تمیزاگلے مرحلوں میں بڑھادینا ہی تعلیمی کارکردگی میں بہتری کی ضمانت ہوگی، جو ان میں اعتماد اور شوق اور مزید آگے بڑھنے کا جذبہ بھی پیدا کرے گی۔ تاہم اگر کچھ بچے دورانیہ تعلیم کے درمیان میں داخل ہوئے ہوں اور وہ باقی ہم جماعت ساتھیوں سے اپنے اسباق میں ابھی پیچھے ہوں تواساتذہ کرام سے مشاورت کے نتیجے میں انہیں حالیہ درجے میں ہی روک لیناقرین ِ قیاس ہوگا، تاکہ ان کی بنیا د میں پختگی لائی جاسکے، لیکن اس شرط کے ساتھ کہ وہ اس ٹھہراوکواپنی ناکامی پرمحمول نہ کریں اوربخوشی اس فیصلے کوقبول کرلیں۔

تعلیم پیشہ نہیں ہے، بلک شیوہ اور انبیاء علیہم السلام کاترکہ ہے جواپنی قوموں سے کہاکرتے تھے کہ:﴿وَ مَآ اَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ مِنْ اَجْرٍ اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلٰی رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ﴾․ (الشعراء:145) اور میں تم سے اس پر کوئی اُجرت نہیں مانگتا، میرا اجر تو اسی پر ہے جو سارے جہان کا رب ہے۔

لیکن دورِغلامی سے سیکولرازم کے باعث نہ صرف یہ کہ ایک پیشہ بن گیاہے، بلکہ بنیادی تعلیم کی حدتک یہ ایک مکروہ دھندابن گیاہے۔ سیکولرازم کی پروردہ کاروباری ذہنیت سرمایہ دارانہ رویوں نے بنیادی تعلیم کی اقدارکو بری طرح پامال کردیاہے، یہاں تک کہ اب بچے بچے نہیں رہے، بلکہ گاہک بن گئے ہیں اورابتدائی تعلیم کے ادارے کاروباری مراکزاور دھن دولت جمع کرنے والے کارخانے بن گئے ہیں۔

صرف تعلیم ہی نہیں، بلکہ تفریح کے دوران کے کھانے، صاف پانی، کتب ، تحریری مواد، ملبوس، ذرائع نقل و حمل اوریہاں تک کہ بال کاٹنے کاعمل بھی منافع بخش بنالیے گئے ہیں اوران ذرائع سے پیداگیری کی جاتی ہے۔ مقابلے کے اس رجحان نے جہاں معیارِتعلیم کا بیڑاغرق کردیا ہے، وہاں معیارِ اخلاق بھی گہناگیاہے اور مقامی معاشرتی روایات اور تہذیب وتمدن بھی دم توڑ رہے ہیں۔

ان سب پرمستزادبدیسی ذریعہ تعلیم ہے، جس نے زوال کی رہی کسر بھی پوری کردی ہے اور پورا نظام تعلیم اس وقت صرف ایک ہلکے سے دھکے کا منتظر ہے جو اسے دھڑام سے گرادے۔ والدین کوخوش کرنے کے لیے نجی تعلیمی ادارے سب بچوں کو %99 شرح کام یابی سے نوازدیتے ہیں اوررقم بٹورنے کے لیے ساراسال امتحانات پر امتحانات منعقد ہوتے ہیں اورنتائج کی تقریبات کے نام پر بے ہودگی اوربدتمیزی کی بڑھ چڑھ کر نمائش کی جاتی ہے اور یوں جھوٹ، دھوکے اور فریب کو دکھاوے اورنمائش کے ذریعے اپنی کام یابی بناکرپیش کیا جاتا ہے، تاکہ کاروبار کے حجم کو زیادہ سے زیادہ وسعت دی جاسکے۔

لیکن مایوسی اس لیے نہیں ہے کہ معاشرے کاصالح عنصر بھی بیدار مغز قیادت کے ساتھ میدان میں موجودہے اور بہت کم سہی، لیکن سرعت سے ترقی پذیر مثالی تعلیمی ادارے بھی قائم ہوتے چلے جارہے ہیں اور بہت جلد سیکولرازم کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

تعمیر حیات سے متعلق