تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
عظمت صحابہ اور حضرت مدنی
اس کتابچے میں صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین کے فضائل ومناقب او رمقام ومرتبہ کو شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمدنی رحمة الله علیہ کے ملفوظات کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے اور اس کی ترتیب وتالیف حضرت مولانا قاضی مظہر حسین صاحب رحمة الله علیہ نے کی ہے۔ اس میں صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین کے بارے میں اہل سنت والجماعت کے نظریہ کو بہت ہی عمدہ انداز واسلوب میں پیش کیا گیا ہے، جس میں صحابہ کرام رضی الله عنہم کے معیار حق ہونے اور معاصی سے محفوظ ہونے کے مسئلے کو خوب واضح کیا گیا ہے۔
حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ، حضرت حسین رضی الله عنہ، واقعہ کربلا اورمشاجرات صحابہ کے امور پر مدلل ومبرہن انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے۔
یہ رسالہ اپنے موضوع پر ایک عمدہ پیش کش ہے۔ اہل علم کو ضرور اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔96 صفحات کا یہ کتابچہ مکتبہ خلفائے راشدین جامعہ عربیہ اظہار الاسلام ،جامع مسجد امدادیہ، پنڈی روڈ، چکوال سے درمیانے کاغذ وطباعت میں شائع کیا گیا ہے۔
سہ ماہی سلسبیل پشاور
یہ سہ ماہی مجلہ جامعہ امداد العلوم الاسلامیہ جامع مسجد پشاور سے شائع کیا جارہا ہے، اس وقت ہمارے سامنے اس کے چار ابتدائی شمارے ہیں ، جن میں سے دو شمارے ایک ہی رسالے میں ضم کیے گئے ہیں۔ مضامین کا انتخاب عمدہ ہے، خصوصاً امداد العلوم پشاور کے بانی حضرت مولانا فقیر محمد صاحب پشاوری رحمة الله علیہ خلیفہ مجاز حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمة الله علیہ کے نام حضرت تھانوی کے خطوط کی سلسلہ وار اشاعت کا کالم انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ رسالے کے مدیر مولانا اسدالله خان پشاوری ہیں ملنے کا پتہ ہے: دفتر سہ ماہی مجلس سلسبیل جامعہ امداد العلوم الاسلامیہ، جامع مسجد درویش ،38 مال روڈ،پشاور ۔
الجواہر والدرر فی إیضاح سورة العصر
افادات: علامہ ڈاکٹر خالد محمود ترتیب: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
سائز:23×36=16 صفحات:120
ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام مانچسٹر (یو۔کے)
علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمة الله علیہ نے آج سے تقریباً29 سال پہلے اسلامک اکیڈمی آف مانچسٹر میں سورة العصر کی تشریح و تفسیر او راس سے حاصل ہونے والے فوائد ونکات پردروس دیے تھے، جنہیں مرتب کرکے کتابی صورت میں پیش کیا جارہا ہے، یہ کل آٹھ دروس ہیں، جن میں سے پانچ دروس ڈاکٹر خالد محمود صاحب رحمة الله علیہ کے اور تین دروس مولانا محمداقبال رنگونی صاحب کے ہیں، ان دروس میں عقائد واعمال کی اصلاح کے حوالے سے بہت ہی مفید باتیں آگئی ہیں۔ یہ دروس عوام وخواص سب کے لیے مفید ہیں، الله تعالی اس کاوش کو قبولیت عطا فرمائے۔
کتاب کی طباعت واشاعت عمدہ ہے او رپاکستان میں ملنے کا پتہ ہے: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، کے پی کے۔
متن العقیدة الطحاویة مع التعلیقات الذھبیة
تالیف: مفتی رضاء الحق
صفحات:128 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
”العقیدة الطحاویہ“ امام ابو جعفر طحاوی رحمة الله علیہ کی تالیف ہے۔ زیر نظر مجموعہ میں اس کتاب کے 36 مخطوطات اور متعدد مطبوعہ نسخوں کو سامنے رکھ کر اس کے متن کی تصحیح کی گئی ہے اور حتی الوسع کوشش کی گئی ہے کہ غلطی کا ا مکان نہ رہے۔ نیز” التعلیقات الذھبیة“ کے نام سے مفید حواشی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جن میں صفات باری تعالی اور علم کلام سے متعلق اہم مسائل کی تشریح کی گئی ہے۔ اس کے بعد عربی متن کا اردو ترجمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اور آخر میں ملا علی قاری رحمة الله علیہ کی ”شرح الفقہ الاکبر“ سے عقائد وعلم کلام سے متعلق کئی اہم مسائل کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ اس طرح ”العقیدة الطحاویة“ کا یہ نسخہ سب سے معتمد اور افادہ واستفادہ کے اعتبار ایک جامع نسخہ بن جاتا ہے۔ اس پر تحقیق وتعلیق کا کام دارالعلوم زکریا جنوبی افریقہ کے استاد مولانا محمد عثمان بستوی نے کیا ہے، اوراس میں مولانا مفتی رضاء الحق صاحب کا اشراف او رتعاون شامل رہا ہے۔ ”العقیدة الطحاویہ“ کا یہ نسخہ علماء وطلباء دونوں کے لیے مفید ہے اورخصوصاً مذکورہ امور کی رعایت کی وجہ سے اس سے استفادہ سہل اور آسان ہو گیا ہے۔کتاب کی طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔