مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

مسئلہ طلاق ثلاثہ
افادات:علامہ ڈاکٹر خالد محمود
صفحات:168 سائز:23×36=16
ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر، برطانیہ

روزنامہ جنگ لندن میں کسی مضمون نگار نے ایک عرصہ قبل طلاق ثلاثہ اور حلالہ کے مسئلہ کے خلاف مضمون لکھا تھا، جس میں اسلام کے احکام کا مذاق اڑایا گیا تھا تو اس وقت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمة الله علیہ نے ”صیانة القرآن عن الاستہزاء والبہتان“ کے عنوان سے اس کا رد لکھا اور مذکورہ عنوانات پر نہایت تفصیلی اور مدلل گفت گو کی، جب کہ حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب بھی قبل ازیں ان موضوعات پر ”أحسن الثلاث في بیان الطلاق الثلاث“ کے عنوان سے مدلل ومبرہن مضمون لکھ چکے تھے اور وہ ماہنامہ الہلال مانچسٹر میں شائع ہو گیا تھا۔ اب جب کہ مختلف اوقات میں ان موضوعات کو سوشل میڈیا پر مسلمانوں کو گم راہ کرنے کے لیے زیر بحث لایا جاتا ہے، لہٰذا یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ ان دونوں مضامین کو کتابی صورت میں شائع کر دیا جائے تاکہ مسلمانوں کی مذکورہ موضوعات پر درست اور صحیح راہ نمائی ہو سکے اورجو لوگ اہل اسلام کو گم راہ کرنے کی سعی کر رہے ہیں ان کا جواب بھی۔ کتاب میں حوالاجات کو حاشیہ میں دینے کااہتمام کیا گیا ہے۔ یہ کتاب حافظ محمد اقبال رنگونی نے مرتب کی ہے اور اپنے موضوع پر نہایت اہم، جامع اور مدلل کتاب ہے۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔

الأصول المنیفة للإمام أبي حنیفة
تالیف: قاضی کمال الدین احمد بن حسن البیاضی الرومی
صفحات:172 سائز:20×30=8
ناشر: مکتبہ زمزم، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد ،اردو بازار، کراچی

گیارہویں صدی ہجری کے معروف عالم دین قاضی کمال الدین احمد بن حسن بن سنان الدین بیاضی رومی حنفی رحمة الله علیہ نے امام اعظم ابوحنیفہ رحمة الله علیہ کی کتب الفقہ الأکبر، الفقہ الأبسط، الوصیة، الرسالة اور العالم والمتعلم سے علم کلام کے مباحث اور اصولوں کو عنوانات قائم کرکے مرتب کیا ہے ، ہر عنوان کے تحت اس سے متعلقہ عبارات اور اصولوں کو جمع کیا ہے اور امام ابوحنیفہ رحمة الله علیہ کے الفاظ اور نصوص کو بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا ہے۔

مؤلف نے اس کا نام ”الأصول المنیفة للإمام أبي حنیفة“ رکھا او رپھر اس کتاب کے تہائی حصے کی ”إشارات المرام من عبارات الإمام“ کے نام سے خود شرح بھی لکھی۔ کتاب کی اہمیت کے پیش نظر شیخ زاہد الکوثری رحمة الله علیہ نے اپنی بعض تالیفات میں کتاب اور شرح دونوں کی تعریف کی اور ان کی نشر واشاعت کی طرف اہل علم کی توجہ مبذول کروائی۔ چناں چہ جامعہ ازہر کے کلیہ اصول الدین کے مدرس شیخ یوسف عبدالرزاق شافعی رحمة الله علیہ نے ”إشارات المرام من عبارات الإمام“ کی تحقیق وتخریج کی اور شیخ محمد زاہد الکوثری رحمة الله علیہ کی تقدیم کے ساتھ کچھ عرصہ قبل یہ کتاب شائع ہوئی۔ البتہ کتاب کا بقیہ حصہ جو شرح کے بغیر ہے ابھی تک منصہٴ شہود میں نہیں آیا تھا اور زیور طبع سے آراستہ نہیں ہوا تھا، لہٰذا جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی کے متخصص فی علوم الحدیث مولانا احسن احمد عبدالشکور نے ”الأصول المنیفة“ کے بقیہ حصے کو بھی بعض مخطوطات کی روشنی میں تحقیق کے مراحل سے گزارا ہے اور اس طرح پوری کتاب کو وہ ایک ساتھ منصہ شہود پر لائے ہیں۔ پہلا حصہ شرح ”اشارات المرام “کے ساتھ اور دوسرا اس کے بغیر ہے ۔”إشارات المرام“ کی سابقہ طباعت پر شیخ محمد زاہد الکوثری رحمة الله علیہ اور شیخ یوسف عبدالرزاق کے مقدمات کو بھی برقرار رکھا ہے۔

یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت وقیع علمی تالیف ہے اور علم کلام کے موضوع پر سلف صالحین کے منہج اور امام اعظم ابوحنیفہ رحمة الله علیہ کے مسلک وموقف کی ترجمانی کرتی ہے۔ یہ کتاب علم کلام کے بہت سارے مسائل پر مشتمل ہے۔ کتاب کا اسلوب سہل اور آسان ہے اگر طلبہ کو سبقاً پڑھا دی جائے تو بہت سودمند ثابت ہو گی اور علم کلام کے مسائل میں سلف صالحین کے درست اورمعتدل موقف کو سمجھنے میں معاون ہوگی۔ یہ کتاب معیاری کاغذ وطباعت او رجلد بندی کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔

جدید وآسان علم میراث
ورسالہ سرور البصر فی حل الفرائض
تالیف: مولانا عمر نبی حقانی
صفحات:115 سائز:23×36=16

جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ یہ کتاب علم میراث کے موضوع پر تالیف کی گئی ہے اور اس میں علم میراث کے مسائل کو آسان او رجدید انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کے مؤلف مرکزی دارالقراء نمک منڈی پشاور کے مدرس مولانا عمر نبی حقانی جنا کوڑی ہیں۔

کتاب کے تعارف میں وہ لکھتے ہیں:
”زیر نظر کتاب میں دو رسالے ہیں جدید وآسان علم میراث سرورالبصر في حل الفرائض بقاعدة واحدة۔ پہلے رسالے میں علم میراث کے تمام مسائل کو دو مختصر اور آسان قاعدوں اور دوسرے میں ایک مختصر اور آسان قاعدے کے ذریعے حل کیا گیا ہے کتاب میں مندرجہ ذیل باتوں کا خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے۔

طلباء کی آسانی کے لیے غیر مفتی بہ مسائل کو چھوڑ کر صرف مفتی بہ مسائل کو حل کیا گیا ہے ۔ ذوی الفروض او رعصبات کے تفصیلی احوال ضمیمہ میں جب کہ آسانی کے لیے اس کا خلاصہ نقشوں کی صورت میں کتاب کے شروع میں دیا گیا ہے۔ہر مسئلے میں قاعدہ جاری کرنے سے پہلے اس کے جاری کرنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ ذوی الارحام کے قواعد توریث پوری تفصیل اور وضاحت کے ساتھ بیان کیے گئے ہیں۔ اول سے لے کر آخرتک ہر مسئلے کی نوعیت کے بیان کے بعد، اس میں جاری ہونے والے قاعدے کی تعیین او رپھر جدول کے ذریعے اس کی وضاحت کی گئی ہے۔“

یہ کتاب درمیانے کاغذ وطباعت میں کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔ کتاب پر ناشر کا پتہ درج نہیں ہے، البتہ رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر دیا گیا ہے:0316-9870299