مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

مسجد اور کمیٹی سے متعلقہ اہم مسائل او ران کا حل
مرتب: قاری محمد شفیق یوسف زئی، مولانا راشداسلام یوسف زئی
صفحات:559 سائز:23×36=16
ناشر: مکتب تجوید القرآن ومکتب بیت القرآن، فیوچر کالونی، لانڈھی، کراچی نمبر22

اسلام میں مسجد کو بڑی اہمیت حاصل ہے او رایک مسلمان کا اسلامی تعلیمات اور الله تعالیٰ کی طاعت وبندگی کے ساتھ وابستہ رہنے میں مسجد کا اہم اوربنیادی کردار ہے۔ برصغیر پاک وہند میں جس طرح مدارس کا نظام حکومت سے تعاون لیے بغیر عام مسلمان خود ہی سرانجام دیتے ہیں اسی طرح مساجد کا انتظام وانصرام بھی عام مسلمانوں کے چندے سے کیا جاتا ہے او راس کے نظم ونسق کو عام طور پر نمازیوں کے مخصوص افراد پر مشتمل ایک کمیٹی چلاتی ہے۔

جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ زیر نظر کتاب میں مسجد اور اس کی کمیٹی سے متعلق مسائل واحکام کو مرتب کرکے کتابی صورت میں پیش کیا گیا ہے، جس میں مسجد کے فضائل، آداب، احکام ومسائل، نمازیوں کے متعلق مسائل، متولی اور انتظامی کمیٹی سے متعلق امور، امام ومؤذن اور خدام سے متعلق امور، مسجد کے چندے، مملوکہ سامان اور وقف شدہ چیزوں سے متعلق مسائل واحکام جامع او رمرتب انداز واسلوب میں بیان کیے گئے ہیں۔ خاتمہ میں مشکل اور اصطلاحی الفاظ کے معانی لغت نامہ (فرہنگ) کے عنوان سے بیان کیے گئے ہیں، تاکہ عوام الناس کے لیے کتاب سے استفادہ آسان ہو اور کسی اصطلاح اور لفظ کے معنی سے ناواقفیت کی صورت میں لغت نامہ کی طرف رجوع کیا جاسکے۔

کتاب میں درج شدہ مسائل ملک کے مستند دارالافتاؤں سے استفتاء کی صورت میں حاصل کیے گئے اور اس کے لیے بڑی محنت وسعی کی گئی۔ فتاوی کے حوالہ جات کو مختصر کرکے بقدر ضرورت عبارت حاشیہ میں دی گئیہے، البتہ فتوی نمبر اور مفتیان کرام کے نام فتوی کے ساتھ درج کر دیے گئے ہیں۔ مسجد سے متعلق احکام ومسائل کی بہت زیادہ ضرورت پڑتی ہے اور پھر یکجا زیادہ مسائل کا ملنا مشکل ہوتا ہے، کتاب کے مرتبین نے یہ جامع اور وقیع کاوش انجام دے کر مسجد کی بڑی خدمت کی ہے۔ الله تعالیٰ ان کی اس کاوش کو مقبول ونافع بنائے اور اہل اسلام کو اس سے مستفید ہو کر مساجد کے انتظام وانصرام کو شریعت مطہرہ کے احکام کے مطابق انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

یہ کتاب متوسط کاغذ پر خوب صورت انداز میں شائع کی گئی ہے، ملنے کا پتہ ہے : الحسن بک ڈپو، نزدفاروقیہ مسجد، فیوچر کالونی، لانڈھی، کراچی نمبر22، فون نمبر:0311-1260722

ابی ومرشدی
تالیف: زکیہ طورو
صفحات:140 سائز:23×36=16
ناشر: الفتح پرنٹرز اینڈ پبلشرز،67-A ،سمال انڈسٹریل اسٹیٹ،حیات آباد، پشاور

مولانا سیدمحمد امین الحق طورو دارالعلوم دیوبند کے قدیم فاضل، حضرت مولانا سید محمد انور شاہ کشمیری رحمة الله علیہ کے شاگرد رشید اورحضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمة الله علیہ کے خلیفہٴ مجاز تھے، دارالعلوم دیوبند سے ان کا سن فراغت1340ھ بمطابق1921ء ہے، ابتداء میں کچھ عرصہ مدرسہ میں درس وتدریس کی او رپھر زندگی کا طویل حصہ شیخو پورہ کی جامع مسجد میں خطیب کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، انہوں نے کئی علمی موضوعات پر قلم بھی اٹھایا، فتنہ انکار حدیث کے خلاف ان کی کتاب” بصائر السنہ“ اہل علم سے داد تحسین حاصل کرچکی ہے، ان کی صاحبزادی زکیہ طورو نے زیر نظر کتاب میں ان کے حالات زندگی قلم بند کیے ہیں، جس میں ان کا خاندانی پس منظر ،تعلیمی مراحل، دینی وعلمی خدمات اور سوانح سے متعلق دیگر اہم اور ضروری امور پرروشنی ڈالی گئی ہے، کتاب میں حضرت مولانا سیدمحمد انور شاہ کشمیری رحمة الله علیہ کے قلم سے لکھی گئی سند کا عکس ، دارالعلوم دیوبند کی سند کا عکس اور مولانا امین الحق طورو رحمة الله علیہ کے دورہٴ حدیث کے ہم درس رفقاء کے ناموں کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے، جن میں کئی اہم اہل علم کے علاوہ حضرت مولانا شمس الحق افغانی رحمة الله علیہ کا نام بھی موجود ہے۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک عمدہ، قابل قدر او راچھی علمی کاوش ہے کہ اس میں ایک عالم ربانی کے حالات زندگی اور حیات کے سنہری نقوش میں جمع کر دیے گئے ہیں، جو آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔

کتاب کا ورق اعلیٰ اور طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔

تفسیرانوار القرآن
افادات: حضرت مولانا عبدالله درخواستی
صفحات:432 سائز:20×30=8
ناشر: جامعہ انوار القرآن، سیکٹر11-C-1 آدم ٹاؤن، نارتھ کراچی

حافظ الحدیث حضرت مولانا عبدالله درخواستی رحمة الله علیہ کے علوم ومعارف او رخدمات دینیہ کو الله تعالیٰ نے زبردست شرف قبولیت سے نوازا تھا اورآپ کے فیض سے ایک عالم مستفید ہوا، قرآن مجید کی تفسیر کے حوالے سے بھی آپ کی خدمات بہت نمایاں تھیں اورآپ کے دورہٴ تفسیر سے بڑے بڑے علماء نے استفادہ کیا ۔ قرآن مجیدکی یہ تفسیر حضرت درخواستی رحمة الله علیہ کے تفسیری افادات پر مشتمل ہے، جنہیں آپ کے صاحبزادے مولانا فداء الرحمن درخواستی  نے مرتب کیا ہے۔ اس وقت پیش نظر اس کی پہلی جلد ہے ، جو قرآن مجید کے پہلے بارے کی تفسیر پر مشتمل ہے۔ ابتداء میں حافظ الحدیث حضرت درخواستی رحمة الله علیہ کے مختصر حالات زندگی اور مقدمہٴ تفسیر بھی شامل کیا گیا ہے۔ حضرت درخواستی رحمة الله علیہ کے تفسیری افادات کا یہ مجموعہ اہل علم کے لیے ایک علمی سوغات ہے، خصوصاً علم تفسیر سے شغف رکھنے والے حضرات اس سے ضرور مستفید ہوں ۔ الله تعالیٰ اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے اور اس کی تکمیل کی توفیق عطافرمائے۔کتاب کی طباعت معیاری ہے۔