ربیع الاول میں سفید کپڑے بنانا اور اس کی خرید وفروخت کرنے کا حکم

ربیع الاول میں سفید کپڑے بنانا اور اس کی خریدوفروخت کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ربیع الاول میں سفید کپڑے بنانا اور اس کی خریدوفروخت کا کیا حکم ہے؟

جواب

واضح رہے کہ سفید کپڑا پہننا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پسندیدہ لباس ہے، چاہے ربیع الاول میں ہو، یا ربیع الاول کے علاوہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردوں کے لیے صرف سرخ رنگ کے کپڑے پہننے سے منع فرمایا ہے، باقی سفید کپڑے بنانے اور اس کی خریدوفروخت کرنے میں کوئی حرج نہیں، البتہ سفید لباس کو خاص ایام کے ساتھ متعین کرنا اور اس کو زیادہ ثواب کا باعث سمجھنا درست نہیں۔
لما في سنن أبي داود:
’’عن ابن عباس رضي اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: البسوا من ثیابکم البیاض، فإنھا من خیر ثیابکم، وکفنوا فیھا موتاکم وإن خیر أکحالکم الإثمد: یجلو البصر وینبت الشعر‘‘.(باب في البیاض، رقم الحدیث: ٤٠٦١، ص: ٥٧٣:دار السلام للنشر والتوزیع).
وفی الشامیۃ:
’’إذا تردد الحکم بین سنۃ وبدعۃ کان ترک السنۃ راجحا علی فعل البدعۃ‘‘.(باب مایفسد الصلاۃ وما یکرہ فیھا،مطلب إذا تردد الحکم بین سنۃ وبدعۃ کان ترک السنۃ أولیٰ:۴۹۳/۲،رشیدیۃ).فقط.واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب.
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:181/33