افضل صدقہ کیا ہے؟

افضل صدقہ کیا ہے؟

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اللہ تعالی کو سب سے اچھا صدقہ کون سا پسند ہے؟

جواب

نفلی صدقات میں افضلیت موقع، محل اور ہر شخص کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے، نقدی دینا کھانا دینے کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے، تنگ دست رشتہ دار کو صدقہ دینا بمقابلہ عام فقیر کے زیادہ بہتر ہے، رشتہ دار کو دینے میں صلہ رحمی اور صدقہ دونوں پائے جاتے ہیں، اسی طرح مدارس دینیہ کے طلباء کرام کو دینے سے صدقہ اور اشاعت دین میں مدد ہوگی۔
لمافي الجوهرة النيرة:
’’ذكر في الفتاوى: أن أداء القيمة أفضل، وعليه الفتوى؛ لأنه أدفع لحاجة الفقير‘‘.(كتاب الزكاة، باب صدقة الفطر:325/1، دار الكتب العلمية)
وفي الدر المختار:
’’وفي المعراج:التصدق على العالم الفقير أفضل‘‘.(كتاب الزكاة، باب المصرف: 256/3، رشيدية)
وفي الدر مع الرد:
’’في الظهيرية: لا تقبل صدقة الرجل وقرابته محاويج حتى يبدأ بهم فيسد حاجتهم‘‘.(كتاب الزكاة، باب المصرف: 255/3، رشيدية).فقط.واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب.
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:176/191