کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام درج ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ایزی پیسہ میں ایک آپشن BNPL Loan(Buy Now Pay Later/یعنی ابھی خریدیں ادائیگی بعد میں کریں) ہوتا ہےکہ اگر کسی کے پاس پیسے نہ ہوں، تو فی الحال پیکج ادھار کرالیں اور ادائیگی بعد میں کریں، یہ لون/ادھار کی مدت سات یا چودہ دن لی جاسکتی ہے، دونوں صورتوں میں بوقت ادائیگی کچھ اضافی فیصد لیے جاتے ہیں، تاخیر کی صورت میں جرمانہ لگے گا۔ جتنا بروقت ادائیگی کریں، اکاؤنٹ سے جس قدر ٹرانزیکشن ہوں، جتنی رقم اکاونٹ میں رکھی جائے اس کے مطابق ’’قدر‘‘ مقرر ہوتی ہے، جس کی بنا پر لون/ادھار کی مقدار اور مدتِ ادائیگی میں مراعات ملتی ہے۔ مثلاً: یوفون کا ایک پیکج جس (میں ایس ایم ایس، کال، انٹرنیٹ وغیرہ شامل ہیں) کی عام قیمت 749 روپے ہے، جبکہ مذکورہ بالا سہولت کی جائے تو یہ پیکج 786.45 روپے کا ہوگا، جس میں پانچ فیصد اضافی وصولی کی جاتی ہے، اس سہولت کا شرعی حکم کیا ہوگا؟
صورت مسئولہ میں ذکرکردہ معاملے کی شرعی حیثیت ادھار کی ہے، اور ادھار میں یہ شرط لگانا کہ ادائیگی قیمت میں تاخیر ہونے کی صورت میں جرمانہ لگے گا، یہ شرط قرض پر مشروط اضافہ ہے جو کہ حرام ہے۔لما في التنزیل:
«وأحل اللہ البیع وحرم الربوا».(سورۃ البقرۃ:275)
وفي رد المحتار:
’’قولہ: (کل قرض جر نفعا حرام) أي: إذا کان مشروطا کما علم مما نقلہ عن البحر‘‘. (کتاب البیوع، مطلب کل قرض جر نفعا حرام:413/7، رشیدیۃ).
فقط.واللہ تعالٰی اعلم بالصواب.
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:178/307