صورِ اسرافیل علیہ السلام وہ لمحہ جب قیامت ہوگی

idara letterhead universal2c

صورِ اسرافیل علیہ السلام وہ لمحہ جب قیامت ہوگی

ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی

سورة القارعہ کا آسان ترجمہ: یاد کرو وہ واقعہ جو دِل دہلاکر رکھ دے گا۔ کیا ہے وہ دل دہلانے والا واقعہ؟ اور تمہیں کیا معلوم وہ دل دہلانے والا واقعہ کیا ہے؟ جس دن سارے لوگ پھیلے ہوئے پروانوں کی طرح ہوجائیں گے۔ اور پہاڑ دھنکی ہوئے رنگین اُون کی طرح ہوجائیں گے۔ جس شخص کے پلڑے وزنی ہوں گے (یعنی جس نے دنیا میں اچھے اعمال کیے ہوں گے) تو وہ من پسند زندگی میں ہوگا (یعنی جنت میں ہوگا)۔ اورجس کے پلڑے ہلکے ہوں گے (یعنی جس نے دنیا میں اپنی خواہش کی اتباع کی ہوگی) تو اس کا ٹھکانا ایک گہرا گڑھا ہوگا اور تمہیں کیا معلوم کہ وہ گہرا گڑھا کیا چیز ہے؟ وہ ایک دہکتی ہوئی آگ ہے (جس میں اللہ کے نافرمانوں اور گناہ گاروں کو ڈالا جائے گا)۔

قرآن وحدیث کی روشنی میں پوری امّت مسلمہ کا اتفاق ہے کہ ایک روز حضرت اسرافیل علیہ السلام کے صور سے پوری کائنات میں ایسا زلزلہ آئے گا کہ دودھ پلانے والی مائیں اپنے دودھ پیتے بچوں کو بھول جائیں گی اور حاملہ عورتوں کے حمل ساقط ہوجائیں گے۔ چیخ وپکار اور زلزلے کی شدت بڑھتی جائے گی، جس سے تمام انسان اور جانور مرنا شروع ہوجائیں گے ، یہاں تک کہ کائنات میں کوئی بھی زندہ باقی نہ بچے گا، جیسا کہ سورة الرحمٰن میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:اس زمین میں جو کوئی ہے وہ فنا ہونے والا ہے اور صرف تمہارے پروردگار کی جلال والی ، فضل وکرم والی ذات باقی رہ جائے گی۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اس دن کا بار بار ذکر فرمایا ہے، صرف یوم القیامہ کا لفظ جگہوں پر وارد ہوا ہے۔ دیگر مذہبی کتابوں میں بھی اس دن کا تذکرہ ملتا ہے، حتی کہ عیسائی اور یہودی بھی اِس دن کو برحق مانتے ہیں۔ عقل کا تقاضا بھی یہی ہے کہ دنیا کے اِس عظیم نظام کا آخر کوئی اہم مقصد ضرور ہونا چاہیے اور اِس عجیب وغریب نظام کو چلانے والی ایک بہت بڑی ذات ہونی چاہیے، جس کی طاقت کا ہم اندازہ نہیں لگاسکتے اور اس دنیا میں کیے گئے اچھے اور برے اعمال کی جزا یا سزا بھی ملنی چاہیے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں مختلف انداز سے اس دن کی ہول ناکی کو ذکر کیا ہے۔ چند آیات کا ترجمہ پیش ہے:جب سورج لپیٹ دیا جائے گا اور جب ستارے ٹوٹ ٹوٹ کر گریں گے اور جب پہاڑوں کو چلایا جائے گااور جب سمندروں میں طغیانی آجائے گی اور جب آسمان کا چھلکا اتاردیا جائے گا اور جب دوزخ بھڑکائی جائے گی اور جب جنت قریب کردی جائے گی، تو اُس وقت ہر شخص کو اپنا سارا کیا دھرا معلوم ہوجائے گا۔ (سورةالتکویر) جب آسمان چِر جائے گا اور جب ستارے جھڑ پڑیں گے اور جب سمندروں کو اُبال دیا جائے گا اور جب قبریں ا کھاڑ دی جائیں گی، اُس وقت ہر شخص کو پتا چل جائے گا کہ اُس نے کیا آگے بھیجا اور کیا پیچھے چھوڑا، یعنی کیا اعمال کیے۔ (سورة الانفطار)

روزقیامت کے حوالے سے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: جب آسمان پھٹ جائے گا۔ جب زمین کو کھینچ دیا جائے گا (یعنی زمین کو ربڑ کی طرح کھینچ کر موجودہ سائز سے بہت بڑا کردیا جائے گا، تاکہ اس میں دنیا کے وجود سے لے کر قیامت تک کے سارے لوگ سماسکیں۔) اور اُس کے اندر جو کچھ ہے، وہ اُسے باہر پھینک دے گی اور خالی ہوجائے گی۔ اے انسان!تواپنے پروردگار کے پاس پہنچنے تک مسلسل کسی محنت (اللہ کی اطاعت) میں لگا رہے گا، یہاں تک کہ اُس سے جا ملے گا۔ (سورة الانشقاق)

ارشادِ ربانی ہے: اللہ وہ ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ تمہیں ضرور بالضرور قیامت کے دن جمع کرے گا جس کے آنے میں کوئی شک نہیں ہے۔ اور کون ہے جو اللہ سے زیادہ بات کا سچا ہو؟ (سورة النساء ) (ترجمہ)یقین جانو فیصلے کا دن ایک متعین وقت ہے۔ جس دن صور پھونکا جائے گا تو تم سب فوج در فوج چلے آو گے اور جب آسمان کھول دیا جائے گاتو اُس کے دروازے ہی دروازے بن جائیں گے۔ اور جب پہاڑوں کو چلایا جائے گا تو وہ ریت کے سراب کی شکل اختیار کرلیں گے۔

یقین جانو جہنم گھات لگائے بیٹھی ہے۔ وہ سرکشوں کا ٹھکانا ہے۔ جس میں وہ مدتوں اس طرح تکلیفوں میں رہیں گے کہ وہ اُس میں نہ ٹھنڈک کا مزا چکھیں گے اور نہ پینے کے قابل کوئی چیز اُن کو دی جائے گی، سوائے گرم پانی اور پیپ ولہو کے۔ یہ اُن کا پورا پورا بدلہ ہوگا۔ وہ اپنے اعمال کے حساب کا عقیدہ نہیں رکھتے تھے اور انہوں نے ہماری آیتوں کو بڑھ چڑھ کر جھٹلایا تھا۔ اور ہم نے ہر چیز کو لکھ کر محفوظ کررکھا ہے۔ اب مزا چکھو! اس لیے کہ ہم تمہارے لیے سزا کے سوا کسی چیز میں اضافہ نہیں کریں گے۔ (سورة النباء )

(ترجمہ)ہم اُنہیں قیامت کے دن منہ کے بل اس طرح اکٹھا کریں گے کہ وہ اندھے، گونگے اور بہرے ہوں گے۔ ان کا ٹھکانا جہنم ہوگا۔ جب کبھی اُس کی آگ دھیمی ہونے لگے گی ، ہم اسے اور زیادہ بھڑکا دیں گے۔ یہ اُن کی سزا ہے ،کیوں کہ انہوں نے ہماری آیتوں کا انکار کیا تھا، اور یہ کہا تھا کہ کیا جب ہم مر کر ہڈیاں ہی ہڈیاں رہ جائیں گے اور چورا چورا ہوجائیں گے تو کیا پھر بھی ہمیں نئے سرے سے زندہ کرکے اٹھایا جائے گا؟ بھلا کیا اُنہیں اتنی سی بات نہ سوجھی کہ وہ اللہ جس نے سارے انسانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے، وہ اس پر قادر ہے کہ ان جیسے آدمی پھر سے پیدا کردے؟ اور اُس نے اُن کے لیے ایک ایسی میعاد مقرر کر رکھی ہے جس کے آنے میں ذرا بھی شک نہیں ہے۔ (سورة الاسراء )
قیامت کا دن پچاس ہزار سال کے برابر ہوگا ،جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں ذکر فرمایا ہے۔ لیکن قیامت کب آئے گی؟ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو اِس کا علم نہیں ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں متعدد مرتبہ ذکر فرمایا۔ اِس وقت صرف ایک آیت پیش ہے: یہ لوگ آپ سے قیامت کے متعلق پوچھتے ہیں کہ وہ کب واقع ہوگی؟ آپ فرمادیجیے کہ اس کا علم صرف میرے رب کے پاس ہے۔ وہی اُسے اپنے وقت پر کھول کر دکھائے گا، کوئی اور نہیں۔ وہ آسمانوں اور زمین میں بڑی بھاری چیز ہے۔ جب آئے گی تو تمہارے پاس اچانک آجائے گی۔ (سورة الاعراف)

حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ایک مرتبہ شہادت اور درمیان والی انگلی کو ملاکر ارشاد فرمایا کہ جس طرح یہ دونوں انگلیاں ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہیں ، بس سمجھیں کہ میں بھی قیامت کے ساتھ اس طرح بھیجا گیا ہوں۔ (صحیح مسلم) یعنی حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم وقیامت کے درمیان کا وقت دنیا کے وجود سے لے کر حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی بعثت تک گزرے ہوئے زمانے کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ حضرت اسرافیل علیہ السلام اپنی پیدائش کے وقت سے لے کر اب تک صور اپنے منھ پر رکھے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حکم کے انتظار میں ہیں ،جیسے ہی حکم ہوگا ویسے ہی وہ صور پھونک دیں گے۔ (مسند احمد) نیز نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرما یا کہ جمعہ سارے دنوں کا سردار ہے اور جمعہ کے روز ہی قیامت قائم ہوگی۔ (ابن ماجہ) صور دو مرتبہ پھونکا جائے گا، پہلے صور کے بعد اُس وقت موجود ساری مخلوق مرجائے گی اور دوسرے صور کے بعد زندہ ہوجائے گی۔ (سورة الزمر ومسلم) دونوں صور پھونکنے کی درمیانی مدت اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔ (صحیح مسلم)

صور کی شکل کسی جانور کے سینگ کی طرح ہوگی، جس میں پھونک ماری جائے گی۔ (ترمذی) صور کی آواز اس قدر شدید ہوگی کہ جیسے جیسے لوگ اس کی آواز سنتے جائیں گے مرتے جائیں گے۔ (صحیح مسلم) دوسرے صور کے بعد لوگ قبروں سے اٹھ کر گروہ در گروہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں حاضر ہونا شروع ہوجائیں گے۔ (سورة النباء ) لوگ اپنی قبروں سے اس تیزی سے اٹھیں گے جس تیزی سے ٹڈیاں فضا میں بکھرتی ہیں۔ (سورة القمر)

دنیا کے وجود سے لے کر قیامت تک سارے انسان میدان حشر میں جمع ہوجائیں گے۔ (سورة الکہف ) حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:قیامت کے دن سورج مخلوق سے صرف میل بھر فاصلے پر آجائے گا اور لوگ اپنے اعمال کے مطابق پسینے میں ڈوبے ہوئے ہوں گے، کوئی ٹخنوں تک، تو کوئی گھٹنوں تک پسینے میں ڈوبا ہوا ہوگا۔ لیکن نیک لوگوں کے لیے حشر کا پچاس ہزار سال کا طویل عرصہ ایک گھڑی کے برابر محسوس ہوگا۔ (طبرانی، صحیح ابن حبان)
حشر کی گرمی، پسینہ اور طویل مدت سے تنگ آکر اللہ کے نافرمان لوگ دعا کریں گے کہ یا اللہ!ہمیں حشر سے نجات دے ،خواہ انہیں جہنم میں ہی ڈال دیا جائے۔ حوض کوثر قیامت کے میدان میں ہوگا۔ حوض کوثر پر نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی امت جنت میں داخل ہونے سے قبل پانی پئے گی۔ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم اس حوض کے وسط میں تشریف فرما ہوں گے۔ حوض کوثر کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، برف سے زیادہ ٹھنڈا، شہد سے زیادہ میٹھا ہوگا۔
اس کی تہہ کی مٹی مشک سے زیادہ خوش بودار ہوگی۔ جو اس کا پانی پی لے گا، اسے پھر کبھی پیاس نہ لگے گی۔ قیامت کے دن گرمی اپنے شباب پر ہوگی اور ہر آدمی کو بمشکل دو قدم رکھنے کے لیے جگہ ملے گی، مگر اس سخت پریشانی کے وقت بھی سات قسم کے افراد ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ اپنے (رحمت کے)سایہ میں جگہ عطا فرمائے گا اور اس دن اس کے سایے کے سوا کوئی سایہ نہ ہوگا۔

ایک انصاف پسند بادشاہ۔ دوسرا وہ نوجوان جس نے اپنی جوانی اللہ کی عبادت میں لگائی۔ تیسرا اللہ کا وہ نیک بندہ جس کا دل مسجد سے اٹکا ہوا ہو یعنی وقت پر نماز ادا کرتا ہو۔ چوتھا وہ شخص جو اللہ کے لیے محبت کرتا ہو اور اللہ کے لیے ہی دشمنی کرتا ہو۔ پانچواں شخص وہ ہے جسے خوب صورت لڑکی بدکاری کی دعوت دے تو دہ کہے کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں۔ چھٹا شخص وہ ہے جو چپکے سے لوگوں کی مالی مدد کرے اور ساتواں خوش نصیب شخص وہ ہے جس نے تنہائی میں اللہ کو یاد کیا ہو اور اللہ کے خوف سے اس کے آنسو بہہ گئے ہوں۔ (صحیح بخاری)

احادیث میں مذکور ہے کہ میدان حشر میں طویل مدت تک بھوکے پیاسے، شدید گرمی اور بدبودار پسینے میں شرابور لوگ تنگ آکر انبیائے کرام علیہم السلام کی خدمت میں حاضر ہوں گے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے حساب کتاب شروع کرنے کی سفارش کریں۔ تمام انبیائے کرام علیہم السلام سفارش کرنے سے انکار فرمادیں گے۔ آخر میں لوگ سید الانبیاء وافضل البشر حضرت محمد مصطفیٰ صلی الله علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوں گے، چناں چہ آپ صلی الله علیہ وسلم حساب کتاب شروع کرنے کی اللہ تعالیٰ سے سفارش فرمائیں گے۔ اسی کو شفاعت ِکبری کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی عدالت قائم ہوگی۔ انسان کے ہاتھ، پاوں اور دیگر اعضاء خود انسان کے اعمال کو بیان کریں گے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے متعدد مرتبہ قرآن میں ذکر فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو بغیر حساب کتاب کے جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے۔ (آمین)