رمضان شروع ہونے سے پہلے دوسرے ملک سفر کرنا

رمضان شروع ہونے سے پہلے دوسرے ملک سفر کرنا

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص کی فلائٹ ہے امریکا سے امارات، امریکا سے رات 09 بجے پرواز کرے گی، امریکا میں رمضان شروع ہوچکا ہوگا، دورانِ پرواز روزے کی نیت کیسے کرے گا؟ 14 گھنٹے کی فلائٹ ہے، ابو ظہبی شام 05 بجے پہنچیں گے، جبکہ وہاں رمضان شروع نہیں ہوا، روزے افطار کی کیا ترتیب ہوگی؟ رہنمائی فرمائیں۔

جواب

صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص جب امریکہ میں تھا، تو اس وقت صرف رمضان المبارک شروع ہوا تھا، روزہ رکھنے کا وقت شروع ہونے سے پہلے پہلے وہ ابو ظہبی روانہ ہوگیا تھا، اور ابو ظہبی پہنچنے پر وہاں رمضان المبارک شروع نہیں ہوا تھا، تو یہ شخص ابوظہبی میں رہ کر جب رمضان المبارک کا چاند نظر آئے، تو روزے رکھنا شروع کرے۔
لما في التنزیل العزیز:
«فمن شھد منکم الشھر فلیصمہ».(سورۃ البقرۃ:185)
وفي صحیح البخاري:
’’حدثنا محمد بن زیاد قال سمعت أبا ھریرۃ رضي اللہ عنہ یقول: قال النبي صلی اللہ علیہ وسلم أو قال: قال أبو القاسم صلی اللہ علیہ وسلم : صوموا لرؤیتہ وأفطروا لرؤیتہ، فإن غبي علیکم، فأکملوا عدۃ شعبان ثلاثین‘‘. (باب قول النبي ﷺ إذا رأیتم الھلال فصوموا....، رقم الحدیث:1909، دارالسلام).
وفي التاتارخانیۃ:
’’وفي القدوري: إذا کان البلدتین تفاوت لایختلف المطالع، لزم حکم أھل إحدی البلدتین البلدۃ الأخریٰ، فأما إذا کان تفاوت یختلف المطالع ، لم یلزم حکم إحدی البلدتین البلدۃ الأخریٰ‘‘. (کتاب الصوم، الفصل الثاني:365/3، فاروقیۃ).فقط.واللہ تعالٰی اعلم بالصواب.
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی(فتویٰ نمبر:178/306)