افواجِ پاکستان دورانِ مشق مسافر ہوں گے،یا مقیم؟

افواجِ پاکستان دورانِ مشق مسافر ہوں گے،یا مقیم؟

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مندرجہ ذیل  مسئلہ کے بارے میں کہ افواج پاکستان مشقوں کے دوران مقیم ہیں یا مسافر، کیوں کہ بعض اوقات ان کو معلوم ہو جاتا ہے کہ یہاں پندر دن سے زیادہ رہنا ہے؟

جواب

مشقوں کے دوران اگر جنگل ، پہاڑ وغیرہ غیر آباد وناقابل رہائش جگہوں میں پڑاؤ ڈالا جائے تو چاہے پندرہ دن سے زیادہ کیوں نہ ٹھہریں،مسافر ہی کے حکم میں شمار ہوں گے اور اگر گاؤں یا شہر ( قابل رہائش جگہ)میں ٹھہریں تو پندرہ دن کی نیت اقامت کر لینے سے مقیم شمار ہوں گے، ورنہ مسافر۔

''ثم نیۃ الإقامۃ لا تصح إلاّ فی موضع الإقامۃ ممن یتمکن من الإقامۃ، وموضع الإقامۃ العمران و البیوت المتخذہ من الحجر والمدر والخثب، لا الخیام والأخبیۃ و الوبر.'' (قاضی خان علی ھامش الھندیہ،١/١٦٥، ماجدیۃ)

''وکذا لا تصح نیۃ الإقامۃ فی الصحراء الاّ من أھل الأخبیۃ.'' (الحلبی الکبیر، ص٥٤٠، سھیل اکیڈیمی).فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی