کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ اگر فرض نماز کی تیسری یا چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد غلطی سے کوئی چھوٹی سورت شروع کر دی،یا قعدہ اولیٰ میں تشہد کے بعد درود شریف شروع کر دیا، تو کیا ایسی صورت میں سجدہ سہو کے ساتھ نماز پوری کی جاسکتی ہے، جواب سے آگاہ فرمائیں۔
تشہد کے بعد بھول کر درود پڑھنے پر سجدہ سہو واجب ہوتا ہے ،جب کہ”اللھم صلی علیٰ محمد” تک پڑھ لیا جائے،لیکن بھول کر اگر سورۃ تیسری یا چوتھی رکعت میں ملا دے تو اس پر سجدہ سہو واجب نہیں ہوتا۔
"وفي أظھر الروایات لا یجب- سجود السھو،لأن القراء ة فیھما مشروعة من غیر تقدیر، والاقتصار علی الفاتحہ مسنون لا واجب"(شامی ۲: ۱۵۰،مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند).
فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی