کیا فرماتے ہیں علما ئے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ایک گھر میں ماں، باپ، بہن، بھائی سب ساتھ رہتے ہیں، ان میں سے ایک لڑکی رمضان میں اعتکاف کرتی ہے۔ وہ لڑکی ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں آجائے اور سب کے ساتھ افطاری کرے، سب کے ساتھ سحری کرے اور گھر کے کام بھی کرے، کیا یہ اس کے لیے جائز ہے؟
خواتین کے لیے اپنی جائے اعتکاف سے نکل کر گھر کے کام کاج کرنا صحیح نہیں ہے اور افطاری کے لیے بھی اس جگہ سے نہیں نکلنا چاہیے۔ بلکہ اسی جگہ میں افطاری کرے اور ضرورت کے بغیر اس کمرے سے باہر نہ جائے۔’’(أو) لبث (امرأۃ في مسجد بیتہا) ویکرہ في المسجد، ولا یصح في غیر موضع صلاتہا من بیتہا کما إذا لم یکن فیہ مسجد ولا تخرج من بیتہا إذا اعتکفت فیہ‘‘.(الدر المختار، کتاب الصوم، باب الاعتکاف:٤٤١/۲، سعید)
(وکذا في البحر الرائق:کتاب الصوم،باب الاعتکاف:۵۲۳/۲،دارالکتب العلمیۃ).
فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی