تراویح میں بھولنے پر لقمہ دینے کا طریقہ

تراویح میں بھولنے پر لقمہ دینے کا طریقہ

سوال

کیافرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر تراویح میں امام بھول کر تیسری رکعت پر کھڑا ہو جائے تو مقتدیوں کو کن الفاظ کے ذریعے امام کو اس کا سہو یاد دلانا چاہیے۔

جواب

تیسری رکعت کا سجدہ کرنے سے پہلے مقتدیوں کو لفظ”سبحان اللہ ”کہنا چاہیے تا کہ امام واپس قعدہ میں بیٹھ جائے۔

ولو عرض للإمام شيء فسبح المأموم لا بأس بہ: لأن القصد بہ إصلاح الصلاۃ. (الھندیۃ،کتاب الصلاۃ، الباب السابع فیما یفسد الصلاۃ وما یکرہ: ١/٩٩، رشیدیۃ)

مسئلہ :تراویح میں امام کو قرأت وغیرہ میں بھولنے پر لقمہ دینے کے لیے نابالغ حافظ کو مقرر کرنا جائز ہے اور یہ نابالغ حافظ جب امام کے ساتھ نماز میں ہو اور امام کولقمہ دے تو جائز ہے اس سے نماز فاسد نہیں ہوتی۔

وَإِن فَتَحَ عَلَی إمامہ لم تَفْسُدْ۔۔۔۔ وَفَتْحُ الْمُرَاہِقِ کَالْبَالِغِ.(الھندیۃ، کتاب الصلاۃ، الباب التاسع فیما یفسد الصلاۃ، ومایکرہ: ١/٩٩، رشیدیۃ)

مسئلہ:مردوں کو صف اول میں امام کے پیچھے نابالغ حافظ غلطی بتلانے کو غرض سے کھڑا کرنا بھی جائز ہے۔ (أحسن الفتاویٰ، مسائل التراویح: ٣/٥١٦، ایچ ایم سعید).فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی