قرآن اور حدیث کے انوارات سے محرومی کی وجہ

idara letterhead universal2c

قرآن اور حدیث کے انوارات سے محرومی کی وجہ

استاذ المحدثین حضرت مولانا سلیم الله خان

آپ نے دیکھا ہے کہ وہ لوگ جو عیسائی ہیں یا یہودی ہیں وہ ہمارے انہی قرآن اور حدیث کو پڑھتے ہیں اور پڑھاتے ہیں اور ان کے بڑے بڑے ادارے اس مقصد کے لیے قائم ہیں، جس کے اندر ہمارے دورہٴ حدیث تک کا مکمل نصاب پڑھایا جاتا ہے، ان میں بڑے بڑے عالم بھی ہیں، حدیث کے علماء بھی موجود ہیں، حدیث اور تفسیر میں تحقیق اور ریسرچ کے لیے ان کے یہاں باقاعدہ علماء مقرر اور متعین ہیں اور اسی طرح دوسرے معاون علوم جیسے صرف، نحو، لغت، علم ادب، اس میں بھی ان کے یہاں بڑے بڑے علماء موجود ہیں، آج بھی موجود ہیں، پہلے بھی موجود تھے، ان کی کتابیں بھی شائع ہوتی ہیں اور ہم تک پہنچتی بھی ہیں، ان کی بعض کتابیں ہمارے زیر مطالعہ بھی آتی ہیں، جیسے لغت کی کتاب ”المنجد“۔ آپ سب اس سے واقف ہیں کہ یہ ایک عیسائی کی لکھی ہوئی ہے، لیکن ان کا نقطہٴ نظر ایمان کی تائید اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی علوم کی توثیق نہیں ہے، ان کے سامنے ان علوم میں نقص اور عیب نکالنا ہے، کتابی علم تو بے ایمان لوگ بھی حاصل کرتے ہیں، اسی طریقے سے تقویٰ کے بغیر بھی لوگ کتابی علم حاصل کرتے ہیں اور اس کتابی علم کی بنا پر متون بھی ان کو یاد ہو جاتے ہیں، شروح پر بھی ان کی نظر ہوتی ہے، حواشی سے بھی وہ استفادہ کرتے ہیں، لیکن ان کے پاس نور نہیں ہوتا اور آپ یہ بات یاد رکھیں اور اس کو اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ جو آدمی معاصی کا ارتکاب کرتا ہے اس کو علم حاصل نہیں ہوتا۔ یا ارتکاب معصیت سے پہلے اس نے علم حاصل کیا تھا تو معاصی کے ارتکاب کے بعد وہ علم باقی نہیں رہتا، معاصی کا ارتکاب کرنے والا علوم سے محروم رہ جاتا ہے اور ارتکاب معصیت سے مراد ہے ”اس کو عادت بنانا“ یوں بتقاضائے بشریت انسان سے گناہ ہو جائے اور وہ فوراً توبہ اور تلافی کر لے تو وہ اس محرومی میں داخل نہیں، بتقاضائے بشریت انسان سے صغیرہ، کبیرہ دونوں طرح کے گناہ سرزد ہوسکتے ہیں، لیکن اس کے لیے حکم یہ ہے کہ اپنی شرائط کے ساتھ توبہ واستغفار کیا جائے اور علم والوں کو معلوم ہے کہ ہر گناہ سے توبہ کرنے کا اپنا طریقہ ہے، نمازیں قضا ہوتی ہیں تو توبہ تب مقبول ہے کہ قضا کو ادا کرنے کی بھی فکر کرے، کسی کا حق ضائع کیا ہے تو اسے ادا کرے یا معاف کرائے وغیرہ، تو اللہ تبارک وتعالیٰ اس توبہ واستغفار کی برکت سے اس معصیت کی نحوست کو ختم فرما دیتے ہیں اور یہ انسان محروم نہیں ہوگا۔

مجالس علم و ذکر سے متعلق