شریعت میں اشعار پڑھنے کا حکم

Darul Ifta mix

شریعت میں اشعار پڑھنے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اشعار پڑھنا گناہ ہے یا نہیں؟ جس طرح کے اشعار بھی ہوں اچھے یا بُرے واضح فرمائیں۔

جواب 

ا شعار کا دارمدار اشعار کے مضمون پر ہے ، اگر مضمون مندرجہ ذیل چیزوں سے پاک ہو تو اشعار کہنا جائز ہے ورنہ نہیں۔

اشعار کفریہ یا فسقیہ او رمخرِّبّ اخلاق مضمون پر مشتمل نہ ہوں۔
فحش او رنازیبا کلمات سے پاک ہوں۔
عشقیہ اور نفسانی خواہشات کو برانگیختہ کرنے والے نہ ہوں۔
اشعار میں بلاوجہ کسی مسلمان یا قبیلہ کی ہجو اور مذمّت نہ کی گئی ہو۔
بلاوجہ مبالغہ نہ ہو۔
اشعار پڑھنے میں اتنا مصروف نہ ہو کہ تلاوت قرآن وعلم اور دیگر واجبات شرعیہ سے غفلت ہونے لگے۔

البتہ وہ اشعار جو اچھے مضامین ومعانی پر مشتمل ہوں، جیسے حمد بار ی تعالیٰ، نعت رسول مقبول صلی الله علیہ وسلم، مدح اصحاب رسول علیہ الصلوٰة والسلام ایسے اشعار کا پڑھنا جائز ہی نہیں، بلکہ ان پر اجر وثواب کی بھی امید ہے۔

البتہ یہ واضح رہے کہ ایسے اشعار میں بھی مبالغہ آرائی نہ ہو ، نیز مباح مضامین پر مشتمل اشعار کا پڑھنامباح ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی