کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کفو کا معنی ومفہوم کیا ہے ؟ نکاح میں کفو کے مقاصد کیا ہیں؟ ولی کی ولایت ساقط ہونے کے اسباب کیا ہیں؟ ولی کے بغیر نکاح کی قانونی حیثیت کیا ہو گی؟
کفو کے معنیٰ ہیں برابری او رمساوات او رمفہوم اس کا یہ ہے کہ میاں بیوی حسب، نسب، دین، مال اور حرفت میں برابر او رمساوی ہوں یا عورت ان امور میں مرد سے کم درجے کی ہو۔
اور کفو کا مقصد عفت وپاکدامنی کے ساتھ اس رشتے کی تادیر سلامتی ہے، اس لیے اس میں مندرجہ بالا امور کوشرط قرار دیا گیا اور کفو کا ایک مقصد ولی کو فسخ نکاح کا حق دینا ہے اس صورت میں جب عورت غیر کفو میں نکاح کرکے قوم کے لیے عار کا سبب بن رہی ہو۔
ارتداد سے، دائمی جنون سے اور اسی طرح بچہ یا بچی کے بالغ ہونے سے ولی کے لیے ولایت اجبار ساقط ہو جاتی ہے،ولی کے بغیر نکاح غیر کفو میں ہونے کی صورت میں منعقد نہیں ہوتا۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی