پیج میکر اخباری ڈیزائننگ کرنے والے کی آمدنی کیسی ہے؟

Darul Ifta mix

پیج میکر اخباری ڈیزائننگ کرنے والے کی آمدنی کیسی ہے؟

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام درج ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ: ایک اخبار بنانے والا جسے اصطلاح میں پیج میکر کہتے ہیں، یعنی اخبار کی ڈیزائننگ کرنے والا اسے اخبار کی ڈیزائننگ پر جو معاوضہ ملتا ہے ، کیا وہ از روئے شریعت صحیح(جائز) ہے ، یعنی اس رقم سے وہ دینی فریضہ مثلاً: حج کی سعادت حاصل کرسکتا ہے یا نہیں؟ بینوا توجروا۔

جواب

صورت مسئولہ میں پیج میکر اگر ناجائز مواد ( مثلاً غلط خبروں، تحریروں او رجاندار کی تصاویر) کی پیج میکنگ کرتا ہے تو اس کی اجرت (تنخواہ) ناجائز او رحرام ہے او راس سے فریضہ حج ادا کرنا بھی جائز نہیں او راگر جائز مواد کی پیج میکنگ کرتا ہے تواس کا معاوضہ اور اس سے حج ادا کرنا دونوں جائز ہیں او راگر جائز اور ناجائز دونوں قسم کا مواد ہے او ردونوں برابر یا ناجائز زیادہ ہے تو معاوضہ ناجائز ہے او راگر جائز مواد زیادہ ہے توپوری تنخواہ کو ناجائز نہیں کہا جائے گا او راس سے فریضہ حج ادا کرنا جائز ہو گا، البتہ اس پر حرام کام کے بقدر معاوضہ کو ثواب کی نیت کے بغیر صدقہ کرنا لازم ہے۔
مذکورہ بالا تفصیل کے مطابق ناجائز آمدنی سے حج ادا کرنے سے فریضہ حج ذمے سے ساقط ہو جائے گا، اگرچہ ایسا کرنا ناجائز ہے اور اس کو حج کا ثواب نہیں ملے گا۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی