کیا فرماتے ہیں مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ رسول، پیغمبر اور نبی میں کیا فرق ہے؟ رسول کتنے گزرے ہیں؟ پہلا رسول کون ہے؟ مختون کا کیا معنی؟ کون سے انبیاء مختون تھے اور کون نہیں؟
1..انبیاء نبی کی جمع ہے اور رسول، پیغمبر دونوں ہم معنی الفاظ ہیں، جس کے معنی ہیں، : پیغام پہنچانے والا، البتہ نبی اور رسول میں فرق ہے، رسول اس کو کہتے ہیں کہ جس پر کوئی صحیفہ یا کتاب من جانب الله نازل ہوئی ہو او راسے اپنی شریعت کی تبلیغ کا حکم دیا گیا ہو، او رنبی وہ ہوتا ہے جس پر کوئی کتاب وغیرہ نازل نہ ہوئی ہو، مگر اس کو پچھلی شریعت کی تبلیغ کا حکم دیا گیا ہو۔
2..رسولوں کی کوئی حتمی تعداد احادیث میں مذکور نہیں، بلکہ روایات میں اختلا ف ہے ایک روایت میں رسولوں کی تعداد تین سوتیرہ(313) آتی ہے او رایک روایت میں رسولوں کی تعداد تین سو پندرہ(315) آتی ہے، لہٰذا اجمالی طور پر تمام انبیاء اور رسولوں پر ایمان لانا ضروری ہے،پہلے رسول حضرت آدم علیہ السلام ہیں، مختون خَتَن سے ہے، خَتَن کے معنیٰ ہیں کاٹنا، اور مختون اس مرد کو کہتے ہیں کہ جس کے آلہٴ تناسل پر سے زائد کھال کاٹ دی گئی ہو،انبیاء علیہم الصلوٰة والسلام کے متعلق اس طرح کے سوال وجواب کرنا مناسب نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی