مسجد کے حقوق وآداب

Darul Ifta mix

مسجد کے حقوق وآداب

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مسجد کے کیا حقوق ہیں؟

جواب

مسجد کے چند حقوق وآداب درج ذیل ہیں:
٭…مسجد کو نماز، ذکر واذکار اور تعلیم وتعلّم سے آباد رکھا جائے۔ ٭… پاک صاف رکھنے کا اہتمام کیا جائے۔٭…خوش بو کی دھونی دینے کا اہتمام کیا جائے۔٭…مسجد میں لڑائی جھگڑا اور شور شرابہ نہ کیا جائے۔ ٭…اپنی ضرورت کا سوال نہ کیا جائے۔٭… مسجد کی چیزوں کو اپنے ذاتی استعمال میں نہ لایا جائے۔٭… کوئی بدبودار چیز کھاکر مسجد میں نہ آئے۔ ٭… اس کو راستہ نہ بنایا جائے۔٭…بلاضرورت مسجد میں دنیاوی باتوں سے گریز کیا جائے۔٭… مسجد میں کھانے، پینے اور سونے سے پرہیز کیا جائے،یہ حکم معتکف او رمسافر کے علاوہ لوگوں کے لیے ہے۔ ٭… بلا ضرورت مسجد کی چھت پر نہ چڑھا جائے۔٭… مسجد میں انگلیاں نہ چٹخائی جائیں۔ ٭…اس میں خرید وفروخت نہ کی جائے۔٭… مسجد میں موجود نمازیوں کی بے اکرامی نہ کی جائے، نہ ان کے کندھے پھلانگے جائیں، نہ صف میں تنگی پیدا کی جائے۔٭… اس میں ہر گز نہ تھوکا جائے۔٭… تحیة المسجد پڑھنے کا اہتمام کیا جائے۔٭… مسجد میں کسی پر اسلحہ نہ تانا جائے۔ ٭… نمازیوں کے آگے سے نہ گزرا جائے۔ ٭…مناسب روشنی وغیرہ کا انتظام کیا جائے۔٭…مسجد میں باہر کی گم شدہ چیزوں وغیرہ کے اعلانات کرنے سے گریز کیا جائے۔  فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی