قیمت کی کمی کے مطالبے پر دکاندار کا سامان کی مقدار میں کمی کرنا؟

Darul Ifta mix

قیمت کی کمی کے مطالبے پر دکاندار کا سامان کی مقدار میں کمی کرنا کیسا ہے؟

سوال

 کیا فرماتے علمائے کرام اگر ایک شخص دکان دار ہے اور وہ کوئی چیز بیچتا ہے ، مثلاً تیل بیچتا ہے اور وہ کہتا ہے ایک کلو تیل140 روپے کا ہے اور یہ بھی واضح کرتا ہے کہ اس سے کم میں بالکل گنجائش نہیں ہے، لیکن مشتری کے اصرار پر وہ 130 روپے کر دیتا ہے، لیکن اس کمی کی مقدار وہ تیل میں کمی کر لیتا ہے، جب کہ مشتری یہی سمجھ رہا ہے کہ بائع نے مجھے 130 روپے کا ایک کلو تیل دیا ہے۔

اب پوچھنا یہ ہے کہ بائع نے اس طریقے سے جو مقدار تیل سے کم کی ہے اس مقدار کا کم کرنا اس کے لیے کیسا ہے ؟

جواب

مذکورہ صورت میں بائع کا تیل ایک کلو سے کم دینا دھوکہ ہے، اس لیے کہ مشتری کا خیال یہی ہے کہ مجھے پورا ایک کلو تیل دیاجارہا ہے، جب کہ بائع اس کو ایک کلو سے کم دے رہا ہے، البتہ اگر بائع بتا دے کہ میں آپ کو دس روپے کا تیل کم دے رہا ہوں تو پھر کچھ مضائقہ نہیں ہے، وگرنہ یہ دس روپے کا سامان اس کا اپنے لیے رکھنا ناجائز ہے۔فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی