غیر شرعی بال کاٹنے والے اور داڑھی کاٹنے والےنائی کی اجرت کا حکم

Darul Ifta mix

غیر شرعی بال کاٹنے والے اور داڑھی کاٹنے والےنائی کی اجرت کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس   مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کوئی درزی شلوار کی لمبائی کا ناپ ٹخنے کے نیچے تک لیتا ہو جو کہ شرعاً ناجائز ہے،اور اسی طرح  اگر کوئی نائی سر کے بال غیر شرعی طریقے پر کاٹے اور داڑھی بھی مونڈتا ہو، جو کہ ناجائز ہے،تو  آیا اس  ناجائز  عمل پر اس کا اجرت لینا جائز ہوگا یا نہیں؟ اور اگر اجرت لے لے تو یہ حلال ہوگا یا حرام ؟اور اگر کوئی شخص درزی کے پاس صرف شلوار بنوائے تو اس پر اجرت لینے کا کیا حکم ہوگا؟

 

جواب

واضح رہے کہ درزی کا شلوار کی لمبائی کا  ناپ ٹخنے کے نیچے لینے میں شرعا ً کوئی حرج نہیں ہے، البتہ اگر پہننے والا ٹخنے سے نیچے شلوار لٹکائے تو اس کا گناہ پہننے والے پر ہوگا، باقی درزی کے لیے صرف شلوار سینے کی اجرت لینا جائز اور درست ہے۔ غیر شرعی بال اور داڑھی کاٹنے والے نائی کے لیے اجرت لینا جائز نہیں ہے اور اس کی آمدنی بھی حلا ل نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی

فتوی نمبر: 168/326