عید کے دن میت کے گھر پر جمع ہو کر تعزیت کرنے کا حکم

Darul Ifta mix

عید کے دن میت کے گھر پر جمع ہو کر تعزیت کرنے کا حکم

سوال

 کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ بعض علاقوں میں کسی گھر میں جب فوتگی ہوتی ہے تو اس کی وفات کے بعد پہلی عید پر میت کے گھر والے عید کے دنوں میں نئے کپڑے نہیں پہنتے او رمیت کے عزیز واقارب اور علاقے کے لوگ اس بنا پر ان کے گھر آتے ہیں کہ یہ مرحوم کی پہلی عید ہے۔

کیا شریعت مطہرہ میں اس کی گنجائش ہے؟ نیز ایسی رسم منانے والوں کے بارے میں شریعت مطہرہ کیا حکم دیتی ہے؟

جواب

 واضح رہے کہ میت کے گھر والوں میں صرف اس کی بیوہ کو چار ماہ دس دن تک سوگ کا حکم ہے، دوسری خواتین کے لیے تین دن تک اس کی اجازت ہے، اس سے زیادہ نہیں، باقی تعزیت تین دن کے بعد درست نہیں، مکروہ ہے اور ایک مرتبہ تعزیت کے بعد دوبارہ تعزیت کرنا بھی صحیح نہیں، لہٰذا عید کے دن میت کے عزیز واقارب کے ہاں تعزیت کی نیت سے جانا اور جمع ہونا جائز نہیں، بلکہ بدعت ہے ،اس سے اجتناب ضروری ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی