عورت کے لیے دعوت میں شرکت کرنے کی شرائط

Darul Ifta mix

عورت کے لیے دعوت میں شرکت کرنے کی شرائط

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ ذیل مسئلہ میں اگر رشتہ داروں یا دوستوں کے ہاں دعوتِ ولیمہ یا اور کوئی دعوت ہو اور عورتوں کے لیے وہاں پردے کا انتظام ہو، تو کیا پردے میں عورت شرکت کے لیے جاسکتی ہے؟ ایسے ہی ممکن پردے میں رشتہ دار یا احباب کی دعوت کے موقع پر، یا موت کے موقع پر عورت میت کی رشتہ دار عورتوں کے پاس جا کر مسنون طریقے سے شرکت کرسکتی ہے؟ او ران کی تعزیت کرسکتی ہے؟

جواب 

دعوت خواہ ولیمہ کی ہو یا کوئی اور، بہر صورت احادیث میں دعوت قبول کرنے کی ترغیب آئی ہے، مگر درج ذیل شرائط کے ساتھ:
1..عورت پردے میں جائے ۔ 2..دعوت کی جگہ میں عورتوں کے لیے الگ پردے کا انتظام ہو ۔ 3..میوزک پروگرام نہ ہو۔ 4..میزبانی کرنے والے کی آمدنی حرام نہ ہو۔ 5..کسی کی شرکت سے شرکاء میں سے کسی کی دل آزاری نہ ہوتی ہو۔ 6..وہاں شراب نوشی نہ ہو۔ 7..ریشمی قالین وہاں نہ بچھائی گئی ہو۔ 8..مجلس دعوت میں خلاف سنت کسی کام کا ارتکاب نہ کیا جائے۔

اسی طرح تعزیت کرنا ایک مسلمان کا دوسرے پر حق ہے، اس لیے پردے میں جاکر سنت کے مطابق تعزیت کرسکتی ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی