کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص تاجر ( دوکاندار ) ہے، وہ ایک چیز سو (۱۰۰) روپے میں خرید کر ایک سو بیس (۱۲۰) روپے میں فروخت کرتا ہے، اب پوچھنا یہ ہے کہ یہ شخص زکوٰۃ جب ادا کرے گا تو کس حساب سے ادا کرے گا؟ یعنی قیمت ِ خرید ( ۱۰۰) روپے کے حساب سے ادا کرے گا ، یا قیمت ِ فروخت ( ۱۲۰) روپے کے حساب سے ادا کرے گا؟ شریعت ِ مطہرہ کی روشنی میں راہنمائی فرمائیں۔
واضح رہے کہ مالِ تجارت کی زکوٰۃ کی ادائیگی میں قیمتِ فروخت کا اعتبار ہوتا ہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص قیمت ِ فروخت ایک سو بیس (۱۲۰) روپےکے حساب سے زکوٰۃ ادا کرے گا۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتوی نمبر: 169/312