کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک آدمی ریل گاڑی میں سفر کر رہا ہو اور ریل گاڑی میں پانی ختم ہو جائے اور وہ آدمی تیمم کرکے نماز پڑھ رہا ہو او راس کو باہر پانی نظر آجائے، لیکن ریل چلنے کی وجہ سے وہ اس کے استعمال پر قادر نہیں ہے، تو اس کی نماز فاسد ہو جائے گی اور اس کا تیمم ٹوٹ جائے گا؟
مذکورہ شخص کو چاہیے کہ اپنے دیگر ہم سفر ساتھیوں سے پانی طلب کرے، اگر ان کے پاس بھی نہ ہو، یا دینے سے انکار کریں او رکسی اسٹیشن پر روکنے کی امید نہ ہو، تو آخر وقت میں تیمم کرکے نماز ادا کرے۔
اور ریل گاڑی چلنے کی حالت میں باہر سے پانی نظر آجانے سے تیمم ختم نہیں ہو گا اور نہ اس کی نماز فاسد ہو گی، کیوں کہ یہ شخص شرعاً پانی کے استعمال سے عاجز ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی