کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ایک آدمی رمضان کے پورے رکھتا ہے، یعنی رات کو اس کے روزہ رکھنے کی نیت ہوتی ہے،لیکن پھر ایک رات اس کی سحری میں آنکھ نہیں کھلتی،اور صبح صادق کے بعد اس کی آنکھ کھلی ،تو اب اسے روزہ رکھنے اور نہ رکھنے کا اختیار ہے ،یا نہیں؟اور اگر اس نے اس نیت سے کہ چونکہ سحری نہیں کھائی اس لیے روزہ نہیں رکھتا ،اس اس نے کھانا پینا کر لیا ،تو اب اس کے ذمے صرف اس دن کی قضاء ہوگی ،یا کفارہ بھی ہوگا ؟
صورتِ مسئولہ میں جب اس نے رات کو سونے سے پہلے روزے کی نیت کرلی تھی ،تو صبح صادق کے بعد اس کا روزہ (سونے کی حالت میں )شروع ہوگیا،اور روزہ شروع ہونے کے بعد اس کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رہتا،کہ وہ روزہ رکھے،یا نہ رکھے،کیونکہ روزہ رکھنے کا فیصلہ تو وہ کرچکا ہے،اس کے اسی فیصلے پر روزہ شروع ہوچکا ہے،اب روزہ شروع کرنے کے بعد اس کو توڑنے کا اختیار نہیں،اگر رمضان کا روزہ توڑ دے گا،تو اس پر قضاء اور کفارہ دونوں لازم ہوں گے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
فتوی نمبر: 155/146
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی