کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ آج کل جادو کا دور چل رہا ہے، ہر کوئی کسی بھی ناجائز مقصد کے لیے کسی شخص پر بھی جادو کرواسکتا ہے، کچھ کھلایا پلا کر، اگر ہم کہیں جائیں اور وہاں کچھ کھانا پینا پڑ جائے تو کیا پڑھ کر کھائیں جس سے اس کا ناپاک ارادہ پورا نہ ہو جائے، اس چیز کا اثر نہ ہو پائے؟
مجھے کسی خاتون پر شک ہوتا ہے کہ وہ ہم سے حسد اور بغض رکھتی ہے، وہ مجھے زبردستی چائے پلاتی ہے اور اپنے گھروالوں کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
یہ بات درست ہے کہ بعض لوگ ناجائز مقاصد حاصل کرنے کی خاطر جادو کا سہارا لیتے ہیں، لیکن ہر کھانے پینے کی چیز پر جاد و کا اثر سمجھنا اور ہر کھلانے پلانے والے کے بارے میں جاد و کرنے کی بدگمانی کرنا درست نہیں ہے، لہٰذا احتیاط کے طور پر منزل کے نام سے 33 آیاتِ قرآنی الگ چھپی ہوئی ہیں، ان کو بتائے ہوئے طریقے کے مطابق پڑھاجائے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی