… انٹرنیٹ کیفے کا کاروبار کرنا کیسا ہے؟ جب کہ مالک کی طرف سے صرف کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی فراہمی ہو ،اس میں کسی قسم کا فحش اور غلط مواد روکنے کا اہتمام بھی کیا جائے او راگر فحش اور غلط مواد کی فراہمی اور نہ روکنے کا اہتمام نہ ہو تو پھر کیا حکم ہے؟
برائے مہربانی دونوں صورتوں کا جواب دے کر عندالله مشکور فرمائیں۔
انٹرنیٹ کی اصل وضع چوں کہ تخریبی اور فحش مقاصد کے لیے نہیں ہے، بلکہ معلومات حاصل کرنے اور دیگر اہم امور کے لیے ہے ، لہٰذا صورت مسئولہ میں اس کا کاروبار کرنا درست ہے اور مالک کو چاہیے کہ وہ حتی الامکان فحش ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا اہتمام کرے، اگر اس کے باوجود بھی لوگ ان فحش ویب سائٹس کو استعمال کریں گے تو استعمال کرنے والے گنہگار ہوں گے، اس سے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ہاں! اگر کسی کے بارے میں یہ یقین ہو کہ وہ اسے غلط اور ناجائز استعمال کرے گا ، تو اس کو یہ سہولت فراہم کرنا اور اس پر اس سے اجرت لینا کراہت سے خالی نہیں۔ فقط واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی