زکوٰة کن چیزوں پر فرض ہے؟
سوال…کن کن چیزوں پرزکوٰة فرض ہوتی ہے؟
جواب… مندرجہ ذیل چیزوں پر زکوٰة فرض ہے:
1.. سونا جب ساڑھے سات تولہ (87.479گرام) یا اس سے زیادہ ہو۔
2.. چاندی جب ساڑھے باون تولہ (612.35 گرام) یا اس سے زیادہ ہو۔
3.. نقد روپیہ اور مال تجارت، بشرطیکہ مال تجارت کی قیمت چاندی کے نصاب(ساڑھے باون تولہ چاندی) کے برابر ہو۔
مال تجارت سے مراد وہ چیزیں ہیں جن کو خریدتے وقت آگے بیچ کر نفع کمانے کا ارادہ ہو اور اب تک بیچنے کی نیت بھی برقرار ہو، لہٰذا مکان، پلاٹ یا دیگر سامان جو بیچنے کے لیے خریدے گئے ہوں اور اب بھی یہی ارادہ ہو تو ان پر زکوٰة فرض ہوگی، ہاں اگر یہ سامان ذاتی استعمال کے لیے ہو، یا تجارت کے لیے خریدا گیا ہو لیکن بیچنے کا ارادہ نہ ہو، یا مکان اس نیت سے خریدا ہو کہ کرایہ پر دے کر نفع حاصل کریں گے تو ان صورتوں میں زکوٰة فرض نہ ہوگی۔
4.. مذکورہ بالا اشیاء کے مجموعے پر یعنی کسی کے پاس کچھ سونا ہے، کچھ چاندی ہے، تھوڑے سے نقد پیسے ہیں اور کچھ مال تجارت ہے اور ان سب کی مجموعی مالیت چاندی کے نصاب(ساڑھے باون تولہ) کے برابر ہے تو اس پر زکوٰة فرض ہے۔
واضح رہے کہ سونا، چاندی اور مال تجارت کا چالیسواں حصہ (یعنی ڈھائی فیصد) زکوٰة میں دینا ضروری ہے۔
5.. چرنے والے مویشیوں پر بھی زکوٰة فرض ہوتی ہے، اونٹ، گائے، بھیڑ اور بکری، ہر ایک کا الگ مستقل نصاب ہے، مقامی علمائے کرام سے پوچھ کر اس پر عمل کیا جائے۔
6.. زمین سے جو پیداوار حاصل ہوتی ہے اس پر بھی زکوٰة فرض ہوتی ہے جسے اصطلاح شریعت میں ”عشر“ کہا جاتا ہے، اگر زمین بارش کے پانی سے سیراب کی گئی ہے تو دسواں حصہ اور اگر کنویں کے پانی سے یا نہری پانی خرید کر سیراب کی گئی ہے تو بیسواں حصہ عشر میں دینا فرض ہے۔
7.. فیکٹریوں، ملوں اور کارخانوں کے شیئرز پر بھی زکوٰة فرض ہے، بشرطیکہ ان کی قیمت چاندی کے نصاب (ساڑھے باون تولہ) کے برابر ہو، مشینری، فرنیچر اور استعمال کی چیزوں پر زکوٰة فرض نہیں۔
زیورات پر زکوٰة
سوال…1..سونے اور چاندی کے زیورات پر زکوٰة فرض ہوتی ہے یا نہیں؟
2.. عورت جو زیورات استعمال کرتی ہے اس میں کچھ زیورات والدین کی طرف سے ہوتے ہیں اور کچھ شوہر کی طرف سے، تو ان زیورات کی زکوٰة کون ادا کرے؟ والدین، شوہر، یا عورت؟
3.. زیورات کی زکوٰة کب ادا کرنا فرض ہے؟
جواب…1.. سونے اور چاندی سے بنی ہوئی چیزاگر نصاب کے برابر ہو تو اس پر زکوٰة فرض ہوتی ہے، مثلاً:زیور، برتن، سونے اور چاندی کے بٹن وغیرہ، چاہے استعمال کرنے کے لیے ہوں یا تجارت کی نیت سے رکھے ہوئے ہوں، یا کسی کو تحفے میں دینے کے لیے ہوں۔
(نوٹ) سونے اور چاندی کا نصاب پہلے سوال کے جواب میں درج ہے ،وہاں ملاحظہ فرمائیں۔
2.. والدین اور شوہر کی طرف سے دیئے گئے زیورات اگر عورت کو ملکیت کے طور پر دئیے گئے ہیں تو ان کی زکوٰة عورت پر فرض ہے، والدین اور شوہر پر نہیں، ہاں! اگر والدین اور شوہر خوشی سے بیوی کے کہنے پر بیوی کی طرف سے زکوٰة ادا کریں تو زکوٰة ادا ہو جائے گی۔
اور اگر صرف پہننے کے لیے والدین یا شوہر کی طرف سے عاریت کے طو رپر دیے گئے ہیں تو والدین اور شوہر پر زکوٰة ادا کرنا فرض ہے۔
3.. عورت جس دن صاحب نصاب ہوجائے اس وقت سے چاند کے بارہ قمری مہینے گزرنے پر زکوٰة فرض ہو جاتی ہے۔
گزشتہ برسوں کی زکوٰةادا کرنے کا طریقہ
سوال…اگر کئی سال سے زیورات کی زکوٰة ادا نہیں کی گئی ہے تو اب کس طرح زکوٰة ادا کی جائے؟
جواب…گزشتہ سالوں کی زکوٰة ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سونے اور چاندی کی جو مقدار پہلے سال تھی اس کا چالیسواں حصہ زکوٰة میں دیا جائے، پھر دوسرے سال چالیسویں حصے کی مقدار منہا کرکے بقیہ کا چالیسواں حصہ زکوٰة میں دیا جائے، اسی طرح ہرسال کا حساب لگا کر باقی ماندہ کا چالیسواں حصہ زکوٰة میں دیا جائے۔
بیٹی کے لیے رکھے ہوئے زیورات پر زکوٰة
سوال…بیٹی کو جہیز میں دینے کے لیے والدین کے پاس جو سونا اور چاندی موجود ہے اس پر زکوٰة فرض ہے یا نہیں؟ اگر فرض ہے تو والدین پر یا لڑکی پر؟
جواب…اگر والدین نے بیٹی کو زیورات کا مالک بنا دیا ہے اور بیٹی بالغہ ہے تو سال گزرنے کے بعد اس پر زکوٰة فرض ہے، اور اگر نابالغہ ہے تو اس پر زکوٰة فرض نہیں، بیٹی کو اگرمالک نہیں بنایا گیا ہے تو زیورات والدین کی ملکیت شمار ہوں گے اور والدین پر زکوٰة فرض ہوگی۔
قیمت فروخت کے مطابق زکوٰة ادا کرنا
سوال…سونے، چاندی اور تجارت کی چیزوں کی قیمت خرید کا اعتبار کرکے زکوٰة ادا کی جائے یاقیمت فروخت کا اعتبار کرکے؟
جواب… قیمت فروخت(یعنی زکوٰة فرض ہونے کے دن بازار کی قیمت )کے اعتبار سے زکوٰة ادا کی جائے۔
ضرورت سے زائد چیزوں پرزکوٰة
سوال…ہمارے علاقے میں شادی کے موقع پر عورت کے جہیز کے سامان میں ایسے برتن اور ایسے بستر موجود ہوتے ہیں جن کے استعمال کی ضرورت بالکل نہیں ہوتی، نیز شادی بیاہ کے وقت عورت کے پاس چالیس سے پچاس تک کپڑوں کے جوڑے موجود ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ شوکیس اور الماری بھی موجود ہوتی ہے، کیا اس عورت پر زکوٰة یا قربانی فرض ہے؟
جواب…زیورات کے علاوہ استعمال کی چیزوں پر زکوٰة نہیں، اگرچہ وہ ضرورت سے زائد ہوں، البتہ اگر ضروریات اصلیہ سے زائد چیزوں کی قیمت نصاب زکوٰة کے برابر ہے تو مذکورہ عورت پر قربانی اور صدقہ فطر لازم ہے، زکوٰة واجب نہیں اور اس نصاب پر سال کا گزرنا شرط نہیں۔
لیکن زیورات اگر بقدر نصاب ہوں اور ان پر سال گزر جائے تو ہر صورت میں زکوٰة فرض ہے خواہ وہ زیر استعمال ہوں یا نہ ہوں۔
گاڑی کی کمائی پر زکوٰة
سوال…ایک شخص نے تقریباً 20 لاکھ روپے کی ایک گاڑی کمائی کے لیے خریدی تو ان محبوس 20لاکھ روپے(جن سے گاڑی خریدی) پرزکوٰة ہے یا نہیں؟
یہی گاڑی جو کمائی کے لیے خریدی گئی اگر اچھے داموں میں بکتی ہے تو یہ شخص اس کو بیچتا بھی ہے، یعنی ایک لحاظ سے اس نے یہ گاڑی کمائی کے لیے خریدی ہے اور دوسرے لحاظ سے اگر اس کو بیچنے میں فائدہ ہو تو پھر بیچتا بھی ہے، تو آیا اس میں زکوٰة ہے یا نہیں؟
اسی گاڑی سے جو کمائی کی جاتی ہے وہ گھر کے تمام اخراجات سے زیادہ ہے ،یعنی اس گاڑی کی کمائی کو یہ آدمی جمع کرتا ہے، تو اس صورت میں گاڑی کے 20 لاکھ روپے میں زکوٰة ہے یا نہیں؟
جواب…تینوں صورتوں میں گاڑی کی اصل قیمت (جو 20 لاکھ روپے ہے) پر زکوٰة نہیں ،اس لیے کہ گاڑیحصول نفع کا آلہ اور ذریعہ ہے، البتہ گاڑی کی کمائی جب نصاب زکوٰة کو پہنچ جائے تو اس پر زکوٰة فرض ہوگی۔
رشتہ داروں کو زکوٰة دینا
سوال…رشتہ داروں میں سے کس کو زکوٰة دینا درست ہے اور کس کو نہیں؟
جواب…والدین کا اپنی اولاد کو اور اولاد کا اپنے والدین کو زکوٰة دینا درست نہیں، اسی طرح میاں بیوی بھی ایک دوسرے کو زکوٰة نہیں دے سکتے، ان کے سوا باقی رشتہ دار مثلاً بھائی، بہن، چچا، ماموں، خالہ وغیرہ کو زکوٰة دینا جائز ہے، بلکہ اس میں دگنا ثواب ہے، ایک ثواب زکوٰة دینے کا اوردوسرا صلہ رحمی کا۔
ائمہ مساجد کو زکوٰة دینا
سوال…ہمارے ہاں مساجد میں ائمہ حضرات کو اس شرط پر مقررکیاجاتا ہے کہ ان کو تنخواہ نہیں دیں گے، بلکہ ان سے یہ طے کیا جاتا ہے کہ آپ کو زکوٰة دیں گے، فطرانہ دیں گے اور بقرہ عید کے موقع پر چرم قربانی(یعنی کھال) دیں گے، ائمہ مساجد کا ان چیزوں پر راضی ہو کر ان کو وصول کرنا شرعی نقطہ نظر سے کیسا ہے؟
جواب… ائمہ مساجد کو زکوٰة، صدقات واجبہ بطور تنخواہ دینا اور لینا دونوں جائز نہیں، اگر کسی نے ان کو زکوٰة یا صدقات واجبہ بطور تنخواہ دے دیے تو اس کی زکوٰة ادا نہیں ہوئی، اس لیے کہ اگر یہ ائمہ غنی اور صاحب نصاب ہیں تو تمام کتب فقہ میں تصریح موجود ہے کہ غنی کو زکوٰة دینا درست نہیں، اگر صاحب نصاب نہ ہوں، تو عدم جواز کی وجہ یہ ہے کہ ان کو امامت کے عوض اجرت میں زکوٰة و صدقات واجبہ دیئے جارہے ہیں، جبکہ زکوٰة و صدقات واجبہ کسی کو چیز کے عوض اور اجرت میں دینا جائز نہیں، زکوٰة ادا ہونے کے لیے شرط یہ ہے کہ دینے والے کی کوئی منفعت اس مال سے متعلق نہ ہو۔
مال زکوٰة کا گم ہوجانا
سوال…میں نے زکوٰة کے پیسے رمضان کے مہینے میں نکالے تھے، اس میں سے مستحق لوگوں کو روپیہ دے رہا تھا اور وہ پیسے دکان پر رکھے تھے ایک تھیلی کے اندر اور اندازاً 2000روپے اس میں موجود تھے، اب وہ تھیلی دکان میں نہیں مل رہی، یا تو ملازم نے چوری کرلی یا کوئی اور بات ہوگئی ہے، آپ بتائیں کہ جو زکوٰة کے روپے دکان سے غائب ہوئے ہیں وہ مجھے دوبارہ دینے ہیں یا میری زکوٰة ادا ہوگئی ہے؟
جواب…زکوٰة کی رقم میں سے جتنی مقدار فقیروں کو دی گئی ہے، زکوٰة کی اتنی مقدار ادا ہوگئی، باقی جتنی رقم گم ہوگئی ہے اتنی ہی رقم دوبارہ دینا ضروری ہے، محض زکوٰة کی رقم الگ کرنے سے زکوٰة ادا نہیں ہوگی۔
ایڈوانس زکوٰة دینا
سوال… مجھے معلوم یہ کرنا ہے کہ رمضان کے مہینہ میں زکوٰة نکالنی ہے اور اس کے لیے میں بہت پریشان ہوں اور زکوٰة بھی لازمی نکالنی ہے، لہٰذا زکوٰة کس طرح نکالی جائے؟ زکوٰة ایڈوانس میں بھی دی جاسکتی ہے یا نہیں؟
جواب…ایڈوانس زکوٰة دینا جائز ہے اور زکوٰة کے ادا کرنے کے لیے شریعت نے کوئی مہینہ مقرر نہیں کیا ہے، بلکہ جس وقت سے نصاب کا مالک ہوا اسی وقت سے سال پورا ہونے پر زکوٰة فرض ہوتی ہے، اس میں بہتر یہ ہے کہ فوراً زکوٰة ادا کر دی جائے، لیکن اگر زکوٰة ادا کرنے میں تاخیر کر دی تو بھی زکوٰة ادا ہو جائے گی۔
زکوٰة پہنچانے کا کرایہ مد زکوٰة سے دینا
سوال… ایک شخص کتابوں کا کاروبار کرتا ہے، سال پورا ہونے پر کتابوں ہی کو زکوٰة میں ادا کرنا چاہتا ہے، زکوٰة کی مد کی کتابیں دینی مدرسہ میں دینا چاہتا ہے، دریافت طلب امر یہ ہے کہ مدرسہ تک پہنچانے کے لیے جو کرایہ لگے گا وہ بھی زکوٰة کی مد میں سے دے سکتا ہے یا نہیں؟
جواب… زکوٰة کے لیے ضروری ہے کہ رقم مستحق زکوٰة کو مالکانہ طور پر تملیکاً بلا عوض دی جائے اور مال زکوٰة کو کرایہ میں دینا تملیک بلا عوض نہیں ہے، لہٰذا مال زکوٰة سے کرایہ ادا کرنا جائز نہیں۔
البتہ یہ صورت ہو سکتی ہے کہ آپ جس ادارے یا فرد کو کتابیں دینا چاہتے ہیں اس کے کسی آدمی کو بلا کر او رکتابوں میں سے کچھ کم کرکے اس کی جگہ کرایہ کی رقم کے بقدر مد زکوٰة میں سے اسے دے دیں، وہ اپنے قبضے میں لے کر کرایہ پر خرچ کرے، یا کتابیں کچھ رقم کے ساتھ کسی کے ساتھ بھیج دیں وہ مستحق فرد دونوں چیزیں وصول کرکے پھر اسی رقم کو کرایہ میں ادا کر دے۔
ہسپتال میں زکوٰة کا پیسہ لگانا
سوال… کیا کسی خیراتی ہسپتال میں زکوٰة کی رقم اس طرح استعمال کرنا جائز ہے کہ اس رقم سے دوائیں خرید کر مریضوں کو مفت دی جائیں ، ہسپتال کا عملہ اور ڈاکٹروں کو اس سے تنخواہ اور دیگر ہسپتال کی ضروریات پوری کی جائیں ؟
نیز ایسے ہسپتال کو زکوٰة دینا جائز ہے یا نہیں جہاں زکوٰة مذکورہ بالا طریقہ پر استعمال ہوتی ہو؟
جواب… مذکورہ صورتوں میں صرف پہلی صورت میں زکوٰة ادا ہو جاتی ہے ،یعنی زکوٰة کی رقم سے دوائیں خرید کر مستحق مریضوں کے درمیان مفت تقسیم کی جائیں ، مالِ زکوٰة سے ہسپتال کی تعمیر اور اس کے لیے آلات خریدنا، ڈاکٹروں اور ہسپتال کے عملہ وغیرہ کو تنخواہیں دینا جائز نہیں۔
البتہ اگر زکوٰة کی رقم پہلے مستحق مریضوں کو دی جائے ، پھر مریض ہسپتال والوں کے واجبات اس سے ادا کریں، تو ہسپتال کے منتظمین جہاں چاہیں اس کو استعمال کر سکتے ہیں۔
بی سی پر زکوٰة دینے کا طریقہ
سوال… بی سی پر زکوٰة کاطریقہ کار کیا ہو گا؟
جواب… بی سی کی حقیقت قرض کی سی ہے کہ مثلا ًدس آدمی باہمی رضامندی سے ماہانہ ایک، ایک ہزار روپے جمع کرتے ہیں اور یہ طے کرتے ہیں کہ ہر مہینہ ایک آدمی کو جمع شدہ رقم دی جائے گی، اور آدمی کی تعیین قرعہ کے ذریعہ سے پہلے ہی کر لیتے ہیں کہ اس مہینہ فلاں آدمی ہے اور آئندہ دوسرا، اسی طرح دس کے دس مکمل ہو جاتے ہیں۔
اس سے یہ واضح ہوا کہ ہر آدمی بی سی ملنے سے پہلے قرض دینے والا ہوتا ہے اور بی سی ملنے کے بعد قرض لینے والا ہوتا ہے ، مثلاً ایک آدمی کی باری پانچویں مہینے میں آئی تو اب وہ آدمی پانچ مہینے تک دوسروں کو قرض دے رہا تھا اور اب پانچویں مہینے میں بی سی ملنے کے بعد وہ پانچ ہزار کا مقروض ہوجائے گا بقیہ دسویں مہینے تک۔
اب بی سی پر زکوٰة کا طریقہ کا ریہ ہو گا کہ جس دن اس شخص کی زکوٰة کا سال پورا ہوتا ہے ، مثلاً یکم رمضان، اس دن اگر وہ بی سی وصول کر چکا ہے تو جتنے مہینوں کی رقم ادا کرنی باقی ہے ، اتنی رقم کے بقدر مقروض ہے، اس قرض کو اپنے دوسرے قابل زکوٰة مال سے نکال کر بقیہ کی زکوٰة ادا کرے، اگر اس دن تک اس نے بی سی وصول نہیں کی تو جتنے پیسے وہ بی سی میں جمع کر رہا ہے گویا اس نے دوسروں کو قرض دیئے ہیں اور قرض کی زکوٰة وصولی کے بعد دینی ہوتی ہے، لہٰذا اس پر فی الحال اس رقم کی زکوٰة ادا کرنا فرض نہیں، بی سی وصول کرنے کے بعد اس میں سے جتنی رقم آئندہ بی سی میں بھرنی ہے اس کو نکال کر باقی گذشتہ سالوں کی بھی زکوٰة ادا کرے ۔