مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

اشاعت خاص بیاد حاجی عبدالوہاب صاحب 
ماہنامہ دارالتقوی لاہور
مرتب: محمد ذوالکفل
صفحات:670 سائز:23×36=16
ناشر: جامعہ دارالتقوی، لاہور

تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر حاجی عبدالوہاب صاحب رحمة الله علیہ سے الله تعالیٰ نے دین کی دعوت ومحنت کے سلسلے میں عظیم کام لیا ۔ انہوں نے دعوت وتبلیغ کو اپنی حیات مستعار کا اوڑھنا بچھونا بنا لیا تھا۔ ان کے اخلاص وللہیت کی وجہ سے سابقہ ا دوار کی طرح ان کے دور میں بھی دعوت وتبلیغ کی محنت نے خوب ترقی کی منازل طے کیں، اور اس میں دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی ہوئی، ان کی محنت ، کاوش، درد مندی، تڑپ اور دعاؤں کے نتیجے میں اُمّت کا ایک بڑا طبقہ ہدایت اور خیر کے راستے پر گام زن ہوا اورلاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں خیر کا انقلاب آیا۔

ماہنامہ ”دارالتقوی“ لاہور نے حضرت حاجی صاحب کی حیات وخدمات پر یہ خاص نمبر شائع کیا ہے، جس کا زیادہ تر مواد حضرت کے خادم خاص اور سفر وحضر کے قدیم ساتھی مولانا محمد فہیم صاحب مدظلہ سے مسلسل کئی نشستیں کرکے میں محفوظ کیا گیا او رپھر اس میں عنوانات، حواشی اور حذف واضافہ کرکے تحریری صورت میں مرتب کیا گیا اور مولانا محمدفہیم صاحب کی تصدیق کے بعد اسے شائع کیا گیا۔ نیز حضرت حاجی صاحب کی وفات پر مختلف رسائل وجرائد میں جو تأثرات اور مضامین شائع ہوئے تھے انہیں بھی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حضرت حاجی صاحب کی حیات وخدمات ، احوال زندگی اور مختلف گونا گوں صفات وخصوصیات کے حوالے سے یہ خاص نمبر ایک عمدہ اور قابل قدر، علمی، اصلاحی اور سوانحی کوشش ہے کہ جس کے پڑھنے سے اکابر وبزرگوں کی حیات وخدمات سے متعلق مفید معلومات بھی حاصل ہو ں گی او رانسان کی ا پنی زندگی میں بھی خیر کا انقلاب برپا ہوگا اور دین کے راستے میں آنے والے مسائل ومشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا آسان ہو گا۔

کتاب کے انداز واسلوب اور خود حضرت حاجی صاحب کی شخصیت وکردار اور احوال زندگی کا یہ اثر ہے کہ کتاب کو جب آدمی پڑھنا شروع کرتا ہے تو اسے مکمل کیے بغیر چھوڑ نے کو دل ہی نہیں کرتا۔

یہ کتاب عوام وخاص سب کے لیے مفید ہے اور سب اس سے استفادہ کرکے اپنی زندگی کو دین کے مطابق ڈھالنے کا جذبہ پیدا کرسکتے ہیں۔ مرتب اور جامعہ دارالتقوی لاہور کے ذمہ دار حضرات اس پر خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ الله تعالیٰ اس کاوش کو مقبول ونافع بنائے، امت کو اس سے استفادہ کی توفیق عنایت فرمائے ، حضرت حاجی صاحب اور جن حضرات نے اس کی ترتیب وتدوین میں حصہ لیا ہے ان کے لیے ذخیرہٴ آخرت بنائے۔ کتاب کا ٹائٹل خوب صورت، کاغذ عمدہ اور طباعت معیاری ہے۔

نور فلک در مسئلہ فدک
تالیف: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات:240 سائز:23×36=16
ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام ، مانچسٹر، لندن

یہ کتاب ”مسئلہ فدک“ میں شیعہ حضرات کے باطل عقیدے اور خلفائے راشدین خصوصاً خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی الله عنہ کی ذات پر کیے جانے والے بے بنیاد اعتراضات اور پروپیگنڈے کا جواب ہے، اہل تشیع کی جانب سے مختلف انداز واسلوب اور حیلے بہانے اختیار کرکے اسلام کی خشت اوّل یعنی صحابہ کرام رضی الله عنہم پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، اب جب کہ میڈیا ، نیٹ اور خصوصاً سوشل میڈیا کا دور ہے، ایسے میں کفریہ طاقتوں کی سرپرستی کی وجہ سے ان کی دریدہ دہنی مزید بڑھ گئی ہے اور پہلے کے مقابلے میں اس کے اثر بد میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب نے بعض احباب اورمسلمانوں کے اصرار پر یہ کتاب مرتب کی ہے، جس میں اس مسئلے کے ہر پہلو پر بڑی بسط وتفصیل سے گفت گو کی گئی ہے اور شیعہ حضرات کے اعتراضات کے مستند اور مدلل انداز میں جوابات دیے گئے ہیں۔ نیز ان کی اپنی کتابوں سے بعض مضبوط چیزیں ان کے رد میں بھی پیش کی گئی ہیں۔ کتاب پڑھنے سے مذکورہ مسئلہ الم نشرح ہو جاتا ہے اور شیعوں کے بے بنیاد اعتراضات اور پروپیگنڈے کی قلعی کھل جاتی ہے۔ الله تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرماکر ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ کتاب کی طباعت معیاری ہے۔

اصول افتاء
تالیف: مفتی احتشام الحق آسیا آبادی شہید رحمة الله علیہ
صفحات:144 سائز:23×36=16
ناشر: الانتصار اکیڈمی، جامعہ رشیدیہ، آسیا آباد، تربت، مکران

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ زیر نظر کتاب میں فتوی سیکھنے ،دینے اور اس سے متعلق دیگر امور کو بیان کیا گیا ہے، جس میں مفتی کے لیے ضروری ہدایات، فتوی نویسی کے آداب ، کتب مذہب کی درجہ بندی اور ان کا تعارف، مفتی بہ اور راجح قول کی تعیین کے اصول وضوابط ، عرف وعادت، آداب افتاء، آداب استفتاء اور فتوی سے متعلق دیگر امور کو مدلل انداز واسلوب میں بیان کیا گیا ہے، کتاب کا مطالعہ علماء، خصوصاً فقہ وفتوی سے وابستہ حضرات کے لیے مفید ومعاون ثابت ہو گا۔ کتاب میں زبان وبیان اور تعبیرات کے حوالے سے تسامحات موجود ہیں، جن کی اصلاح کر لینی چاہیے۔

کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔