تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
تلخیص البیان في فہم القرآن
تالیف: مولانا محمد زاہد انور
صفحات:1232 سائز:20×30=8
ناشر: نفیس قرآن کمپنی،5 لوئر مال بیسمنٹ، مکہ سینٹر، اردو بازار، لاہور
زیر نظر کتاب قرآن مجید کی مختصر تفسیر ہے، جس میں ترجمہ حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمة الله علیہ کا شامل کیا گیا ہے اور ہر آیت کا نمبر دے کر اس کے مفہوم کا خلاصہ ذکر کیا گیا ہے، نیز ہر صورت کی ابتداء میں اس کے مضامین کا خلاصہ اور اس سے حاصل نتائج کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ تفسیر کی ابتداء میں قرآن مجید کی آیات کو کتب وابواب کے عنوان قائم کرکے مضامین کے اعتبار سے مرتب کیا گیا ہے۔ مثلاً کتاب العقائد، باب التوحید کے تحت توحید سے متعلق آیات کو پارہ، سورة اور آیت نمبر لگا کر ذکر کیا گیا ہے۔ قرآن مجید کا ترجمہ سلیس، رواں اور عام فہم ہے اور خلاصہ مفہوم آیات کے تحت جن امور کی نشان دہی کی گئی ہے وہ بھی نہایت قیمتی اور وقیع ہیں۔ الله تعالیٰ اس کا وش کو مقبول ونافع بنائے، اسے امت کی راہ نمائی اور قرآن مجید کے ساتھ شغف اور اس سے استفادہ کا ذریعہ بنائے۔قرآن مجید کا یہ ترجمہ اور مختصر تفسیر عمدہ کاغذ وطباعت میں شائع کی گئی ہے۔
خطبات تحفظ ختم نبوت
مرتب: مولانا محمد رضوان قاسمی
صفحات: جلد اول :238، جلددوم:256 سائز:23×36=16
ناشر: مکتبہ فیض القرآن، سیکٹرB، منظور کالونی، کراچی
جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ زیر نظر کتاب میں تحفظ ختم نبوت کے موضوع سے متعلق مختلف علماء، خطبا اور بزرگوں کے بیانات کو قلم بند کرکے کتابی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ جلد اوّل میں درج ذیل سولہ بیانات مرتب کیے گئے ہیں: فتنہ قادیانیت اور علمائے کرام کی ذمہ داری، مقام نبوت، تحفظ ختم نبوت ہر طبقے کی ذمہ داری ہے، حکومتی قادیانیت نوازی، تحریک ختم نبوت 1974ء، قانون ناموس رسالت اور آسیہ مسیح، تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علمائے اسلام، جنگ یمامہ: حالات وواقعات، دور حاضر کا سب سے بڑا فتنہ، خدام ختم نبوت سے مثالی محبت، استاذ جی مولانا عبدالمجید لدھیانوی، قادیانی سازشیں، میرے اکابر، تحفظ ختم نبوت او رہماری ذمہ داری، حضور صلی الله علیہ وسلم سے محبت ہو تو ایسی، عقیدہ حیات عیسی علیہ السلام۔
جلد دوم اکیس بیانات پر مشتمل ہے، جن کے عنوانات درج ذیل ہیں، اکابرین ختم نبوت، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے دست وبازو بنیں، مدعیان نبوت کا تعاقب، قادیانیوں کا طریقہ واردات، عشق رسول اور ہماری ذمہ داری، فتنوں کو کیسے پہچانیں؟ قادیانیت کے تعاقب میں ہمارا کردار، مدعیان نبوت کا تعارف، حفاظت ایمان کی مجالس، عقیدہ ختم نبوت قرآن وحدیث کی روشنی میں، پارلیمنٹ میں تحفظ ختم نبوت، ہر قیمت پر اس عقیدہ کا تحفظ کرنا ہو گا، تحفظ ختم نبوت کے اہم پہلو، انگریز کا خود کاشتہ پودا، تحفظ ختم نبوت کی اہمیت وفضیلت، سعادت مند لوگ، تحریکوں کی کام یابی، فتنہ قادیانیت کو سمجھیں، مقام نبوت اور مرزا قادیانی، قادیانیوں کا معاشی ومعاشرتی بائیکاٹ، عقیدہ حیات سیدنا عیسی علیہ السلام۔
کتاب میں تحفظ ختم نبوت کے موضوع سے متعلق قیمتی او راہم مواد کو جمع کرکے محفوظ کرلیا گیا ہے۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت وقیع اور قیمتی تالیف سے۔ الله تعالیٰ مرتب کی اس کاوش کو اپنے بارگاہ میں قبولیت عطا فرمائے اور اسے مفید ونافع بنائے۔ آمین!
بزرگوں کے خطوط(حصہ اوّل)
مرتب: ڈاکٹر محمد عبدالشکور عظیم
صفحات:272 سائز:23×36=16
ناشر:مسجد الفرقان، ملیر کینٹ، کراچی
ڈاکٹر محمد عبدالشکور عظیم صاحب سنانواں، کوٹ ادو کے رہنے والے ہیں، ان کی ہمارے بعض اکابر اور بزرگوں سے خط وکتابت رہی ہے، زیر نظر کتاب میں ان خطوط کے عکس شائع کیے گئے ہیں اور یہ اس کا حصہ اوّل ہے، جس میں استاذ المحدثین شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان نوّرالله مرقدہ، مولانا محمد یوسف مجاہد الحسینی رحمة الله علیہ اور مولانا ڈاکٹر فیوض الرحمن صاحب مدظلہ کے خطوط شامل اشاعت ہیں، جو ان حضرات نے ڈاکٹر عبدالشکور عظیم صاحب کے نام تحریر فرمائے ہیں۔
ہر شخصیت کے خطوط کی ابتداء میں اس کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ ان خطوط میں اصلاح احوال کے حوالے سے کئی امور کی طرف راہ نمائی کی گئی ہے، یہ ایک اچھی اور عمدہ کاوش ہے، جو امت کے سامنے پیش کی گئی ہے، الله تعالیٰ اس کاوش کو قبولیت عطا فرمائے اور اسے امت کے لیے اصلاح احوال اور راہ نمائی کا ذریعہ بنائے۔
کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔
تذکرہ مشائخ جامعہ ابوہریرہ
زیر نظر کتابچے میں مولانا عبدالقیوم حقانی کے قائم کردہ ادارے جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ کے اساتذہٴ حدیث کا مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے، یہ تعارف دورہٴ حدیث میں شریک طالب علم محمد دانیال کلاچوی نے مرتب کیا ہے، رسالے کے آخر میں گزشتہ سال یعنی1443ھ کے فضلا کے اسماء اور ایڈریس بھی تحریر کیے گئے ہیں، رسالے پر مولانا عبدالقیوم حقانی نے تقریظ بھی تحریر فرمائی ہے۔
یہ رسالہ64 صفحات پر مشتمل ہے اور القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ سے شائع کیا گیا ہے۔
صدائے اسلام میلسی
یہ دو ماہی رسالہ ہے جو ادارہ دارالقرآن، جلہ جیم، میلسی، وہاڑی سے شائع ہوتا ہے۔ اس کے مدیر او رمرتب مولانا محمد سلیم جلوی ہیں۔ یہ اس رسالے کا”خدمت خلق نمبر“ ہے، جس میں خدمت خلق کی اہمیت وفضیلت کے موضوع پر مختلف عنوانات قائم کرکے تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔56 صفحات کا یہ رسالہ درمیانے کاغذ وطباعت میں شائع کیا گیا ہے۔ ملنے کا پتہ ہے: ادارہ دارالقرآن، نزد مسجد حمزہ، جلہ جیم، میلسی، وہاڑی۔