مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

آسان اصول فقہ
یہ رسالہ ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا خالد سیف الله رحمانی مدظلہ کا تالیف کردہ ہے، اس میں اصول فقہ کے قواعد وضوابط اور اصول کو جامع انداز اور آسان پیرائے میں اردو زبان میں پیش کیا گیا ہے، اس میں اصول فقہ کے عمومی اور اکثر مباحث بمع مثالوں کے آگئے ہیں اور ہر بحث کے آخر مین تمرینی سوالات بھی دیے گئے ہیں۔ رسالے کے تحریر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ درس نظامی میں شامل اصول فقہ کی پہلی کتاب ”اصول شاشی“ سے پہلے یہ کتاب طلبہ کو پڑھا دی جائے، تاکہ وہ اپنی مادری یا قومی زبان میں اصول فقہ کے مباحث کو سمجھ لیں اور پھر عربی زبان کی اس فن کی کتابوں سے کماحقہ مستفید ہوسکیں اور اصول فقہ کے مباحث آسانی سے سمجھ سکیں، اس لیے اس کی ترتیب وتالیف اور اصول فقہ کے قواعد کے انتخاب میں مبتدی طلبہ کے اذہان کی رعایت رکھی گئی ہے کہ وہ ان قواعد او رمباحث کو سہولت کے ساتھ پڑھ لیں اور سمجھ سکیں۔

یہ رسالہ سو صفحات پر مشتمل ہے اور عمدہ کاغذ وطباعت میں خوب صورت کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ ناشر کا پتہ درج ذیل ہے: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد، اردو بازار کراچی۔

آسان اصول حدیث
یہ رسالہ بھی مولانا خالد سیف رحمانی مدظلہ کی تالیف ہے، جس میں اصول حدیث کے قواعد وضوابط او رمباحث کو اردو زبان میں آسان وسہل اسلوب میں پیش کیا گیا ہے، تاکہ علوم حدیث کے طلبہ حافظ ابن حجر رحمة الله علیہ کی شرح نخبة الفکر سے پہلے اس رسالے کو پڑھ کر علوم حدیث سے مناسبت حاصل کر لیں اور اس کے اہم اور ضروری مباحث کو اردو زبان میں آسانی سے سمجھ لیں ۔ہر بحث کے آخر میں تمرین کے لیے سوالات بھی دیے گئے ہیں۔ یہ کتاب ایک عمدہ اور قابل قدر کاوش ہے اور علوم حدیث کے طلبہ کے لیے ایک قیمتی سوغات ہے۔ رسالے کے صفحات 84 ہیں اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ معیاری کاغذ وطباعت میں شائع کیا گیا ہے۔ ناشر کا پتہ درج ذیل ہے:زمزم پبلشرز، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی

لطائف معراج النبی صلی الله علیہ وسلم
افادات: علامہ ڈاکٹر خالد محمود مرتب: حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات:231 سائز:23×36=16
ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر، برطانیہ

زیر نظر کتاب میں مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب رحمة الله علیہ کے اسراء ومعراج سے متعلق آٹھ بیانات کو قلم بند کرکے شائع کیا گیا ہے۔ ان بیانات کی ترتیب ، تلخیص اورتسہیل کا کام حافظ محمد اقبال رنگونی نے انجام دیا ہے۔ بیانات کے عنوانات درج ذیل ہیں: معراج حضو راکرم صلی الله علیہ وسلم کی عالم گیر نبوت او ربنو اسماعیل کی سیادت وقیادت کا بڑا عنوان ہے، خاتم النبیین صلی الله علیہ وسلم کے جمیع کائنات کے رسول اور امام ہونے کا اعلان، خاتم النبیین حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم کی رسالت آفاقی اور دعوت عالم گیر ہے، معراج سے متعلق چند شبہات اور ان کے جوابات، خاتم النبیین رحمة للعالمین صلی ا لله علیہ وسلم کے دو عظیم معجزے، مسجد اقصی کو واپس لانا مسلمانوں کی ذمہ دار ی ہے، سفر معراج میں خدا کی قدرت کے نشان، نجات اخروی خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی صلی الله علیہ وسلم پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع میں منحصر ہے۔

کتاب کی ابتداء میں مرتب کی جانب سے معراج سے متعلق ایک مضمون بھی شامل ہے، جو باحوالہ اور تفصیلی ہے اور کتاب کے نصف حجم سے زائد ہے۔

اس طرح اس کتاب میں اسراء ومعراج سے متعلق کافی مواد جمع ہو گیا ہے۔جس میں نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے اس عظیم معجزے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔