تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی حیات وخدمات
مرتب: مولانا محمد اکبر شاہ بخاری
صفحات:735 سائز:20×30=8
ناشر: مکتبہ رحمانیہ، اقرأ سنٹر، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور
شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی رحمة الله علیہ علم وعمل او رتقوی وطہارت کے اعتبار سے بہت بلند مقام کے حامل انسان تھے۔ الله تعالیٰ نے آپ سے دین اسلام کی خدمت کا عظیم الشان کام لیا ہے، آپ کے علمی کارناموں میں قرآن مجید کی تفسیر اور صحیح مسلم کی شرح ”فتح الملہم“ بہت نمایاں ہیں۔ مملکت خدادا پاکستان کی آزادی کی جدوجہد میں بھی آپ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بہت نمایاں خدمات انجام دیں، مغربی پاکستان میں آزادی کے بعد سب سے پہلے پرچم کشائی آپ کے مبارک ہاتھوں سے کرائی گئی۔ علامہ شبیر احمد عثمانی رحمة الله علیہ کی حیات وخدمات پر کام کے حوالے سے کئی تصانیف منظر عام پر آئیں ہیں، پروفیسر انوارالحسن شیرکوٹی رحمة الله علیہ نے اس حوالے سے بہت محنت وسعی کی ہے اور تجلیات عثمانی، حیات عثمانی، خطبات عثمانی اور انوار عثمانی کے نام سے چار کتابیں منظر عام پر لائی ہیں، نیز اکابر اورمشاہیر علم ودانش نے بھی مضامین ومقالات کی صورت میں علامہ شبیر احمد عثمانی کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مولانا محمد اکبر شاہ بخاری مدظلہ نے علامہ شبیر احمد عثمانی رحمة الله علیہ کی حیات وخدمات اور علمی، ملی اور سیاسی کارموں پر لکھی گئی مختلف تحریروں سے استفادہ کر کے یہ کتاب تیار کی ہے۔ کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں حیات وخدمات اور علمی وملی کارناموں کو بیان کیا گیا ہے، جب کہ دوسرے حصے میں اہل علم کے مضامین ومقالات مرتب کیے گئے ہیں۔ مولانا محمد اکبر شاہ بخاری رحمة الله علیہ کو ا لله تعالیٰ نے اکابر علمائے دیوبند کی محبت وعقیدت اور ان کے کارناموں کو اجاگر کرنے کا خاص ذوق عطا فرمایا ہے، یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ الله تعالیٰ ان کی اس کاوش کو بھی شرف قبولیت عطا فرمائے۔
یہ کتاب درمیانے کاغذ اور مضبوط جلد بندی کے ساتھ سلیقے سے شائع کی گئی ہے۔
نقوش اسلام
تالیف: مولانا زبیر احمد صدیقی
صفحات:640 سائز:20×30=8
ناشر: جامعہ فاروقیہ، شجاع آباد، ملتان، پاکستان
مولانا زبیر احمد صدیقی مدظلہ کو الله تعالیٰ نے تحریر وتقریر دونوں کا ملکہ عطا فرمایا ہے، زیر نظر کتاب میں ان کے بعض مضامین ومقالات کو مرتب کرکے کتابی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضامین اس سے پہلے ماہنامہ ”صدائے فاروقیہ شجاع آباد“ اور مختلف اخبارات ورسائل میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ اس مجموعہ کو تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے ، باب اول سیرت ومتعلقات کے عنوان سے ہے، جس میں سیرت النبی، آثار نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم، عظمت صحابہ کرام، عظمت اہل بیت اور بعض مقدس مقامات سے متعلق مضامین شامل کیے گئے ہیں، دوسرا باب اعمال واخلاق کے عنوان سے ہے، جس میں حالات حاضرہ کی رعایت رکھتے ہوئے مختلف اصلاحی عنوانات پر لکھے گئے مضامین شامل کیے گئے ہیں، تیسرا باب بحث ونظر کے عنوان سے ہے اور یہ بھی مختلف معاشرتی موضوعات پر اصلاحی مضامین کا مجموعہ ہے۔
یہ مضامین اہم عنوانات کا انتخاب کرکے سلیس، رواں اور خوب صورت انداز واسلوب میں لکھے گئے ہیں، جو اپنے اندر علمی متانت ووقار کے ساتھ کشش اور جاذبیت کا سامان رکھتے ہیں ۔الله تعالیٰ اس مجموعے کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور امت کو اس سے مستفید ہونے کی توفیق عنایت فرمائے۔
کتاب کا ورق اعلیٰ اور طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔
سنت کا تشریعی مقام قرآن عظیم کی روشنی میں
تالیف: مولانا محمد ادریس میرٹھی
صفحات:326 سائز:20×30=8
ناشر:23/3، اے بگ پلاٹ، شاہ فیصل کالونی، کراچی
یہ کتاب جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے سابق استاذ حدیث، شعبہ تخصص فی الحدیث کے سابق نگران اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سابق ناظم اعلیٰ و سابق صدر حضرت مولانا محمد ادریس میرٹھی رحمة الله علیہ کی تصنیف ہے، جس میں حدیث کے حجت ہونے پر مثبت انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے، اولاً حدیث کیحجیت سے متعلق دس آیات کا انتخاب کرکے ہر ایک آیت پر مقالہ لکھا گیا اور یہ مقالات ماہنامہ ”بینات“ میں قسط وار شائع ہوتے رہے، پھر ان مقالات کو مذکورہ بالا نام سے کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔ یہ کتاب تین ابواب پر مشتمل ہے، باب اول میں لفظ سنت کی تحقیق اوراستعمال، باب دوم میں سنت کا مصداق قرآن حکیم میں او رباب سوم میں ”وحی“ کے موضوع پر تفصیلی گفت گو کی گئی ہے۔
جس وقت یہ کتاب لکھی گئی تھی اس وقت انکار حدیث کا فتنوں زوروں پر تھا،جب کہ اس کی تردید میں اہل حق کی طرف سے مختلف کاوشیں منظر عام آرہی تھیں، جو منکرین حدیث کے اعتراضات واشکالات کا جواب تھیں، جب کہ مؤلف نے اس کتاب میں منکرین حدیث کے اعتراضات سے قطع نظر قرآنی آیات کی روشنی میں حدیث کے حجت ہونے کو بیان کیا ہے۔ کتاب پر محدث عصر حضرت مولانا محمدیوسف بنوری کی کا پیش بھی ہے ، جس میں حدیث کے حجت ہونے پر نہایت پُرمغز گفت گو کی گئی ہے اور مؤلف کی اس کاوش کو سراہا گیا ہے۔کتاب کا زیر نظر ایڈیشن مولانا محمد امیر علوی میرٹھی مدظلہ کی تخریج وتحقیق کے ساتھ شائع ہوا ہے، یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت وقیع، عمدہ اورقابل قدر علمی کاوش ہے۔ اہل علم کو ضرور اس کا مطالعہ کرنا چاہیے، کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔