تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
فقہی اصطلاحات کا انسا ئیکلوپیڈیا
تالیف: مولانا سید عبدالرشید بن مقصود ہاشمی
صفحات:422 سائز:23×36=16
ناشر: مکتبہ زکریا، کراچی
جیسا کہ کتاب کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں فقہی اصطلاحات کو جمع کیا گیا ہے، اولاً مولانا خالد سیف الله رحمانی صاحب مدظلہ کی معروف کتاب”قاموس الفقہ“ سے فقہی اصطلاحات منتخبکی گئی ہیں اور پھر اصطلاحات فقہ کی دیگر کتابوں سے اس موضوع سے متعلق مزید موادجمع کرکے حروف تہجی کی ترتیب پر مرتب کیا گیا ہے، ابتداء ہمزہ وصلی سے ہے اور پھر اس کے بعد وہ کلمات مذکور ہیں جن کی ابتدا ہمزہ قطعی سے ہے اور پھر دیگر حروف سے شروع ہونے کلمات کی تعریفات بیان کی گئی ہیں، اس میں مادہ کا لحاظ کیے بغیر لفظ اور صیغہ کی موجودہ صورت کو پیش نظر رکھ ترتیب دی گئی ہے۔
یہ کتاب ایک اچھی اور مفید کاوش ہے اور علماء وطلبا کے لیے فقہی اصطلاحات کی تفہیم میں معاون ثابت ہوگی۔
کتاب پر ناشر کا پتہ ناقص درج ہے، البتہ درج ذیل فون نمبر دیے گئے ہیں:0333-3413383, 0301-0212676
کتاب کا کاغذدرمیانہ ہے اور مضبوط جلد بندی کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔
سہ ماہی البیان پشاور
مدیر: محمد طفیل کوہاٹی
صفحات:40 سائز:23×36=16
ناشر: ندوة التحقیق الاسلامی، بہادر آباد، کوہاٹ
حضرت مولانا محمد اشرف سلیمانی رحمة الله علیہ نے 1981ء میں ”سلیمان اکیڈمی“ کے نام سے ایک تصنیفی وتحقیقی ادارے کی پشاور میں بنیاد رکھی او راس کی نسبت انہوں نے اپنے مرشد حضرت مولانا سید سلیمان ندوی رحمة الله علیہ کی طرف کی، جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کا فروغ، مستشرقین اورمغرب کے زہر آلود افکار سے متاثر شخصیات کی بے سروپا تحقیقات کا رد اور ظاہر وباطن کی اصلاح کے لیے اُمت کے مختلف طبقوں کی راہ نمائی دینی لٹریچر اور اسلاف کے افکار اور کتب وتالیفات کی اشاعت کی صورت میں پیش نظر تھی، اسی مقصد کے لیے اکیڈمی سے” البیان“ کے نام سے ایک ماہنامے کا اجراء بھی کیا گیا ہے اور یہ ماہنامہ تین سال تک مسلسل شائع ہوتا رہا، بعد ازاں وسائل کی کم یابی کی وجہ سے اس کی اشاعت نہ ہوسکی، پینتیس سال کے طویل عرصے کے بعد مولانا محمد طفیل کوہاٹی نے اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے ”سہ ماہی البیان“ کا دوبار اجراء کیا ہے ، اس وقت پیش نظر اس کا پہلا شمار ہے اور یہ شمارہ محرم، صفر، ربیع الاول1443ھ کا ہے، جو درج ذیل مضامین پر مشتمل ہے: مغربیت اور قادیانیت کے تمدنی آثار، ندوة التحقیق الاسلامی: سلیمان اکیڈمی کا تسلسل، فطرت لہو ترنگ ہے غافل! نہ جلترنگ، درباررسالت میں حبر الامت کے استفسارات کا تجزباتی مطالعہ، شیخ عبدالحق محدث دہلوی، شخصیت، امتیازات اور علمی خدمات ایک معروضی وتحقیقی جائزہ، قرآن کریم کی طب سے متعلق آیات کا عصری تناظر میں مطالعہ، نوجوان علما اور اکیسویں صدی میں اسلام کا مقدمہ، افغانستان، جدید تہذیب، ملت اسلامیہ اور مستقبل کی صورت گری، دامن چرخ سے ایک اورستارہ ٹوٹا، مکتوب مولانا عبدالماجد دریا بادی۔
رسالے کے مضامین اہم موضوعات پر مشتمل ہیں اور سلیس ، متین اورسنجیدہ انداز واسلوب میں تحریر کیے گئے ہیں، فکری ونظریاتی راہ نمائی کے لیے یہ رسالہ اہم اورمفید ہے، تاہم ضرورت اس کی ہے کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اسے تسلسل کے ساتھ شائع کیا جائے۔
رسالے کے مدیر مولانا محمد طفیل کوہاٹی ہیں، جو اس سے پہلے ”المظاہر“ کے نام سے سہ ماہی رسالہ شائع کرتے رہے ہیں۔
110 صفحات کا یہ رسالہ ندوة التحقیق الاسلامی کوہاٹ سے شائع کیا گیا ہے۔ رابطے کے لیے درج ذیل پتہ اور فون نمبر درج ہے۔ ندوة التحقیق الاسلامی بہادرکوٹ، کوہاٹ۔0334-1947367
مقام اہل بیت کرام رضوان الله علیہم اجمعین
افادات: ڈاکٹر علامہ خالد محمود
ترتیب: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات:155 سائز:23×36=16
ناشر: محمود پبلی کیشنز(اسلامک ٹرسٹ)LG-20، ہادیہ حلیمہ سینٹر، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔
زیر نظر کتاب میں اہل بیت کرام رضوان الله علیہم اجمعین کی محبت وعقیدت کے موضوع پر علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب رحمة الله علیہ کے ایک خطاب کو ان کی نظرثانی اور ترمیم واضافے کے بعد شائع کیا گیا ہے اور اسی موضوع سے متعلق حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب کے بعض مضامین بھی اس میں شامل کیے گئے ہیں، نیز کتاب کی ابتداء میں حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمة الله علیہ کی ایک مختصر تحریر بھی شامل اشاعت ہے۔ اس طرح یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک جامع او رمفید مجموعہ بن گئی ہے، اس میں اہل بیت کی محبت وعقیدت، مقام ومرتبہ، اہل بیت رسول کا مصداق، اہل سنت والجماعت کے ہاں ان کی حرمت وعظمت وغیرہ موضوعات پر قرآن وسنت اور اسلاف امت کے افادات کی روشنی میں مدلل گفت گو کی گئی ہے۔ حافظ محمد اقبال رنگونی نے صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کے مقام ومرتبے کونمایاں اور عام کرنے کے لیے اس سے پہلے بھی کئی کتابیں تالیف کی ہیں اور زیر نظر کتاب بھی ان کی مرتب کردہ ہے۔ الله تعالیٰ اسے امت کے لیے مفید ونافع بنائے۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت درمیانے درجے کی ہے۔