تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
تقاضائے ایمان درمناقب سیدنا معاویة بن ابی سفیان ؓ
تالیف: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات:304 سائز:23×36=16
ناشر: ادارہ اشاعت اسلام، مانچسٹر، برطانیہ
زیر نظر کتاب میں صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین خصوصاً حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ کے فضائل ومناقب اور مقام ومرتبے کو اجاگر کیا گیا ہے، سب سے پہلے مقام صحابیت اور اسلام میں صحابہ کرام کی دینی شرافت پر گفت گو کی گئی ہے، پھر حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ کا تعارف ذکر کرکے درج ذیل عنوانات پر گفت گو کی گئی ہے، حضرت امیر معاویہ کا صحابی رسول ہونا، خدا کے حکم سے آپ کا کاتب وحی ہونا، حضرت معاویہ رسالت مآب کی نگاہ میں، حضرت معاویہ صحابہ کرام کی نظر میں، حضرت معاویہ سلف صالحین اور اکابر امت کی نظر میں، حضرت معاویہ رضی الله عنہ کا دینی مقام ومرتبہ،حضرت معاویہ کے کارنامے، حضرت امیر معاویہ شیعہ مؤرخین کی نظر میں، حضرت امیر معاویہ سے مروی احادیث کی تعداد، آپ سے روایت حدیث کرنے والے اجلہ صحابہ، آپ سے روایت کرنے والے اجلہ تابعین، کیا شیعہ شرف صحابیت کے قائل ہیں؟ وغیرہ
یہ کتاب درحقیقت سوشل میڈیا پرصحابہ کرام خصوصاً حضرت معاویہ رضی الله عنہ کے خلاف دشمنان صحابہ کی طرف سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کا جواب ہے، تاکہ آج کا نوجوان طبقہ جو سوشل میڈیا کی تباہ کاریوں میں مبتلا ہے، اس فتنے سے بچ سکے۔ یہ کتاب متوسط کاغذ پر مضبوط جلد بندی اور خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔
تسہیل بہشتی گوہر مع خلاصہ سیرت رسول
تالیف: مولاناحسین اسماعیل
صفحات:139 سائز:23×36=16
ناشر: المحترف کتابیات، احمد پور شرقیہ، بہاولپور
کتاب کے عنوان سے اس کا موضوع واضح ہے کہ اس میں متوسطہ سوم کے نصاب میں داخل حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمة الله علیہ کی معروف کتاب” بہشتی گوہر“ کی تسہیل کی گئی ہے جس میں ہر مسئلے کو سوال وجواب کے انداز میں تحریر کیا گیا ہے او رعبارت آسان او رممکن حد تک مختصر کر دی گئی ہے۔ نیز آخر میں سیرت رسول کا خلاصہ بھی شامل کیا گیا ہے، اس طرح اس کتاب میں متوسطہ سوم کے نصاب میں شامل دو کتابوں کے خلاصے کو طلبہ کی سہولت وآسانی کے لیے یکجا پیش کر دیا گیا ہے، تاکہ عزیز طلبہ سہولت سے ان سے استفادہ کر سکیں۔
یہ کتاب متوسط کاغذ پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔
آسان جزاء الاعمال
تالیف: حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی
صفحات:148 سائز:23×36=16
ناشر: مکتبہ زکریا، کراچی
”جزاء الاعمال“ حضرت تھانوی رحمة الله علیہ کی معروف تالیف ہے، جس میں اچھے اور برے اعمال کی تاثیر او ران کے فوائدو نقصانات کو بیان کیا گیا ہے، یہ کتاب ایک مقدمہ، چار ابواب او رخاتمہ پر مشتمل ہے۔
مقدمہ میں اس بات کا بیان ہے کہ اعمال کا جزاء اور سزا میں داخل ہے اور وہ اس میں مؤثر ہیں۔ پہلے باب میں اس بات کا بیان ہے کہ گناہوں سے دنیا میں کیا نقصان ہوتے ہیں۔ دوسرے باب اس بات کا بیان میں ہے کہ نیک اعمال سے دنیا میں کیا کیا فائدے ملتے ہیں۔ تیسرے باب میں اس بات کا بیان ہے کہ برے اعمال اور آخرت کی سزا میں کتنا قوی اور مضبوط تعلق ہے۔ چوتھے باب میں اس بات کا بیان ہے کہ طاعت او رنیک اعمال اور آخرت کی نعمتوں میں کتنا گہرا اور مضبوط تعلق ہے۔ خاتمے میں اس بات کا بیان ہے کہ کون سے خاص اعمال صالحہ بہت زیادہ مفید ہیں اور کون سے خاص بُرے اعمال بہت زیادہ نقصان دہ ہیں، جب کہ آخر میں بعض شبہات کے شافی جوابات دیے گئے ہیں۔
یہ کتاب اگرچہ عوام کے لیے تالیف کی گئی ہے لیکن عوام وخواص سب کے لیے مفید ہے۔ مولانا سید عبدالرشید بن مقصود ہاشمی نے اس کی تسہیل کی ہے او راس کا نام ”آسان جزاء الاعمال“ رکھا ہے۔ الله تعالیٰ اس کاوش کو مقبول ونافع بنائے۔
کتاب میں ناشر کا پتہ ناقص ہے، آئندہ مکمل ایڈریس درج کر دیا جائے تاکہ کتاب خریدنے والوں کے لیے آسانی ہو۔
یہ کتاب خوب صورت کارڈ ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔
ہدایت کیا ہے؟
تالیف: مفتی منیر احمد
صفحات:144
ناشر: المنیر مرکز تعلیم وتربیت، فاؤنڈیشن، کراچی
زیر نظر کتاب تین ابواب پر مشتمل ہے، باب اول میں قرآنی آیات کی روشنی میں ہدایت کی قسمیں، ہدایت کی شکلیں اور ہدایت کے فوائد وثمرات کا ذکر ہے، دوسرے باب میں ہدایت کے تین اسباب کا ذکر ہے، جب کہ تیسرے باب میں گم راہی کے پانچ اسباب بیان کیے گئے ہیں۔ اوریہ تمام امور قرآنی آیات کی روشنی میں ذکر کیے گئے ہیں۔ یہ فہم قرآن کے سلسلے کی دوسری کڑی ہے، جسے جامعہ معہد العلوم الاسلامیہ نارتھ ناظم آباد کراچی کے استاذ حدیث مفتی منیر احمد صاحب نے مرتب کیا ہے۔ یہ ایک عمدہ کاوش ہے او راصلاح احوال کے لیے مفید ہے۔ کتاب کا ورق عمدہ ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔
کتاب میں ناشر کا پتہ ناقص ہے، البتہ ملنے کا پتہ یہ درج کیا گیا ہے: جامعہ معہد العلوم الاسلامیہ، متصل جامع مسجد الفلاح، بلاک”H“ شمالی ناظم آباد، کراچی ۔