حضور اکرم صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کاایک حق ہے، آپ کی توقیر و تعظیم ، ادب بجالانا۔ دوسرا حق ہے محبت اور عشق، تیسرا حق ہے آپ کی اطاعت ، آپ کی فرماں برداری ، توقیر اور تعظیم کا مقصد بھی آپ کی اطاعت ہوتا ہے ،آپ کی محبت اور تعلق کا بھی یہی تقاضا ہے کہ حضور اکرم ا کی اتباع اور پیروی کی جائے، قرآن میں ہے کہ ﴿ أَطِیْعُواْ اللّہَ وَأَطِیْعُواْ الرَّسُولَ﴾
اور ایک دوسری جگہ ہے:﴿وَمَا أَرْسَلْنَا مِن رَّسُولٍ إِلاَّ لِیُطَاعَ بِإِذْنِ اللّہ﴾
․
ایک مشہور مصرعہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ ”بعد ازخدا بزرگ توئی قصہ مختصر“۔ اسی کے ساتھ یہ بھی ملا لیجیے بعد از خدا مطا ع توئی قصہ مختصر ۔ جیسے اللہ کے بعد آپ صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم بزرگ ہیں، ایسے ہی اللہ کے بعد آپ مطاع ہیں، آپ کی اطاعت کی جائے گی ، صحابہ کرام رضوان الله تعالیٰ علیہم اجمعین کو نبی پاک صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کی معیّت حاصل تھی، جو بڑی سعادت کی بات تھی، نبی اکرم صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کی خدمتِ با برکت کی حاضری کوئی معمولی بات نہیں، ان کو یہ پریشانی اور یہ فکر تھی کہ یہاں تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے یہ نعمت ِبے بہا عطا فرمائی ہے کہ حضور اکرم صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کی صحبت نصیب ہے، معلوم نہیں آخرت میں کیا ہوگا؟ آپ کی صحبت حاصل ہوسکے گی کہ نہیں ؟ آپ کامقام بلند ، آپ کے درجات عالی، آپ جنت کے جن بالا خانوں میں تشریف فرما ہوں گے، کیا وہاں ہماری رسائی ہوگی ؟
صحابہ کرام رضی الله عنہم نے حضور پاک ا سے یہ سوال کیا تو آپ ا نے ارشاد فرمایاکہ : ”المرء مع من احب ․“(جامع الترمذی:2/62)
حضرت انس رضی الله تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ مجھے چوں کہ حضور اکرم صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم سے محبت ہے ۔ آپ کے اس ارشاد سے معلوم ہوا کہ میں تو آپ کے ساتھ ہوں گا تو میری خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ ہمارے لیے حضور پاک صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کی اطاعت، آپ کی محبت اور آپ کی تعظیم اور توقیر بجالانے کا یہ کتنا عظیم نتیجہ ہے کہ گو ہم یہاں آپ کی معیت ا ور آپ کی صحبت سے محروم ہیں، لیکن آخرت میں اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کی صحبت نصیب فرمائیں گے ،” المرء مع من احب “ یہ صحابہ کرام کے لیے مخصوص نہیں ہے ،لیکن دوستو ! اس میں جہاں یہ خوش خبری ہے وہیں ایک بہت بڑی وعید بھی ہے اور وہ یہ کہ اگر خدانخواستہ فسّاق ، فجار اور کفار کے ساتھ محبت ہوئی تو ہم انہی کے ساتھ ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اہل الله اور اہلِ دل اور نیک لوگوں کی معیت و صحبت نصیب فرمائیں اور رسول الله صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کی عظمت و محبت ہمارے دلوں میں پیدا فرمائیں۔ آمین!