لقطہ اور خمس کے احکام ومصارف کا بیان

Darul Ifta mix

لقطہ اور خمس کے احکام ومصارف کا بیان

سوال

مملوکہ زمین میں خزانہ اور دفینہ میں خمس واجب ہے یا نہیں؟ او راس کے مصارف بھی بیان کیجیے

جواب

لقطہ کی صورت میں اس کی تشہیر کرائی جائے گی تاکہ اس کے مالک تک پہنچایا جاسکے، اور ملتقط (پانے والا) جب ایک عرصہ تک اس کی تشہیر کر لے اور ظن غالب ہو جائے کہ اب صاحب ِ خزانہ ودفینہ اس کا مطالبہ نہ کرے گا، تو اس کو اختیار ہے، چاہے حفاظت سے اپنے پاس رکھے کہ جب بھی اس کا مالک آجائے گا اس کے حوالے کر دے گا، اور چاہے تو اس کو صدقہ کر دے بشرط ِ ضمان (کہ صدقہ کرنے کے بعد اگر اس کا مالک آگیا تو اس کے مطالبہ پر یہ اُس کو اِس مال کا ضمان ادا کرے گا)۔

اگر یہ شخص خود محتاج وضرورت مند ہے تو اپنی ضرورت واستعمال میں لے آئے، او راگر خود فقیر نہیں بلکہ غنی ومال دار ہے تو پھر خود استعمال میں نہیں لاسکتا، بلکہ دیگر مستحقین پر صدقہ کرے، چاہے وہ اجنبی ہوں یا اس کے والدین ہوں یا اولاد ہو یا زوجہ ہو، بشرطیکہ یہ لوگ فقراء ونادار ہوں۔

او راگر دوسری صورت ہو اور خمس نکالا گیا ہو، تو خمس کا مصرف یہ ہے کہ اسے یتامیٰ، مساکین، خصوصاً رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی آل (زادہم الله عزاً وشرفاً )میں ضرورت مندوں پر او رمسافروں پر خرچ کیا جائے گا۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی