وظیفہ پڑھنے کی اجازت لینے کا حکم

Darul Ifta mix

وظیفہ پڑھنے میں اجازت لینے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ جب کوئی وظیفہ پڑھا جاتا ہے یا کوئی عمل کیا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ اس کی اجازت ضروری ہے، اجازت کے بغیروظیفہ نہیں پڑھنا چاہیے۔ اسی طرح سے بہت سے لوگ کہتے ہیں فلاں وظیفہ مجھے کسی نے بخشا ہے اور اورادوظائف کی کتابوں میں سے وظائف ہیں اور یہ وظائف زیادہ تر قرآنی آیات، سورتوں،الله کے ناموں درود شریف وغیرہ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ ان میں اجازت کی کیا ضرورت ہے؟! وظیفہ کی اجازت یا وظیفہ کے بخشنے سے کیا مراد ہے او راس سلسلے میں علمائے دین کیا کہتے ہیں اور شریعت میں اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

اوراد ووظائف کے پڑھنے میں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے او رنہ اس کی تاثیرکسی کی اجازت پر موقوف ہے، البتہ اگر اجازت لی جائے تو اس سے برکات میں اضافہ ہو گا، حکیم الامت حضرت مولانااشرف علی تھانوی نوّرالله مرقدہ فرماتے ہیں: ”فائدہ کی دو قسمیں ہیں: ایک اجروثواب، دوسرے کیفیت باطنی، پس بلا اجازت پڑھنے سے اجر وثواب میں ذرہ برابر کمی نہیں ہوتی، البتہ کیفیت باطنی میں تفاوت ہوتا ہے۔ (امداد الفتاوی جدید، مسائل شتی، عنوان سوال : دلائل الخیرات پڑھنے پڑھانے میں اجازت کا دخل:356/10 زکریا بک ڈپو، انڈیا) فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی