قربانی کے جانوروں کی عمریں

Darul Ifta mix

قربانی کے جانوروں کی عمریں

سوال

قربانی کے جانور کی عمر کس قدر ہونی ضروری ہے بالخصوص بکرا، بکری اور بھیڑ کی، بعض حضرات کا کہنا ہے کہ بکرا، بکری اور بھیڑ کے دو دانت ہونا ضروری ہیں، عمر جس قدر بھی ہو۔ اگر دو دانت نہیں تو قربانی جائز نہیں۔ صحیح کیا ہے؟

جواب

واضح رہے کہ قربانی کے جانوروں میں سے اونٹ پانچ برس، گائے اور بھینس دو برس، بھیڑ اور بکری ایک برس کی ہونا ضروری ہے۔ اس سے کم عمر والے جانور کی قربانی جائز نہیں۔

البتہ دنبہ چھے ماہ کا اس قدر فربہ (موٹا تازہ) ہوکہ سال بھر کا معلوم ہو تو اس کی قربانی درست ہے۔

جہاں تک دو دانت ہونے کا تعلق ہے تو حضرات فقہاکرام نے عمر کا اعتبار کیا ہے اور دو دانت ہونے کو اس کی علامت قرار دیا ہے، یعنی سن رسیدہ ہو تو اس کی قربانی درست ہے اور دو دانت کی علامت ہو تو بہتر ہے۔ اور اگر دو دانت کی علامت نہ ہو، لیکن جانور سن رسیدہ ہو تو بھی اس کی قربانی درست ہے۔  فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی