عشرہ ذی الحجہ کے فضائل

عشرہ ذی الحجہ کے فضائل

آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے عشرہ  ذی الحجہ سے بہتر کوئی زمانہ نہیں، ان میں ایک دن کاروزہ ایک سال کے روزوں کے برابر اورایک رات میں عبادت کرنا شبِ قدر کے برابر ہے۔ (ترمذی وابن ماجہ)
قرآن مجید کی سورہ الفجر میں اللہ تعالیٰ نے دس راتوں کی قسم کھائی ہے،وہ راتیں جمہور کے قول کے مطابق یہی عشرہ ذی الحجہ کی راتیں ہیں،خصوصاً  نویں تاریخ یعنی عرفہ کا دن۔عرفہ اور عید کی درمیانی رات ان تمام ایام میں بھی خاص فضیلت رکھتے ہیں،عرفہ یعنی نویں ذوالحجہ کا روزہ رکھنا ،ایک سال گزشتہ اور ایک سال آئندہ کا کفارہ ہے اورعید کی رات میں بیدار رہ کر عبادت میں مشغول رہنا،بہت بڑی فضیلت اور ثواب کا موجب ہے۔فقط۔واللہ اعلم بالصواب۔
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی