عارضی مسجد (جائے نماز)میں جمعہ کی نمازپڑھنے کا حکم

عارضی مسجد(جائے نماز)میں جمعہ  کی نمازپڑھنے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مندرجہ ذیل  مسئلہ کے بارے میں کہ اسٹاک ایکسچینج میں نماز جمعہ ادا کرنا جائز ہے یا نہیں؟ جب کہ صورت حال یہ ہے کہ:

۱۔ یہاں نماز ایک مخصوص جگہ میں پڑھی جاتی ہے جو کہ جائے نماز ہے، لیکن مسجد نہیں ہے۔

۲۔اور یہاں پر فجر کی نماز اسی طرح عام تعطیلوں میں نمازیں باجماعت ادا نہیں کی جاتیں۔

۳۔ لیکن یہ بات ہے یہاں چار ہزار افراد ہوتے ہیں او رامام بھی مقرر ہے،نیزصورت مسئولہ میں اگر جمعہ جائز نہ ہو تو جمعہ کے دن ظہر کی نماز باجماعت ادا کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

یہاں نماز جمعہ اد ا کرنا جائز ہے، کیوں کہ جمعہ کے لیے مسجد کا ہونا کوئی شرط نہیں ہے، البتہ یہاں نماز پڑھنے والے مسجد کے ثواب سے محروم رہیں گے۔

''ولو صلی الجمعۃ فی قریۃ بغیر مسجد جامع والقریۃ کبیرۃ لھا قری وفیھا والحاکم.''(الحلبی الکبیر:٥٥١،سہیل اکیڈیمی)

''شَرْطُ أَدَائِہَا الْمِصْرُ أَوْ مُصَلَّاہُ وَالْحُکْمُ غَیْرُ مَقْصُورٍ عَلَی الْمُصَلَّی بَلْ یَجُوزُ فِی جَمِیعِ أَفْنِیَۃِ الْمِصْرِ.''(تبیین الحقائق، کتاب الصلاۃ، باب الصلاۃ جمعۃ، ١/٥٢٥، دارالکتب).فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی