شادی کا مسنون طریقہ

Darul Ifta mix

شادی کا مسنون طریقہ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام!
اسلام میں شادی کی کون سی رسم ہے؟ اسلام کے مطابق شادی کرنے کے لیے کیا چیزیں اختیار کی جائیں ؟

جواب 

اسلام کے مطابق شادی کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ مروجہ رسم ورواج اور فضول خرافات، مثلاً: نام ونمود اور برادری میں نام کمانے کی خاطر اپنی حیثیت سے زیادہ خرچ کرنا، پیسے کا بے جا اسراف اور شریعت میں غیر ثابت رسوم کے اہتمام میں پڑنا وغیرہ سے پرہیز کیا جائے۔

لہٰذا سادگی سے مسجد میں نکا ح کر دیا جائے ، زیادہ لمبا چوڑا مہر مقرر کرنے سے گریز کیا جائے کہ یہ خلافِ سنت ہے ،او راگر گنجائش ہو تو نکاح کے بعد مسجد کے تقدس کا لحاظ رکھتے ہوئے چھوارے تقسیم کر دیے جائیں ، پھر انتہائی سادگی سے لڑکی کو دولہا اور اس کے ساتھ موجود گھر کے دو، تین افراد کے ساتھ رخصت کر دیا جائے ، رخصتی کے لیے بڑی تعداد میں باراتیوں کے آنے کی ضرورت نہیں، بلکہ دو ، تین افراد ہی کافی ہیں او راپنی گنجائش کے موافق جو ضرورت اور کام کی چیزیں جہیز میں دینا منظور ہوں، وہ دوسروں کو دکھائے اور شہرت دیے بغیر لڑکے کے گھر بھیج دی جائیں، جہیز میں بے جا اسراف اور ضرورت سے زائد چیزوں میں پیسہ خرچ کرنے سے گریز کیا جائے ، البتہ ولیمہ سنت ہے ، بشرطیکہ خلوص نیت سے ہو اور بلاتکلف ہو ، فخر وریا کے ساتھ ولیمہ بھی جائز نہیں ہے، الله پاک سب مسلمانوں کو اس کی توفیق نصیب فرمائے۔
فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی